پیر : 22 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یوکرائن کو ہتھیاروں کی فراہمی پر ماسکو کی تشویش[/pullquote]

روس کو ان رپورٹوں پر تشویش ہے کہ یوکرائن کو غیر ملکی ہتھیار فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی ماسکو نے کییف میں حکام کے ان الزامات کو بھی مسترد کر دیا ہے کہ روس ممکنہ طور پر یوکرائن پر حملہ کرنے والا ہے۔ کریملن نے آج پیر کے روز کہا کہ یوکرائن کو بڑی مقدار میں ہتھیاروں کی ترسیل تشویش ناک پیش رفت ہے اور کییف حکومت خود ملکی سرحدوں پر فوجی دستے تعینات کر رہی ہے۔ یوکرائن کی ملٹری انٹیلیجنس کے سربراہ نے ابھی ویک اینڈ پر ہی کہا تھا کہ روس یوکرائن کی سرحد پر اپنے بانوے ہزار سے زائد فوجی تعینات کر چکا ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ماسکو شاید آئندہ جنوری یا فروری میں یوکرائن پر فوجی حملہ بھی کر دے گا۔

[pullquote]عمان اور قطر نے تعاون کے چھ معاہدوں پر دستخط کر دیے[/pullquote]

خلیجی عرب ریاستوں عمان اور قطر نے آپس میں تعاون کے چھ معاہدوں پر دستخط کر دیے ہیں۔ عمان کے سرکاری خبر رساں ادارے نے پیر کے روز بتایا کہ یہ باہمی معاہدے سیاحت، دفاع، بندرگاہوں اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں کیے گئے۔ کہا گیا ہے کہ ان معاہدوں کو عمان کے سلطان ہیثم کے قطر کے دورے کے دوران دوحہ میں حتمی شکل دی گئی۔ خلیجی تعاون کونسل کی متعدد ریاستوں نے ماضی میں قطر کا بائیکاٹ کر رکھا تھا۔

[pullquote]ایران کو جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ کے ’تعمیری دورے‘ کی امید[/pullquote]

ایران نے آج پیر کے روز اس امید کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ کا تہران کا نیا دورہ ’تعمیری اور مثبت نتائج‘ کا باعث بنے گا۔ اقوام متحدہ کے ادارے آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی آج پیر کی شام تہران پہنچ رہے ہیں۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین دو ہزار پندرہ میں طے پانے والے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے اطراف کے مابین مذاکرات چند ہی روز میں شروع ہونے والے ہیں۔

[pullquote]خالدہ ضیا کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجا جائے، ڈھاکا میں حامیوں کا مطالبہ[/pullquote]

بنگلہ دیش میں آج اپوزیشن کارکنوں کے ایک بہت بڑے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء کے خلاف پولیس کارروائی میں تقریباﹰ بیس افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس بھی استعمال کی۔ یہ مظاہرین سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے حامی تھے، جو انہیں علاج کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ خالدہ ضیا اس وقت ڈھاکا کے ایک ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ ان کا تعلق بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی سے ہے اور وہ عوامی لیگ سے تعلق رکھنے والی موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی دیرینہ حریف ہیں۔ دو ہزار اٹھارہ میں عدالت کی طرف سے سزا پانے کے بعد سے خالدہ ضیا کے بیرون ملک سفر پر پابندی ہے۔

[pullquote]چینی باشندوں کو اب تک تقریباﹰ ڈھائی بلین ویکسینز لگائی جا چکی ہیں[/pullquote]

آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک چین میں کل اتوار کے روز عام شہریوں کو کورونا ویکسین کے مزید ساڑھے چھ ملین انجیکشن لگا دیے گئے۔ بیجنگ میں نیشنل ہیلتھ کمیشن کے آج پیر تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملکی عوام کو اب تک مجموعی طور پر کورونا ویکسین کی دو ارب تینتالیس کروڑ ستر لاکھ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

[pullquote]امریکی ریاست وسکانسن میں کرسمس پریڈ کے شرکاء پر گاڑی چڑھا دی گئی، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست وسکانسن میں کرسمس کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک پریڈ کے شرکاء پر ایک شخص نے اپنی گاڑی چڑھا دی۔ یہ واقعہ ریاست کے سب سے بڑے شہر ملواکی کے نواح میں واؤکیشا نامی چھوٹے سے شہر میں پیش آیا۔ حملے کی ویڈیو فوٹیج کے مطابق ملزم نے رکاوٹیں توڑتے ہوئے اس پریڈ کے پیچھے سے اپنی گاڑی شرکاء پر چڑھا دی۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں متعدد افراد ہلاک اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہلاک شدگان اور زخمیوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ اس واقعے کے فوری بعد پولیس نے یہ گاڑی قبضے میں لے کر اس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

[pullquote]چھ بلین ڈالر فنڈنگ کی بحالی، آئی ایم ایف اور پاکستان میں معاہدہ ہو گیا[/pullquote]

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے تعطل کے شکار چھ بلین ڈالر کے فنڈنگ پروگرام کی بحالی کے لیے اس کا اسلام آباد حکومت سے معاہدہ ہو گیا ہے۔ پاکستان کو طویل عرصے سے شدید مالیاتی مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت کی کوشش تھی کہ کسی طرح آئی ایم ایف کی یہ فنڈنگ بحال ہو جائے۔ آئی ایم ایف کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ادارے اور پاکستانی حکومت کے مابین ایسا بنیادی معاہدہ ہو گیا ہے، جس کے تحت اس بحالی سے قبل چھٹے جائزے کی تکمیل کے لیے ضروری اقتصادی پالیسیاں اور اصلاحات طے کر لی گئی ہیں۔ اس بحالی کی آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کی طرف سے لازمی منظوری ابھی باقی ہے۔

[pullquote]آسٹریا میں مسلسل بڑھتی ہوئی نئی انفیکشنز، دوبارہ ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ[/pullquote]

آسٹریا میں کورونا وائرس کی مسلسل بڑھتی ہوئی نئی انفیکشنز کو روکنے کے لیے دوبارہ ملک گیر لاک ڈاؤن نافذکر دیا گیا ہے۔ کووڈ انیس کی موجودہ لہر کے دوران ایلپس کی اس جمہوریہ میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی روزانہ تعداد حالیہ ہفتوں میں تین گنا ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ بہت سے ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ بھی شدید دباؤ میں ہیں۔ آج پیر سے شروع ہونے والا لاک ڈاؤن دس دن کے لیے ہے مگر اس میں مزید دس روز کی توسیع ممکن ہے۔ اس دوران عام شہریوں کو صرف اشیائے خوراک کی خریداری یا ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے ہی گھروں سے نکلنے کی اجازت ہو گی۔

[pullquote]چلی کے صدارتی الیکشن میں انتہائی قدامت پسند کاسٹ دیگر امیدواروں سے آگے[/pullquote]

چلی کے صدارتی الیکشن میں انتہائی قدامت پسند امیدوار خوزے انٹونیو کاسٹ کو دیگر تمام امیدواروں کے مقابلے میں واضح برتری حاصل ہے۔ اس الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی تقریباﹰ مکمل ہو گئی ہے۔ ملکی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کاسٹ اب تک اٹھائیس فیصد ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔ خوزے انٹونیو کاسٹ جرمن نسل کے شہری ہیں اور پیشے کے لحاظ سے وہ ایک وکیل ہیں۔ ان کے بعد دوسرے نمبر پر بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے سابق طالب علم رہنما گابریئل بورچ ہیں، جنہیں تقریباﹰ چھبیس فیصد ووٹ ملے ہیں۔

[pullquote]ہیٹی میں اغوا کردہ سترہ غیر ملکیوں میں سے دو امریکی رہا کر دیے گئے[/pullquote]

بحیرہ کریبیین کی ریاست ہیٹی میں گزشتہ ماہ اغوا کردہ سترہ شمالی امریکی باشندوں میں سے دو امریکی شہریوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ یہ مغوی مسیحی امدادی تنظیم ’کرسچن ایڈ منسٹریز‘ کے کارکن اور ان کے اہل خانہ تھے۔ اس تنظیم نے بتایا کہ دونوں رہا کردہ امریکی شہری خیریت سے ہیں اور ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ ان سترہ مغویوں کو جرائم پیشہ افراد کے گروہ ’ماوَوزو چار سو‘ کے ارکان نے اکتوبر کے وسط میں پورٹ او پرانس لوٹتے ہوئے اغوا کر لیا تھا۔ اغوا کاروں نے ان کی رہائی کے لیے سترہ ملین ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا دونوں امریکیوں کی رہائی کے لیے تاوان کی کوئی رقم ادا کی گئی۔

[pullquote]سوڈان میں اقتدار کی منتقلی سے متعلق سیاسی معاہدہ، متحدہ عرب امارات کی طرف سے خیر مقدم[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں اقتدار کی منتقلی کے لیے طے پانے والے سیاسی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ سوڈانی فوج نے کل اتوار کے روز وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کی ان کے عہدے پر بحالی کا اعلان کر دیا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا تھا کہ تمام سیاسی قیدی بھی رہا کر دیے جائیں گے۔ اس افریقی ملک میں فوج کی طرف سے اقتدار پر قبضے کے بعد سے گزشتہ چند ہفتوں میں مسلسل بدامنی دیکھی گئی تھی۔ مختلف شہروں میں عوامی مظاہروں کے دوران یہ کہا جاتا رہا کہ کسی بھی سیاسی معاہدے میں فوج کی شمولیت قبول نہیں کی جائے گا۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ بحران زدہ سوڈان میں سیاسی معاہدہ طے پا جانا خوش آئند ہے۔

[pullquote]بلغاریہ میں صدارتی الیکشن، ر‌ُومن رادیف دوبارہ منتخب ہو گئے[/pullquote]

بلغاریہ میں کل اتوار کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں موجودہ سربراہ مملکت رُومن رادیف نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ بلغایہ یورپی یونین کا رکن غریب ترین ملک ہے اور وہاں رُومن رادیف کرپشن کے خلاف اپنی سخت پالیسیوں کی وجہ سے بہت مقبول ہیں۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق رادیف کو چھیاسٹھ فیصد ووٹ ملے۔ اٹھاون سالہ رادیف ایک سابق فائٹر پائلٹ ہیں اور انہوں نے اپنی کامیابی کے بعد کہا کہ بلغاریہ اب اس جمود سے نکل رہا ہے، جس کا اسے سامنا ہے۔ ان کے حریف انستاس گیرڈژیکوف کو بتیس فیصد ووٹ ملے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے