چھاتی کے سرطان سمیت آلو بخارے کے صحت پر اثرات

آلو بخارا جسے انگریزی میں ‘ڈیمسن یا ڈیمسن پلم’ کہا جاتا ہے، گرمیوں میں آنے والا مزیدار کھٹا میٹھا پھل ہوتا ہے جو ناصرف ذائقے میں لذیذ بلکہ صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہوتا ہے۔

آلو بخارے میں دیگر پھلوں کے مقابلے میں شوگر کی مقدار قدرے زیادہ پائی جاتی ہے، اس کے علاوہ یہ وٹامن سی کا خزانہ ہے۔ اس میں وٹامن بی ٹو (رائیبو فلیون) اور ڈائیٹری فائبر بھی پائے جاتے ہیں۔

پوٹاشیم، میگنیشیم، فاسفورس اور میگنیز سمیت آلو بخارا اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جو انسانی جسم کے لیے بہترین ثابت ہو سکتے ہیں۔

آئیے جانتے ہیں اس پھل کے صحت پر فوائد:

[pullquote]نظامِ ہاضمہ کیلئے مفید[/pullquote]

ایسے افراد جنہیں معدے کے مسائل کا سامنا رہتا ہے وہ آلو بخارے لازمی کھائیں۔ اس پھل میں دیگر پھلوں کی نسبت زیادہ ڈائیٹری فائبر پائے جاتے ہیں جو نظام ہاضمہ کے لیے ضروری ہوتے ہیں، اس کے علاوہ یہ قبض کی شکایت کو بھی دور کرتا ہے۔

آلو بخارے میں موجود فائبر جسم کو زیادہ سے زیادہ غذائیت کی مقدار فراہم کرتا ہے، اس کے علاوہ یہ وزن میں کمی کے خواہشمند افراد کے لیے بھی انتہائی فائدہ مند ہے۔

[pullquote]امراضِ قلب کے افراد اسے ضرور کھائیں[/pullquote]

وہ افراد جنہیں کولیسٹرول اور دل کی بیماری ہو وہ آلو بخارے کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں، یہ جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو بڑھنے نہیں دیتا اور اس کی زیادتی کو گھٹانے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں اس میں موجود پوٹاشیم بلڈ ویسلز اور قلبی نظام کے تناؤ میں کمی واقع کرتا ہے۔

[pullquote]ہڈیوں کی مضبوطی[/pullquote]

عمر رسیدہ افراد جن کو ہڈیاں کمزور ہونے کی شکایت ہے وہ آلو بخارے کا استعمال جاری رکھیں۔ اس پھل میں موجود منرلز میگنیز، کاپر، آئرن اور فاسفورس ہڈیوں کی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہیں۔

[pullquote]مدافعتی نظام میں بہتری[/pullquote]

آلو بخارے میں موجود وٹامن سی انسان مدافعتی نظام کیلئے بھی بہترین ہے، اس کے علاوہ یہ پھل جلد اور بالوں کے لیے بھی بہت اچھا ہے۔

[pullquote]چھاتی کے سرطان کیلئے[/pullquote]

فائٹوتھراپی ریسرچ میں شائع یونیورسٹی آف ولونگونگ آسٹریلیا کی تحقیق کے مطابق آلو بخارے میں موجود فائٹو نیوٹرینٹس خواتین میں ہونے والے چھاتی کے سرطان کے خلیوں کی نشونما کو روک سکتے ہیں لہٰذا یہ خواتین کو لازمی کھانا چاہیے۔

[pullquote]بہترین نیند کیلئے[/pullquote]

آلو بخارے میں موجود وٹامن سی اور میگنیشیم اچھی اور پرسکون نیند کے لیے بھی بہترین ثابت ہوتے ہیں۔

آلو بخارا اینٹی آکسیڈنٹ کا حامل ہے یہ کینسر کے امکان کو ختم کرتا ہے۔ یہ جسمانی اور دماغی صحت کیلئے بھی بہتر ہے۔ یہ کولیسٹرول کی شرح کو کم کرتا ہے اور جگر کی صحت کیلئے اکسیر مانا جاتا ہے۔ اس میں پوٹاشیم کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے۔ اس لئے بی پی کو کنٹرول بھی کرتا ہے۔ دل کیلئے مفید غذا ہے۔ دل کے تمام امراض خفقان، اختلاج وغیرہ میں فائدہ مند ہے۔ ایسے مریضوں کو جو قبض میں مبتلا ہوں آلو بخارا بالخصوص مفید ہے۔ یہ قبض کشا بھی ہے ۔ اس کا مزاج سرد تر ہے اور اس طرح جسم کی گرمی اور خشکی دور کرتا ہے، پیاس کو بجھاتا ہے اور بدن کی حدت میں نافع ہے۔ گرمی کی وجہ سے بعض حضرات کے سر میں درد ہوجاتا ہے اس صورت میں آلو بخارا کھائیں۔ موسم گرما میں قے اور متلی کا مؤثر علاج ہے۔ اس موسم میں خون میں جوش ہوتا ہے جس سے پھوڑے پھنسیاں اور خارش جیسے عوارض لاحق ہوجاتے ہیں۔

آلو بخارا ان عوارض کا علاج ہے۔ صفرا میں بھی مفید ہے۔ پھل کے طور پر آلو بخارا پانچ سے دس دانے کھائیں۔ دس دانے کھانے سے آسانی سے اجابت ہوتی ہے۔ آلو بخارا معدہ کی تیزابیت اور جلن کیلئے فائدہ مند ہے۔

جن لوگوں کو پیشاب میں یورک ایسڈ یا تیزابی مادّوں کی زیادہ مقدار خارج ہوتی ہو انہیں آلو بخارا استعمال کرنا چاہیے۔ بخار میں آلو بخارا بڑا مؤثر ہوتا ہے۔ خشک ہونے سے اس کے غذائی اجزاء اور وٹامن ضائع نہیں ہوتے۔ طب یونانی میں خشک آلو بخارا دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

نکسیر کی صورت میں آلو بخارا خشک آٹھ عدد مٹی کے برتن میں ایک سیر پانی میں بھگودیں پھر اس برتن سے پانی پئیں جس قدر اس برتن سے پانی پئیں اسی قدر پانی اس برتن میں دوبارہ ڈال دیں۔ دوسرے دن نیا آلو بخارا ڈالیں چند روز میں نکسیر رک جائے گی۔ خشک آلو بخارا چھ عدد، املی دس گرام ایک کپ پانی میں بھگودیں، دو تین گھنٹہ بعد چھان کر نمک ملا کر پئیں اس سے قبض دور ہوگی۔ املی اور آلو بخارے کا پانی موسم گرما کیلئے بہترین مشروب ہے۔ جسم کی حدت کو دور کرتا ہے اور غذائی اجزاء سے بھرپور ہے۔ املی اور آلو بخارا کے پانی میں برف اور نمک کا اضافہ کریں تو لطف دوبالا ہوجاتا ہے۔

رگوں اور ہڈیوں کے امراض میں مفید مانا گیا ہے۔ بدہضمی کی شکایت میں آلو بخار کا استعمال کرایا جاتا ہے جس کے حیرت انگیز نتائج برآمد ہوئے ہیں اس کا شربت، گرمی کے دانوں میں توانائی فراہم کرتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق آلو بخارے کے استعمال سے خون کی کمی کی شکایت کافور ہوجاتی ہے اور یہ چھاتی کے کینسر سے بچاؤ میں معاون ہے۔ شوگر کے مریض بھی اسے ہچکچاہٹ کے بغیر کھا سکتے ہیں۔ آلو بخارے کا استعمال بالوں،جلد اور بینائی کیلئے بھی مفید ہے۔ گرمیوں میں آلو بخارے کا شربت نہ صرف تازہ دم کرتا ہے بلکہ توانائی بھی پہنچاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے