جمعرات : 24 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارتی وزیراعظم کی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی متنازعہ کشمیر کے 14 رہنماؤں سے آج ایک اہم ملاقات کرنے والے ہیں۔ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بعد کشمیری رہنماؤں سے یہ ان کی پہلی ملاقات ہو گی۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس ملاقات کے ذریعے نریندر مودی اس سیاسی دباؤ کو کم کرنا چاہتے ہیں، جو اندرونی و بیرونی قوتوں کی طرف سے بڑھ رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کشمیری رہنما نریندر مودی سے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔

[pullquote]ملکی کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، چین[/pullquote]

چین نے کہا ہے کہ وہ ملکی کمپنیوں کے جائز مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ چین کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب امریکا نے سینکیانگ میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پانچ چینی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے چین کی بڑی سولر پینل کمپنی کی درآمدات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق چینی کمپنیوں پر امریکی پابندیاں قابل مذمت ہیں۔

[pullquote]کینیڈا: ایک اور سابقہ قبائلی اسکول میں اجتماعی قبریں دریافت[/pullquote]

کینیڈا میں دوبارہ ایک سابق بورڈنگ اسکول میں ایسی قبریں دریافت ہوئی ہیں، جن میں سینکڑوں قبائلی بچوں کی لاشیں دفن تھیں۔ گزشتہ ماہ ایسی ہی ایک اجتماعی قبر کے انکشاف نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔ اس تازہ انکشاف سے قبل گزشتہ ماہ برٹش کولمبیا صوبے میں بھی مقامی آبادی کے ایک سابق بورڈنگ اسکول سے 215 بچوں کی باقیات ملی تھیں۔ ان میں سے بعض بچے تین برس کے تھے۔ کینیڈا میں سن 1840ء سے لے کر سن 1996ء کے دوران حکومت اور مذہبی اداروں کی زیر نگرانی قائم بورڈنگ ہاؤس اسکولوں کی تعداد ایک سو سے زائد تھی۔ ان بورڈنگ اسکولوں میں تشدد اور جنسی زیادتیاں عام تھیں۔ اس دوران بچوں کو زبردستی مسیحی مذہب اپنانے پر مجبور بھی کیا جاتا تھا۔ کینیڈا کی حکومت نے سن 2008 میں اس غیر انسانی سلوک کے لیے با ضابطہ معافی بھی مانگی تھی۔

[pullquote]جرمنی اور امریکا کا لیبیا میں غیر ملکی مداخلت کے خاتمے کا مطالبہ[/pullquote]

جرمنی اور امریکا نے لیبیا میں غیر ملکی مداخلت کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ تمام غیر ملکی جنگجوؤں، دستوں اور فوجیوں کو یہ ملک چھوڑ دینا چاہیے کیونکہ یہ امن عمل پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے برلن میں ہونے والی دوسری لیبیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے امریکی ہم منصب اینتھونی بلنکن نے خبردار کیا کہ اس شمالی افریقی ملک میں جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق لیبیا میں اب بھی تقریباً بیس ہزار غیر ملکی فوجی اور جنگجو موجود ہیں۔

[pullquote]روسی پانیوں میں ایک برطانوی بحری جنگی جہاز پر انتباہی فائرنگ[/pullquote]

روسی پانیوں میں ایک برطانوی بحری جنگی جہاز پر انتباہی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ نیوز ایجنسی انٹر فیکس نے ماسکو حکام کے حوالے سے بتایا کہ انتباہی فائرنگ کے بعد یہ جہاز واپس پلٹ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ بحیرہ اسود میں جزیرہ نما کریمیا کے قریب پیش آیا۔ برطانوی ذرائع نے اس واقعے کے حوالے سے کہا کہ ان کے خیال میں روسی افواج فائرنگ کی مشق کر رہی تھیں۔ برطانوی بیان میں مزید کہا گیا کہ ایچ ایم ایس ڈیفنڈر نامی اس جہاز پر فائر کا کوئی نشان نہیں ہے اور یہ بحری جنگی جہاز بے ضرر انداز میں یوکرائن کے پانیوں سے گزر رہا تھا۔

[pullquote]مہاجرین ڈیل، یورپی یونین ترکی کو اربوں ڈالر کے فنڈز مہیا کرے گی[/pullquote]

یورپی یونین شامی پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے کے لیے ترکی اور بعض دیگر ممالک کو پانچ ارب نوے کروڑ امریکی ڈالر سے بھی زیادہ کی رقم مہیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں یورپی کمیشن کا تیار کردہ ایک منصوبہ 24 جون کو ہونے والی ایک کانفرنس میں یورپی یونین کے رہنماؤں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس تجویز کو باضابطہ پالیسی بنانے سے پہلے اس کی یورپی یونین کی حکومتوں اور یورپی پارلیمنٹ سے منظوری درکار ہو گی۔ یورپی کمیشن شامی مہاجرین کی میزبانی میں ترکی کی مدد کے لیے ساڑھے تین ارب یورو کی اضافی رقم دینے کی تجویز پیش کرے گا۔ یورپی ممالک چاہتے ہیں کہ مہاجرین کو ترکی سے آگے نہ آنے دیا جائے۔

[pullquote]ڈیلٹا وائرس یورپ میں تباہی مچا سکتا ہے، ماہرین[/pullquote]

یورپی طبی ماہرین نے یونین میں ڈیلٹا کورونا وائرس کے پھیلنے سے خبردار کیا ہے۔ یورپ میں بیماریوں سے بچاؤ اور کنٹرول کے مرکز کی سربراہ آندریا آمون کے مطابق اگست کے آخر تک یورپی یونین میں کورونا کے نوے فیصد نئے انفیکشن کا ذمہ دار ڈیلٹا وائرس ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران ڈیلٹا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا قوی امکان ہے، خاص طور پر ان نوجوانوں میں، جن کی ابھی تک ویکسینیشن نہیں ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کی یہ قسم بھارت میں دریافت ہوئی تھی، جہاں سے یہ برطانیہ تک پہنچی تھی۔

[pullquote]کروشیا مہاجرین کی غیرقانونی واپسی میں ملوث ہے، رپورٹ[/pullquote]

کروشیا کی پولیس منظم طریقے سے پناہ گزینوں کو بوسنیا و ہرزیگووینا واپس بھیج رہی ہے۔ جرمن میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ایسا مہاجرین کو سیاسی پناہ کی درخواست کا موقع دیے بغیر کیا جا رہا ہے۔ یہ رپورٹ جرمنی کے مشہور میڈیا اداروں نے مل کر تیار کی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران ہی کروشیا نے تقریبا پینسٹھ پناہ کے متاشی افراد کو زبردستی واپس بھیجا، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔ رپورٹ کے مطابق مہاجرین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔ گزشتہ روز انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یونان کے سرحدی اہلکاروں پر بھی ایسے ہی الزامات عائد کیے تھے۔

[pullquote]ایتھوپیا، فضائی کارروائی میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ[/pullquote]

افریقی ملک ایتھوپیا کے بحران زدہ علاقے تیگرائے میں ملکی فوج کی کارروائی کے دوران متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ٹوگوگو نامی علاقے میں فضائی حملے کے دوران ایک مارکیٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ ٹوگوگو علاقائی دارالحکومت میکیلے کے قریب واقع ہے۔ قبل ازیں تیگرائے کی آزادی کے لیے سرگرم عسکری گروہ ٹی پی ایل ایف نے میکیلے پر قبضے کی کوشش کی تھی۔ ایتھوپیا کی فوج نے کہا ہے کہ ان کا نشانہ عام شہری نہیں بلکہ دہشت گرد تھے۔ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد ابھی تک سامنے نہیں آ سکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے