جمعرات : 17 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]آسٹريليا کے کئی بڑے بينکوں کی انٹرنيٹ تک رسائی بند[/pullquote]

آسٹريليا کے کئی بڑے بينکوں اور متعدد امريکی ايئر لائنز کی انٹرنيٹ تک رسائی بيک وقت بند ہو گئی ہے۔ انٹرنيٹ کی ترسيل ميں خلل امکاناً امريکی ٹيکنالوجی کمپنی اکامی کی وجہ سے پڑی تاہم فی الحال يہ واضح نہيں ہے کہ نقص کی نوعيت کيا ہے۔ آسٹريليا کے سب سے بڑے بينک کامن ويلتھ بينک نے بتايا ہے کہ يہ بندش کئی بينکوں اور ان کے ذيلی اداروں اور سروسز کو متاثر کر رہی ہے۔ ’ڈاؤن ڈيٹيکٹر‘ کے مطابق يہ بندش بدھ اور جمعرات کی درميانی شب دو بج کر دس منٹ سے جاری ہے۔ آسٹريليا ميں کئی کاروباری ادارے بھی اس سے متاثر ہوئے ہيں۔

[pullquote]طالبان کے حملوں ميں دس افغان کمانڈوز ہلاک[/pullquote]

افغان طالبان نے شمالی صوبہ فرياب ميں بيس کمانڈوز کو ہلاک کر ديا ہے۔ ان کمانڈروز کو دس روز قبل ايک ضلعے کو طالبان کے قبضے سے چھڑانے کے ليے بھيجا گيا تھا۔ دولت آباد پر حکومتی فورسز نے منگل کی رات قبضہ کر بھی ليا تھا تاہم آس پاس کے علاقوں ميں چھپے جنگجوؤں نے بعد ازاں گھات لگا کر حملے کرتے ہوئے خصوصی دستوں کے دس اہلکاروں کو ہلاک کر ديا۔ دریں اثناء باغيوں نے دو فوجی ٹيک بھی تباہ کر ديے۔

[pullquote]ہنگری ميں نئے قوانين کے خلاف بڑا احتجاج[/pullquote]

يورپی کميشن نے ہنگری ميں جاری حالات و واقعات پر تشويش ظاہر کی ہے۔ منگل کو ہنگری کی پارليمان نے ايک قانون کی منظوری دی ہے، جس کے تحت انٹرنيٹ پر بچوں کے ليے ايسے مواد کو ممنوع قرار دے ديا گيا ہے، جس ميں ہم جنس پرستی يا کسی بھی جنس سے وابستگی دکھائی دے۔ حکومت کا موقف ہے کہ يہ قانون بچوں کے تحفظ اور ان کے ساتھ جنسی زيادتی کرنے والوں کی روک تھام کے ليے ہے۔ تاہم ہم جنس پرست گروپوں اور ايل جی بی ٹی کے کارکنوں کا ماننا ہے کہ اس کا ہدف وہ ہيں۔ اس ضمن ميں ملک گير سطح پر احتجاجی سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]جرمن بائيو ميڈيکل کمپنی ’کيور ويک‘ کی کورونا ويکسين ناکام[/pullquote]

جرمن بائيو ميڈيکل کمپنی ’کيور ويک‘ کی کورونا ويکسين ناکام ہو گئی ہے۔ ابتدائی آزمائش ميں کيور ويک کی ويکسين کورونا وائرس کو روکنے ميں صرف سينتاليس فيصد تک کامياب رہی۔ يہ اس کے منظوری کے ليے کاميابی کی ناکافی شرح ہے۔ کمپنی کے مطابق کورونا کی مختلف اقسام اس ناکامی کا باعث بنی ہيں۔

[pullquote]ہانگ کانگ ميں اخبار کے دفتر پر چھاپہ، پانچ افراد گرفتار[/pullquote]

ہانگ کانگ ميں پوليس نے ’ايپل ڈيلی‘ نامی ايک مقامی اخبار کے دفاتر پر چھاپہ مارتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کر ليا ہے۔ ان ميں اس اخبار کے مدير اعلیٰ رائن لا بھی شامل ہيں۔ حکام کا الزام ہے کہ يہ اخبار اور اس ميں چھپنے والا مواد قومی سلامتی سے متعلق قوانين کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہيں۔ ايپل ڈيلی کو کئی حلقوں ميں آزاد اور جمہوريت نواز اخبار مانا جاتا ہے۔ اس کے بانی جمی لائی گزشتہ برس دسمبر سے زير حراست ہيں۔

[pullquote]بائيڈن اور پوٹن کی ملاقات، اہم ترين مسائل زير بحث[/pullquote]

امريکی صدر جو بائيڈن اور ان کے روسی ہم منصب ولاديمير پوٹن کی سمٹ ميں سفيروں کی تعيناتی، سائبر سکيورٹی، جوہری ہتھياروں، قيديوں کے تبادلے، انسانی حقوق، شام، افغانستان اور ايران کے موضوعات پر بات ہوئی۔ جنيوا ميں سولہ جون کو ہونے والی يہ ملاقات قريب تين گھنٹوں تک جاری رہی۔ اس دوران دونوں ملکوں ميں ايک دوسرے کے سفيروں کی تعيناتی پر اتفاق ہوا۔ ديگر کئی امور پر پوٹن اور بائيڈن نے اپنے اپنے موقف پيش کيے تاہم فوری طور پر کسی اہم مسئلے پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ تاہم دونوں صدور نے سفارت کاروں کی مدد سے کئی مسائل کے حل پر زور ديا۔

[pullquote]پانچ برس بعد چين کا انسان بردار مشن خلا کی جانب روانہ[/pullquote]

پانچ برس کے وقفے کے بعد آج صبح چين کا ايک انسان بردار مشن خلا کی جانب روانہ ہو گيا ہے۔ تين خلا باز شينزو بارہ نامی خلائی جہاز پر سوار ہو کر چينی خلائی اسٹيشن کی جانب بڑھ رہے ہيں۔ وہ وہاں آئندہ تين ماہ گزاريں گے اور ان کا مشن آئندہ سال کے اختتام تک چينی خلائی اسٹيشن کی تعمير مکمل کرنے ميں مدد فراہم کرنا ہے۔ چين نے خلا ميں اپنے ايک اسٹيشن کی تعمير کا کام اسی سال شروع کيا تھا۔ اسی اسٹيشن کی تعمير کے ليے اگلے ايک سال ميں چين کئی اور مشن خلا کی جانب روانہ کرے گا۔ چين اقتصادی، عسکری اور ديگر ميدانوں کے ساتھ ساتھ خلا اور تحقيق ميں بھی اپنے حريفوں سے پيچھے نہيں رہنا چاہتا۔

[pullquote]جرمن وزير دفاع کا دورہ ترکی، اختلافات دور کرنے پر زور[/pullquote]

جرمن وزير دفاع آناگريٹ کريمپ کارن باؤر آج انقرہ ميں اپنے ترک ہم منصب ہولوسی آکار سے مل رہی ہيں۔ دونوں سينئر اہلکار نيٹو کی حاليہ سمٹ ميں طے کردہ فيصلوں پر عملدرآمد اور بحيرہ روم کی صورت حال پر تبادلہ خيال کريں گے۔ جرمنی اور ترکی دونوں مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے رکن ممالک ہيں تاہم گزشتہ چند برسوں ميں ان دونوں کے مابين کئی امور پر اختلافات کھڑے ہو گئے ہيں۔ کارن باؤر کے اس دورے کا مقصد انہی اختلافات کو دور کرنا ہے۔ وہ بدھ کی شب انقرہ پہنچ گئی تھيں۔

[pullquote]کورونا کہاں سے شروع ہوا؟ چينی ماہر نے امريکا کی طرف اشارہ کر ديا[/pullquote]

مہلک امراض کے ايک چينی ماہر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی شروعات کے تعين کے ليے جاری تحقيقات کا مرکز امريکا ہونا چاہيے۔ انہوں نے يہ بيان حاليہ رپورٹوں کی روشنی ميں ديا، جن کے مطابق امريکا کی پانچ مختلف رياستوں ميں کووڈ انيس کے سات کيسز کی شناخت دسمبر سن 2019 ميں ہی ہو گئی تھی۔ حالاں کہ سرکاری طور پر امريکا ميں کووڈ کا پہلا کيس چند ماہ بعد سامنے آيا تھا۔ ’چينی سينٹر فار ڈيزير کنٹرول اييڈ پرووينشن‘ کے چيف ايپيڈيمولوجسٹ زينگ گوانگ کے مطابق امريکا نے ابتدائی مراحل ميں ٹيسٹوں ميں تاخير کی۔ يہ بھی کہ امريکا ميں کئی بائیولوجيکل ليبارٹرياں پائی جاتی ہيں۔

[pullquote]عراق ميں عسکری سرگرميوں کے حوالے سے اہم امريکی فيصلہ[/pullquote]

امريکی ايوان نمائندگان ميں آج رائے دہی کے ذريعے سن 2002 ميں متعارف کردہ عراق ميں عسکری قوت کے استعمال سے متعلق گنجائش ختم کی جا رہی ہے۔ گو کہ اس وقت اس فيصلے کا امريکا کے موجودہ عسکری مشنوں پر کوئی اثر نہيں پڑے گا مگر اس کے حاميوں کا ماننا ہے کہ اس سے جنگی صورتحال ميں صدر کے اختيارات محدود کرنے ميں مدد فراہم ہو گی۔ سينيٹر چک شومر اس سلسلے ميں ايک قرارداد پيش کر رہے ہيں، جسے ڈيموکريٹس اور اسی جماعت سے منسلک ملکی صدر جو بائيڈن کی حمايت حاصل ہے۔ سينيٹر نے اپنے موقف کی حمايت ميں عراق ميں گزشتہ برس ايرانی جنرل قاسم سليمانی کی ہلاکت کا بھی تذکرہ کيا۔ اس پيش رفت کے بعد ايسی کارروائیوں کا قانونی جواز ختم ہو جائے گا۔

[pullquote]نسل پرستی کے الزامات: جرمن فوجیوں کی لیتھوانیا سے واپسی[/pullquote]

جرمن وزارت دفاع اور فوج کی ایک ترجمان نے تصديق کر دی ہے کہ آج سترہ جون کو تين جرمن فوجی لیتھوانیا سے وطن واپس پہنچ رہے ہيں۔ يہ وہ فوجی ہيں، جن پر نسل پرستی اور سامیت مخالف بیانات اور جنسی تشدد جیسے جرائم کے الزامات ہيں۔ جرمن فوجی نیٹو مشن کے حصے کے طور پر لیتھوانیا میں تعینات تھے، جنہیں اس اسکينڈل کے بعد واپس گھر واپس بھیج دیا گيا ہے۔ جرمن وزير دفاع نے نسل پرستانہ اور سامیت مخالف جملے کسنے کے الزامات کو ان سب کے چہرے پر طمانچے سے تعبیر کیا جو ملک کی سکیورٹی کے لیے دن رات کام کرتے ہیں۔ ابھی اس معاملے کی مکمل تفتيش ہونا باقی ہے۔

[pullquote]يورپی فٹ بال چيمپئن شب: اٹلی نے ناک آؤٹ مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا[/pullquote]

اٹلی يورپی فٹ بال چيمپئن شب کے ناک آؤٹ مرحلے کے ليے کواليفائی کرنے والی اولين ٹيم بن گئی ہے۔ اٹلی نے گزشتہ روز روم ميں کھيلے گئے ميچ ميں سوئٹزرلينڈ کو تين صفر سے شکست ديتے ہوئے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کيا۔ کل کھيلے گئے دوسرے ميچ ميں ويلز نے ترکی کو دو کے مقابلے ميں صفر گول سے مات دی۔ آج ڈنمارک کا مقابلہ بيلجيم سے، ہالينڈ کا آسٹريا سے اور يوکرائن کا مقابلہ شمالی مقدونيہ سے ہو گا۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے