اسلام آباد ۔ سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 8ویں برسی ملک بھر میں آج 27 دسمبر کو منائی جائے گی۔ بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ میں عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی اور مقامی قیادت لیاقت باغ میں محترمہ کی جائے شہادت پر عوامی اجتماع سے خطاب کرے گی۔
قبل ازیں صبح 11 بجے فاتحہ خوانی کی جائے گی اور لوگوں میں لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ دریں اثناءمختلف شہروں میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی، جبکہ گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب ہوگی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹر شہید سے عقیدت کے اظہار کیلئے کارکن خون کے عطیات دیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے یوم شہادت کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
[pullquote]چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مرکزی اور صوبائی کارکنوں کے ہمراہ نوڈیرو ہاﺅس لاڑکانہ میں خون کا عطیہ دیں گے۔ ملک بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن خون کے عطیات دیں گے یہ عطیات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی ہونے والے افواج پاکستان کے جوانوں، مریضوں اور ویلفیئر سوسائیٹیز کو دیئے جائیں گے۔[/pullquote]
دریں اثناء وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت منانے کیلئے تحصیل و ضلع کی سطح پر خصوصی تقریبات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
آئی بی سی اردو پر محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی کے بارے میں تصویری جھلکیاں پیش کی جارہی ہیں ۔

























