تحریک عدم اعتماد مسترد : اپوزیشن کا احتجاج

[pullquote]کرسی بچانے کیلئے آئینِ کا حلیہ بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مریم نواز[/pullquote]

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کرسی بچانے کیلئے آئینِ کا حلیہ بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپنی کرسی کو بچانے کے لئے آئینِ پاکستان کا حلیہ بگاڑنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جانی چاہیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئین کی خلاف ورزی کے جرم پر اگر اس پاگل اور جنونی شخص کو سزا نہ دی گئی تو آج کے بعد اس ملک میں جنگل کا قانون چلے گا۔

[pullquote]شہباز شریف نے عمران خان کو آئین اور جمہوریت کا غدار قرار دے دیا[/pullquote]

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے عمران خان کو آئین اور جمہوریت کا غدار قرار دے دیا ۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا عمران نیازی اور ان کے حواریوں نے کھلی آئین شکنی کی، آرٹیکل 6 کی پکڑ میں آگئے، ایوان میں ثابت ہوگیا کہ عمران نیازی ہار گئے ہیں، اس وقت ملک میں کوئی حکومت نہیں، ایک آئین شکن ٹولے نے قبضہ کیا ہوا ہے۔

شہباز شریف نے کہا عمران نیازی وزیراعظم ہی نہیں تو اس آئینی اختیار کو استعمال کیسے کرسکتا ہے، آئین کی شق 5 کو استعمال کیاگیا، اسی میں لکھا ہے کہ ہر صورت آئین پر عمل کیاجائے گا، شخصی اقتدار کو غیرآئینی طول دینے کے لئے آئین پر حملہ کیا گیا۔

قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا عمران نیازی ملک کو انارکی میں دھکیل چکے ہیں، چیف جسٹس پاکستان ملک کو بحران سے بچا سکتے ہیں۔ امید ہے کہ عدالت عظمی آئین کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے اور ملک کو آئین شکنی سے تحفظ کے لئے اپنا آئینی فرض پورا کریں گے۔

[pullquote]بلاول بھٹو کا ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان[/pullquote]

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی دھجیاں اڑائیں، ان کے فیصلے کے خلاف آج سپریم کورٹ جائیں گے۔

پارلیمنٹ کے اندر میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے ہمارے پاس تعداد مکمل تھی اور ہم وزیراعظم کو عدم اعتماد میں شکست دلوانے کی پوزیشن میں تھے، اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے آئین کی دھجیاں اڑائیں اور آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں ہونے دی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا آئین توڑا گیا ہے اور اس کی سزا آئین میں واضح ہے، آئین کے مطابق عدم اعتماد کی ووٹنگ آج ہی ہونی ہے، متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ فیصلہ کیا ہے کہ جب تک ہمارا آئینی حق ہمیں نہیں جاتا ہم پارلیمنٹ میں دھرنا دیں گے، ہم اپنے قانونی ماہرین اور وکلا کے ساتھ اسی وقت سپریم کورٹ جائیں گے اور عدالت سے درخواست کریں گے کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ آج ہی کی جائے، ہم تمام اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے آئین کی حفاظت کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے