ہر معاشرہ مختلف مزاج اور سوچ رکھنے والے افراد پر مشتمل ہوتا ہے۔ انہی میں کچھ ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جن کی زندگی کا محور دوسروں کی خامیاں تلاش کرنا، ان کی خوشیوں پر بے چین ہونا اور ان کی کامیابیوں کو شک کی نگاہ سے دیکھنا بن جاتا ہے۔ یہ رویہ محض ایک عادت نہیں بلکہ ایک ایسی منفی ذہنی کیفیت ہے جو آہستہ آہستہ شخصیت کا حصہ بن جاتی ہے۔
ایسے افراد بظاہر خود کو پراعتماد، بااثر اور مضبوط ظاہر کرتے ہیں مگر ان کے باطن میں احساسِ محرومی، احساسِ کمتری، حسد اور بے سکونی کی ایک طویل داستان چھپی ہوتی ہے۔ وہ اپنی ناکامیوں کا جائزہ لینے کے بجائے دوسروں کی کامیابیوں کو کم تر ثابت کرنے میں اپنی توانائیاں صرف کرتے ہیں۔ وہ کردار کشی، طنز، الزام تراشی اور بے جا تنقید کو اپنی برتری کا ذریعہ سمجھتے ہیں حالانکہ یہ سب رویے ان کی اندرونی بے چینی اور کمزور شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں۔
منفی سوچ صرف ایک فرد تک محدود نہیں رہتی بلکہ اس کے اثرات پورے خاندان، ادارے اور معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں۔ ایسے افراد جہاں بھی موجود ہوں وہاں اعتماد کی فضا کمزور پڑ جاتی ہے تعلقات میں دراڑیں پیدا ہونے لگتی ہیں اور باہمی تعاون کی جگہ بداعتمادی جنم لینے لگتی ہے۔ نتیجتاً ایک ایسا ماحول تشکیل پاتا ہے جہاں ہر شخص دوسرے سے خائف، بدگمان اور ذہنی دباؤ کا شکار رہنے لگتا ہے۔ اس طرح ایک فرد کی منفی سوچ آہستہ آہستہ اجتماعی رویے کو بھی متاثر کرنے لگتی ہے۔
جو شخص اپنے کردار کی تعمیر کے بجائے دوسروں کی کردار کشی میں مصروف رہے وہ درحقیقت اپنی کمزوریوں کا اعتراف کر رہا ہوتا ہے۔ اسلام بھی ہمیں حسنِ ظن، شکر گزاری، نرم گفتاری، صبر اور حسنِ اخلاق کی تعلیم دیتا ہے۔ قرآنِ کریم میں حسد، بدگمانی اور تمسخر سے اجتناب کی تلقین کی گئی ہے کیونکہ یہی اوصاف ایک پُرامن، مہذب اور باوقار معاشرے کی بنیاد بنتے ہیں۔
انسان کی اصل عظمت اس کے اخلاق، برداشت اور کردار میں پوشیدہ ہے نہ کہ اس کی بلند آواز، سخت لہجے یا دوسروں کو نیچا دکھانے کی صلاحیت میں۔ اگر ہم اپنی زندگی میں سکون چاہتے ہیں تو ہمیں دوسروں کی نعمتوں کو حسرت کی نگاہ سے دیکھنے کے بجائے اپنی نعمتوں پر شکر ادا کرنا سیکھنا ہوگا۔ دوسروں کی کامیابی کو اپنی ناکامی سمجھنے کے بجائے اسے محنت، حوصلے اور جدوجہد کا ذریعہ بنانا ہوگا۔
اس کے برعکس مثبت سوچ رکھنے والے افراد دوسروں کی کامیابی سے حسد نہیں کرتے بلکہ اسے سیکھنے اور خود کو بہتر بنانے کا موقع سمجھتے ہیں۔ وہ دوسروں کی خوبیوں سے سبق لیتے ہیں اپنی خامیوں کی اصلاح کرتے ہیں اور معاشرے میں امید، اخوت، احترام اور خیرخواہی کو فروغ دیتے ہیں۔ ایسے ہی لوگ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں اور اپنی شخصیت سے مثبت اثرات چھوڑتے ہیں۔
آج سوشل میڈیا کے دور میں منفی سوچ، بے بنیاد تنقید، کردار کشی، افواہوں اور نفرت انگیز رویوں نے پہلے سے کہیں زیادہ وسعت اختیار کر لی ہے۔ چند لمحوں میں کسی کی عزت کو مجروح کرنا یا جھوٹی بات کو ہزاروں لوگوں تک پہنچا دینا انتہائی آسان ہو چکا ہے۔ ایسے حالات میں زبان اور قلم کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے استعمال میں بھی ذمہ داری، دیانت داری اور اخلاقی اصولوں کی پابندی ناگزیر ہےکیونکہ ایک غیر ذمہ دارانہ لفظ بھی کسی کی عزت، ذہنی سکون اور سماجی وقار کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔
مثبت سوچ صرف انسان کی اپنی زندگی کو ہی روشن نہیں کرتی بلکہ معاشرے میں محبت، احترام، اعتماد اور خیرخواہی کی فضا بھی قائم کرتی ہے۔ دراصل منفی سوچ کا پیکر بننے والا شخص خود اپنی بے سکونی کا سب سے بڑا ذمہ دار ہوتا ہے۔ وہ دوسروں کی خوشیوں کو مٹا کر کبھی حقیقی خوشی حاصل نہیں کر سکتا۔
حقیقی خوشی دوسروں کو گرانے میں نہیں بلکہ اپنے کردار کو بلند کرنے، اپنے نفس کی اصلاح کرنے اور اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں پر شکر گزار رہنے میں ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو دنیا میں عزت، دل کا سکون اور آخرت میں کامیابی عطا کرتا ہے۔
اگر ہم ایک بہتر معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی سوچ، اپنے الفاظ اور اپنے اعمال کا محاسبہ کرنا ہوگاکیونکہ معاشروں کی تعمیر نفرت، حسد اور منفی سوچ سے نہیں بلکہ محبت، اخلاص، حسنِ اخلاق اور مثبت کردار سے ہوتی ہے۔