’’یوم پاکستان‘‘ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آباد: ملک بھر میں یوم پاکستان قومی و ملّی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا،دن کاآغازمساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوا اور پاک فوج کی طرف سے توپوں کی سلامی دی گئی۔

یہ دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔

یہ قرارداد لاہور منٹو پارک میں میں پیش کی گئی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔ منٹوپارک کے مقام پرآج گریٹراقبال پارک موجود ہے۔
اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ دن کے آغازپرلاہورکی بادشاہی مسجد سمیت دیگرمساجدمیں نمازفجرکے بعد ملک کی ترقی،خوشحالی،سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ہیں، پاک فوج کی طرف سے وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی۔ لاہور کے ایوب سٹیڈیم میں نماز فجر کے بعد توپوں کی سلامی کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی اور اس موقع پر فوجی افسران اور ان کی فیملیز نے شرکت کی۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی پریڈ کی اہم تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات اور غیر ملکی مہمان شریک ہوئے۔

پریڈ گراؤنڈ میں جے ایف 17طیاروں نے شاندار فلائنگ مارچ کا مظاہرہ کیا۔ آرمی ایوی ایشن کے دستوں نے بھی فلائنگ مارچ پاسٹ کیا۔ آرمڈ کور کے دستوں نے الخالد ٹینکوں کے ساتھ جبکہ فیلڈ آرٹلری رجمنٹ نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ دو ہزارکلومیٹر مار کرنے والا غوری ، بابر میزائل اور شاہین ٹو بھی پریڈ میں شامل تھے۔ ازبکستان کا دستہ پہلی بار مارچ میں شریک ہوا۔

ادھر کراچی میں قائد اعظم جبکہ لاہورمیں مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد ہوئی، جہاں پر ستلج رینجرز کی جگہ پاک فضائیہ کا چاک و چوبند دستہ اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے جس میں مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ایئرمین اکیڈمی کورنگی کریک نے شرکت کی، مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان نے لاہورمیں مزاراقبال پریڈ کا معائنہ کیا اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے، مزار اقبال پر گارڈ کی تبدیلی کی تقریب کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تقریب میں پاک فضائیہ کے بینڈ کی جانب سے خوبصورت دھنیں بکھیریں، بعدازاں عام شہریوں کو مزاراقبال اور قائد اعظم کی قبور پر حاضری دینے کی اجازت ہو گی۔

پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں بھی یوم پاکستان بھرپورطریقے سے منا رہی ہیں، گرجا گھروں، مندروں اورگوردواروں میں بھی ملکی سلامتی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔

[pullquote]وزیراعظم عمران خان کا بیان[/pullquote]

وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد انصاف اور مساوات پر کاربند رہنے کے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے، آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بے مثال قربانیوں کے ذریعے قوم کو متحد کرنے کی جدوجہد کی۔

عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا اور اب اس کے استحکام اور ترقی کی کلید سخت محنت ، دیانتداری اور اخلاقیات میں مضمر ہے، یہ دن مناتے ہوئے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے سنہری اصولوں ایمان ، اتحاد اورتنظیم پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے، ہمیں خود کو ریاست مدینہ کی طرز پر ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کیلئے وقف کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں کا ادراک کرنا چاہیے، ہماری حکومت نے غربت کے خاتمے اور انصاف کے فروغ کیلئے طویل المدت اصلاحات متعارف کرائیں اور اقدامات اٹھائے ہیں، ہماری توجہ معاشرے کے نظرانداز کیے جانے والے طبقے اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام نوجوانوں، کاشت کاروں، چھوٹے کاروبار اورکم لاگت کے مکانات کے شعبہ کیلئے زبردست اقتصادی فوائد کا حامل ہے، قومی صحت کارڈ کے فلیگ شپ پروگرام سے تمام شہریوں کو صحت کی ہمہ گیر سہولیات فراہم ہوں گی جو ملک کی تاریخ میں ایک بے مثال پروگرام ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں جس میں سابقہ حکومتوں نے خلل ڈالا تھا، ماضی کی حکومتوں نے قومی مفاد اورعوام کی فلاح وبہبود کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، کرپشن کے خاتمے اور اخلاقی معیارات کو بلند کرنے کی جدوجہد کیلئے اسی جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ ہمارے آبا و اجداد نے تحریک آزادی کے دوران کیا تھا۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کو ملک کے عظیم بانیان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

[pullquote]صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی[/pullquote]

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ یوم ِ پاکستان برصغیر کی تاریخ میں کئی حوالوں سے اہم دن ہے، 1940ء میں اس دن مسلمانوں نے ’’جداگانہ انتخاب‘‘ کی بجائے ’’علیحدہ ریاست‘‘ کا مطالبہ کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ’اس دن مسلمانوں نے انگریزوں پر واضح کر دیا کہ کانگریس مسلمانوں کی نمائندہ سیاسی جماعت نہیں، اس دن مسلمانوں نے واضح کیا کہ برصغیر کی تقسیم میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی، ہمارا فرض ہے کہ ہم قوم کیلئے بروقت اور دانشمندانہ سیاسی فیصلے لینے والے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں‘۔

صدر مملکت نے کہا کہ ’وقت نے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کے مطالبے کو سیاسی طور پر درست ثابت کیا ہے، جموں و کشمیر، بھارت میں مسلمانوں کی صورت حال واضح ثبوت ہیں کہ متحدہ ہندوستان میں ہندو اکثریت کے رحم و کرم پر مسلمانوں کا کیا حشر ہوتا، ہمیں مختلف قومیتوں اور اقلیتوں کو ایک قوم میں یکجا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز پر اجتماعی کوششوں سے قابو پایا جا سکتا ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک معاشی طور پر مضبوط اور خوش حال ملک بن جائے گا، ہمیں اپنے آباؤ اجداد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے مل کر قومی اتحاد اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے‘۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے