کراچی…… ان گنت یادگارکرداروں کےلیجنڈری فنکار معین اختر کی آج 65ویں سالگرہ ہے۔گوکہ انہیں ہم سے بچھڑے 4برس بیت چکے ہیں۔لیکن دنیا فن میں اپنی فنکارانہ جادو گری سے مسحور کردینے والے معین آج بھی لوگوں کے دلوںمیں زندہ ہیں۔
اسٹیج ،ٹی وی،ریڈیو اور فلم کے شعبوں میں اپنے فن کا لوہا منوانے والے معین اختر24دسمبر1950 میں پیدا ہوئے۔معین اختر کا گھرانہ مراد آباد بھارت سے ہجرت کرکے پاکستان آباد ہوا۔ ڈائو میڈیکل کالج کراچی کے پروگرام سے اپنے فنی زندگی کا آغاز کیا۔1966 میں یو م دفاع کے موقع پر پی ٹی وی پر جلوہ گرہوئے۔معین اختر نے اسٹیج پر بھی اپنی صلاحیتیں منوائیں۔بعدازاں اپنا فن ٹی وی اور مختلف پروگراموں کےلئے وقف کردیا۔
چند فلموں میں بھی کام کیا۔جس میںراز،سب کے باپ،تابعدار اور مسٹر کے ٹو شامل ہیں۔ ڈرامے روزی کے نسوانی لازوال کردار نے ان کی مقبولیت کو چار چاندلگا دئے۔ہاف پلیٹ میں ایک مفلوک الحال شاعر کے کردار سے انہوںنے ڈھیروں داد سمیٹی۔
فن میزبانی میں بھی اپنا الگ مقام رکھنے والے معین کئی سربراہان مملکت و حکومت کے سامنے اپنے اس فن کا مظاہرہ کرتے رہے۔معین اختر وقتاً فوقتاً ایوارڈ سے نوازے گئے۔ان اعزازات میں تمغہ حسن کارکردگی،ستارہ امتیاز،نگار ایوارڈ،کریٹک ایوارڈ،گریجویٹ ایوارڈ،مصور ایوارڈ،عوامی ایوارڈ اورچھ پی ٹی وی کے ایوارڈ شامل ہیں۔
معین اختر نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاتعداد افراد کی پیروڈی کی،سندھی، بلوچی،پنجابی،پشتو، اور گجراتی زبان کا لب و لہجہ اپنا نے میں کمال حاصل تھا۔معین اختر نے فن گائیکی میں اپنے جوہر دکھائے،ڈرامے تحریر کئے ۔فلم پروڈکشن اور ڈائریکشن بھی کی۔
منفرد انداز اورخصوصاً آواز اور انداز کے نقل کرنے کی خداداد صلاحیتوں کی وجہ فن اداکاری میں منفرد مقام رکھنے والا یہ عظیم فنکار22اپریل 2011کو عارضہ قلب کے سبب اپنے کروڑوں چاہنے والوں کواداس چھوڑ کر رخصت ہوا۔