بالی ووڈ میں اپنے کردار میں ڈھل جانے کے حوالے سے مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے دوسرے بڑے فلمی ایوارڈ کی تقریب میں ایوارڈ لینے سے انکار کردیا۔
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت اپنے کردار میں ڈھل جانے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز دوسرے درجے کی فلموں سے کیا لیکن انتھک محنت کے باعث فلم نگری میں اپنا مقام بنانے میں کامیاب ہوگئیں جب کہ اداکارہ کنگنا رناوت رواں سال اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں تاہم انہوں نے گزشتہ دنوں دوسرے بڑے فلمی ایوارڈ کی تقریب میں ایوارڈ لینے سے انکار کردیا۔
بالی ووڈ کے دوسرے بڑے فلمی ایوارڈ بگ اسٹار انٹرٹینمنٹ 2015 کی تقریب میں فلم ’’تنو ویڈز منو ریٹرن‘‘ میں بہترین اداکاری پر اداکارہ کنگنا رناوت کو ’’بہترین اداکارہ‘‘ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا جب کہ ایوارڈ لینے کے لیے اداکارہ کی تقریب میں شرکت بھی ضروری تھی جس پر انہوں نے ایوارڈ کی تقریب میں شرکت سے صاف انکار کردیا اور اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم نگری میں ایوارڈز کی تقریبات اپنی ریٹنگ بڑھانے کے لیے ہوتی ہیں اسی لیے کسی بھی ایوارڈز کی تقریبات میں شرکت سے گریز کرتی ہوں اور صرف اپنے کام پر توجہ رکھتی ہوں۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت اپنی نئی آنے والی فلم’’رنگون‘‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں