عمران خان نے حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کا عہدہ چھوڑنےکی ہدایت کردی
حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کا عہدہ چھوڑنےکی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ حفیظ شیخ کی جگہ حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا قلمدان دیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق حفیظ شیخ آج اپنے دفتر بھی نہیں آئے جب کہ ان کو ہٹانےکا نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کردیا جائےگا۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ معاشی پالیسیوں اور اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے حوالے سے کابینہ میں تحفظات پائے جاتے ہیں۔
شبلی فراز نے حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانےکی تصدیق کردی
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما سینیٹر شبلی فراز نے عبدالحفیظ شیخ کو وزیرخزانہ کے عہدے سے ہٹانے کی تصدیق کردی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عبدالحفیظ شیخ اب وزیرخزانہ نہیں رہے، و زیراعظم عمران خان نے نئی ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے فنانس کی نئی ٹیم تشکیل دی ہے۔
شبلی فرازکا کہنا تھا کہ ملکی حقائق کو مدنظر رکھ کرفیصلے کیے جاتے ہیں،حماد اظہر اب فنانس ٹیم کی سربراہی کریں گے، غریب لوگوں کو ریلیف دینا ہے، جب کوئی نیا بندا آتا ہے تو نئی سوچ کے ساتھ آتا ہے۔
بلاول نے حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانےکو پی ڈی ایم کی کامیابی قرار دیدیا
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے حفیظ شیخ کو وزیرخزانہ کے عہدے سے ہٹانے کو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کی کامیابی قرار دے دیا۔
ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہےکہ وزیرخزانہ کو عہدے سے ہٹانا پی ڈی ایم کی کامیابی ہے،حفیظ شیخ کو عہدے پر رہنےکے لیے سینیٹ الیکشن جیتنا ضروری تھا۔
بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہےکہ سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی شکست نے ان کا عہدے پر رہنا ناممکن بنایا۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اعتراف کرلیا کہ ناکام پالیسیوں سے افراط زر میں اضافہ ہوا ہے۔