افغان سفیرکی بیٹی کا کیس 72 گھنٹے میں سلجھ جائےگا، شیخ رشیدکا دعوٰی

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نےکہا ہےکہ 72 گھنٹے میں افغان سفیرکی بیٹی کا کیس سلجھ جائےگا، اغوا ،تشدد اور دھمکیوں کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹیکسی ڈرائیوروں سے تفتیش کی گئی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کی ایف آئی آر درج کرلی ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز ہمارے پاس موجود ہیں، وہ پنڈی سے واپسی پر گھر جاسکتی تھیں مگر ایف نائن گئیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے اس معاملے کو بہت اچھالا، بھارت کی تمام کوششیں ناکام بنائیں گے اور معاملہ دنیا کے سامنے لائیں گے۔

داسو واقعےکے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ مل کر واقعےکی تحقیقات کر رہے ہیں، سی پیک اور داسو سمیت تمام منصوبوں پرکام جاری رہےگا، چینی حکومت جانتی ہےکہ پاکستان اپنی بساط سے زیادہ ذمہ داری ادا کررہا ہے، چین نے پاکستانی ایجنسیز کو سراہا بھی ہے۔

خیال رہے کہ 16جولائی کو افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

افغان وزارت خارجہ نے بیان میں پاکستان سے سفارتی عملے کو تحفظ دینےکا مطالبہ کیا تھا اور بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے