اسلام آباد: نئی حکومت میں کس جماعت کو کون سی وزارت ملے گی طے پانا شروع ہوگیا۔
اپوزیشن جماعتوں میں نئی حکومت سازی کے فارمولے پر مشاورت جاری ہے، کس کو نئی حکومت میں کیا ملے گا معاملات خوش اسلوبی سے طے پانا شروع ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں اتحادیوں کو زیادہ سے زیادہ کابینہ میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا، اور دوسرے مرحلے میں دیگر وزارتیں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ارکان کو دی جائیں گی، پیپلز پارٹی کو قومی اسمبلی میں اسپیکر شپ کا عہدہ، وزارت خارجہ اور دیگر اہم وزارتیں ملیں گی، تاہم چئیرمن پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا نئی حکومت میں کوئی عہدہ نا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد نے موجودہ صدر کے مواخذے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، مواخذے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری یا مولانا فضل الرحمان صدر کے امیدوار ہوں گے، وزارت خارجہ کا قلمدان بھی پیپلز پارٹی کو ملنے کا قوی امکان ہے، ایم کیو ایم کو سندھ کی گورنر شپ کے ساتھ دو سے 3 وازارتیں ملنے کا امکان ہے، بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) کو 2 وزارتیں جب کہ مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ کو بھی اہم وزرت ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی کو 2 سے 3، وزارتیں، اختر مینگل کو 2 جبکہ شاہ زین بگتی، اے این پی اور اسلم بھوتانی کو بھی ایک ایک وزارت سے نوازے جانے کا امکان ہے، جب کہ مسلم لیگ ن کو سب سے زیادہ وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزارت داخلہ، اطلاعات، ریلوے، اوور سیز، خزانہ، دفاع سمیت دیگر وزارتیں ن لیگ کے پاس ہوں گی۔