بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی نئی آنے والی فلم ’’دل والے‘‘ باکس آفس پر مقابلے کے باوجود رواں سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تیسری فلم بن گئی ہے۔
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ باکس آفس پر کمائی میں بھی کنگ مانے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انڈسٹری کے بڑے بڑے نام ان کی فلموں کے ساتھ اپنی فلم کی نمائش سے ڈرتے ہیں جب کہ ان کی نئی آنے والی فل م’’دل والے‘‘ اور ’’باجی راؤ مستانی‘‘ بھی ایک ہی دن ریلیز کی گئیں تاہم اس مقابلے میں بھی کنگ خان نے اپنا سکہ جمادیا ہے۔
فلمساز روہت شیٹھی کی فلم ’’دل والے‘‘ ریلیز کے 3 دنوں میں ہی 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے رواں سال سب سے زیادہ کمانے والی تیسری فلم بن گئی ہے جب کہ فلم نے بھارت میں پہلے روز 21 کروڑ ، دوسرے روز 20.09 کروڑ اور تیسرے روز 24کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے مجموعی طور پر 65 کروڑ سے زائد کی کمائی کی ہے اور فلم دنیا بھر میں 56 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے جس کے باعث انہیں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم کو باکس آفس پر پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
دوسری جانب سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ نے 3 روز میں مجموعی طور پر 46 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے فلم ’’دل والے‘‘ کو مات دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہے جب کہ فلم نے پہلے روز 12.80 کروڑ ، دوسرے روز 15.52 اور تیسرے روز 18.45 کروڑ سے زائد بزنس کرکے مجموعی طور پر تین دن میں 46.77 کروڑ کی کمائی کرچکی ہے۔
واضح رہے کہ فلم’’دل والے‘‘ میں شاہ رخ خان ، کاجول، ورن دھون اور کیریتی سنون جب کہ ’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں رنویر سنگھ، دپیکا پڈوکون اور پریانکاچوپڑا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔