پاکستان کی اسلامی فوجی اتحاد میں شمولیت کی تصدیق

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے 34 ممالک پر مشتمل اسلامی فوجی اتحاد میں شمولیت کی تصدیق کردی ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف علاقائی اور عالمی کوششوں کو سراہتے ہیں جب کہ پاکستان اور سعودی عرب دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں شراکت دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 34 ملکی اتحاد کا خیرمقدم دہشت گردی کے خلاف موقف کے باعث کیا تاہم اتحاد کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے جس کے بعد اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ سعودی اتحاد میں کس حد تک شامل ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے جذبوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جب کہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس پاکستان اور خطے کے لئے مفید ثابت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن عمل کا خواہاں اور مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان اور افغانستان کا مفاد الزامات بڑھانے سے نہیں بلکہ ایک دوسرے سے خوشگوار تعلقات بنانے میں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے