اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے پاکستان میں پہلی بار ایک اہم سائنسی کامیابی حاصل کرتے ہوئے زمینی شوراب (Formation Water/Brine) میں لیتھیم کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے، جس کی مقدار دنیا کے معروف لیتھیم بردار جیوتھرمل شورابوں کے برابر بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ دریافت او جی ڈی سی کے پائلٹ جیوتھرمل پروگرام کے تحت ایک کامیابی سے آزمائے گئے بلند درجۂ حرارت کے جیوتھرمل کنویں سے حاصل ہونے والے فارمیشن واٹر کے جدید جیو کیمیائی تجزیے کے دوران سامنے آئی۔
او جی ڈی سی کے اعلیٰ حکام نے دی نیوز کو بتایا کہ پاکستان میں اس نوعیت کی یہ پہلی دریافت ہے۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان ان ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو جیوتھرمل شوراب کو لیتھیم کے ممکنہ ذریعے کے طور پر تلاش کر رہے ہیں۔
لیتھیم ایک نہایت اہم معدنیات ہے، جو عالمی سطح پر صاف توانائی (Clean Energy) کی منتقلی میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ برقی گاڑیوں (Electric Vehicles) کی بیٹریوں، بڑے پیمانے پر توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور متعدد جدید ٹیکنالوجیز کا لازمی جزو سمجھی جاتی ہے۔