[pullquote]روس فوجی دستوں کی حرکت کے حوالے سے دنیا کو دھوکا دے رہا ہے، نیٹو[/pullquote]
مغری دفاعی اتحاد کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرائنی سرحد سے فوجی دستوں کی واپسی کے اعلانات فقط دنیا کی نظروں میں دھول جھونکنے والے دعوے ہیں۔ نیٹو کے مطابق دعووں کے برخلاف روس نے مزید سات ہزار فوجی یوکرائنی سرحد پر پہنچائے ہیں۔ روس کی جانب سے رواں ہفتے کے آغاز پر ایسے اشارے دیے گئے تھے کہ وہ یوکرائنی سرحد سے کچھ فوجی دستے واپس بلا رہا ہے۔ نیٹو سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ نے روس کی جانب سے معاملے کے سفارتی حل کی خواہش کا خیرمقدم کیا ہے، تاہم کہا ہے کہ روس نے اب تک یوکرائنی سرحد سے فوجی دستوں کی واپسی کا کوئی عملی اشارہ نہیں دیا ہے۔
[pullquote]اسرائیل کا دمشق کے جنوب میں میزائلوں سے حملہ[/pullquote]
اسرائیل کی جانب سے بدھ کو شامی دارالحکومت کے جنوب میں شیل داغے گئے۔ شامی میڈیا کے مطابق ان حملوں میں املاک کو نقصان پہنچا۔ رواں ماہ یہ دوسرا موقع ہے جب اسرائیل کی جانب سے شام میں طیارہ شکن بیٹریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل نوفروری کو شام کی جانب سے راکٹ داغے جانے کے بعد بھی اسرائیل نے شام پر فضائی حملے کیے تھے۔ شامی عسکری ذرائع کے مطابق اسرائیل نے گولان کے مقبوضہ پہاڑی سلسلے سے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائیلوں کے ذریعے ذکیہ کے قصبے کو نشانہ بنایا۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیلی حملے کا نشانہ ایک حکومتی عسکری پوسٹ تھی۔
[pullquote]روس مغربی ممالک کے ساتھ سکیورٹی مذاکرات جاری رکھے گا، روسی وزیرخارجہ[/pullquote]
روسی وزیرخارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس مغربی ممالک کے ساتھ سکیورٹی مذاکرات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس کی جانب سے امریکا اور مغربی دفاع اتحاد نیٹو سے طلب کردہ سکیورٹی ضمانتوں پر بات چیت جاری ہے۔ روس نیٹو سے ضمانت چاہتا ہے کہ وہ مشرقی یورپی ممالک کی جانب اپنی وسعت روکے اور یوکرائن کو اپنا رکن نہ بنائے، تاہم نیٹو اب تک اس مطالبے کو مسترد کرتا آیا ہے۔
[pullquote]عالمی وبا سے جرمنی کو تین سو تین ارب یورو کا نقصان ہوا، ماہرین[/pullquote]
جرمنی کے انفو انسٹیٹیوٹ کے مطابق عالمی وبا کی وجہ سے جرمن معیشت کو تین سو تین ارب یورو کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ جمعرات کے روز جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جرمن اقتصادیات میں نمو کی بجائے سستی پیدا ہوئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ سن 2019 کے مقابلے میں جرمن اقتصادی آؤٹ پٹ میں دس فیصد تک کی کمی دیکھی تھی۔ جنوبی جرمن شہر میوخ میں قائم کلومینز فیوسٹ انسٹیٹیوٹ نے عالمی وبا کو سن 1930 کی دہائی کے گریٹ ڈپریشن کے بعد بدترین عالمی اقتصادی بحران قرار دیا ہے۔
[pullquote]آسٹریلیا حماس کو دہشت گرد تنظیموں میں شامل کرنے کے لیے تیار[/pullquote]
آسڑیلیا حماس کی پوری تنظیم کو "دہشت گرد ” تنظیموں کی فہرست میں ڈالنے جا رہا ہے۔ جمعرات کو یہ بات آسٹریلوی وزیر داخلہ کیرن اینڈریوز نے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ پٹی کی منتظم حماس تحریک کو آسٹریلیا کے تعزیراتی ضوابط کے تحت ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی حکومت تشدد کی ہر شکل کی مخالف ہے، جس کا مقصد آسٹریلوی شہریوں کو دہشت گردی اور پرتشدد شدت پسندی سے بچانا ہے۔ آسڑیلوی حکومت نے امریکی پرتشدد نسل پرست گروہ نیشنل سوشلسٹ آرڈر اور شامی تنظیم حیات التحریر الشام کو بھی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
[pullquote]یوکرائنی فوج مارٹر حملے کر رہی ہے، مشرقی یوکرائنی باغیوں کا الزام[/pullquote]
مشرقی یوکرائن میں متحرک روس نواز باغیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرائنی فوج باغیوں کے کنٹرول والے علاقوں کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنا رہی ہے۔ باغیوں کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں چار مواقع پر یوکرائنی فوج کی جانب سے مارٹر حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ ماسکو حکومت کی جانب سے یوکرائنی سرحد سے چند فوجی دستوں کی واپسی اور یوکرائن پر حملہ نہ کرنے کے دعووں سے اقتصادی منڈیوں میں کاروبار میں قدرے تیزی آئی تھی۔ تاہم اب ان خبروں کے بعد ایک مرتبہ پھر ایشیائی مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی۔
[pullquote]یورپی اور افریقی رہنماؤں کا سربراہی اجلاس[/pullquote]
یورپی یونین اور افریقی رہنماؤں کا دو روزہ سربراہی اجلاس آج جمعرات کے روز سے شروع ہو رہا ہے۔ اس اجلاس کا مقصد فریقین کے درمیان سرد تعلقات میں بہتری لانا اور براعظم افریقہ میں روس اور چین کے بڑھتے اثرورسوخ کی وجہ سے پیدا چیلنجز سے نمٹنا ہے۔ افریقی یونین کے موجودہ صدر ملک سنیگال کے صدر میکی سال نے اجلاس میں شرکت کے موقع پر کہا کہ افریقی اور یورپی رہنماؤں کا مشترکہ مقصد اس سمٹ کے ذریعے تعلقات کو نئے خطوط پر استوار کرنا اور زیادہ عملی شراکت داری کی جانب لانا ہے۔ دو ہزار سترہ کے بعد یورپی اور افریقی رہنماؤں کا اس سطح کا یہ پہلا سربراہی اجلاس ہے۔
[pullquote]دسمبر میں ایک اماراتی پرواز انتہائی کم اونچائی پر تھی، رپورٹ[/pullquote]
انیس دسمبر کو دبئی سے واشنگٹن جانے والی ایک پرواز ابتدا میں انتہائی کم اونچائی پر رہی اور اس نے بعد میں مقررہ بلندی حاصل کی۔ تفتیش کاروں کے مطابق اس پرواز میں کوئی شخص زخمی تو نہیں ہوا تھا تاہم دبئی سے اڑنے کے بعد دیرہ کے ضلع کے اوپر اس کی پرواز کی بلندی فقط دو سو فٹ تک بھی رہی جب کہ خلیج فارس کے اوپر اس جہاز نے مقررہ بلندی حاصل کی۔ تفتیش کاروں کے مطابق اتنی کم بلندی پر تیز رفتاری جہاز کو نقصان پہنچا سکتی تھی۔ یہ رپورٹ جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس حوالے سے امیریٹس ایئرلائنز نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
[pullquote]کنوئیں میں گرنے سے 13 بھارتی شہری ہلاک[/pullquote]
شمالی بھارت میں ایک گاؤں میں ایک کنوئیں کا ڈھکن منہدم ہو جانے کے نتیجے میں تیرہ خواتین ہلاک ہو گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ خواتین شادی کی ایک تقریب کے سلسلے میں اس متروک کنوئیں کے منہ پر بنے کنکریٹ کے ڈھکن پر ناچ گا رہی تھیں کہ پتھر کی بنی یہ سل ان کے بوجھ سے منہدم ہو گئی۔ یہ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے کشن گڑھ ضلع میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کنواں پندرہ میٹر گہرا تھا، جب کہ اس واقعے میں دس دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس ہلاکت خیز واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
[pullquote]پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح[/pullquote]
کولکتہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس میچ کی خاص بات روہت شرما کی دھواں دھار بیٹنگ اور ڈیبو کرنے والے روی بِشنوئی کی عمدہ بولنگ تھی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں رویت شرما نے 19 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔ نئے بھارتی لگ اسپنر بشنوئی نے 17 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی جانب سے کامیاب ترین بلے باز نکولاس پوران رہے جنہوں نے 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل اس سیریز کا دوسرا میچ جمعے کو کولکتہ میں ہی کھیلا جائے گا۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]