پاکستان کے فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہوچکا : حنا ربانی

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے پاکستان کے دونوں ایکشن پلان کو مکمل قرار دے دیا ہے۔

فیٹف اجلاس کے سلسلے میں جرمنی کے شہر برلن میں موجود حنا ربانی کھر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے متفقہ طور پر ہماری کوششوں کو سراہا ہے، ہماری کامیابی 4 سال کے مشکل سفر کا نتیجہ ہے۔

حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ پاکستان اس رفتار کو جاری رکھنے، معیشت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج تمام پاکستانیوں کیلئے خوشی کا دن ہے، قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، فیٹف نے پاکستان کو تمام نکات پر کلیئر کردیا ہے جس کے بعد فیٹف پروسیجر کے تحت پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہوچکا ہے، توقع ہے اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب فیٹف پروسیجر کے مطابق ایک تکنیکی جائزہ ٹیم پاکستان بھیجی جائے گی، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ یہ ٹیم اکتوبر 2022 کے فیٹف پلینری سائیکل سے پہلے اپنا کام مکمل کرے اور ہم نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی اکتوبر 2022 میں ہمارا فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل اختتام کو پہنچے گا۔

[pullquote]پاکستان نے تمام شرائط مکمل کرلی ہیں، فیٹف[/pullquote]

برلن:فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کا کہنا ہے کہ پاکستان نے تمام شرائط مکمل کرلی ہیں۔

خیال رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) گرے لسٹ سے متعلق ممالک کے اسٹیٹس کا اعلان آج ہونا تھا تاہم پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے حوالے سے اعلان نہ ہوسکا۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایف اے ٹی ایف اجلاس کے کا آج آخری روز تھا۔

فیٹف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 34 آئٹمز پر مبنی اپنے دو ایکشن پلان مکمل کر لیے ہیں، پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کی تصدیق کی جائے گی۔

فیٹف کا کہنا ہے کہ کورونا صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے جلد از جلد پاکستان کا دورہ کیا جائے گا، پاکستان نے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنانسنگ روکنے کیلئے اصلاحات مکمل کیں۔

فیٹف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کیلئے اصلاحات مکمل کیں۔ اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل دہشت گرد گروپوں، رہنماؤں کی پراسیکیوشن پرپاکستان نے بہت پیش رفت کی ہے، منی لانڈرنگ کی تحقیقات اور پراسیکیوشن میں بھی پاکستان میں مثبت رجحان رہا ہے۔

خیال رہے کہ 28 فروری 2008 کو پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل گیا تھا اور اہداف حاصل کرنے کیلئے پاکستان کو ایشیا پیسیفک گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔

جون 2010 میں مثبت پیش رفت پر پاکستان کو فیٹف کی نگرانی کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا تاہم 16 فروری 2012 میں پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔

[pullquote]فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، شاہ محمود قریشی[/pullquote]

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف کے دور میں وزیر خارجہ رہنے والے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی گرے لسٹ سے نکلنے پر قوم کو مبارک باد دیتا ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیصلہ ہوگیا ہے کہ پاکستان اب گرے لسٹ میں نہیں ہوگا، فیٹف کا دورہ پاکستان رسمی ہوگا، فیٹف کی تمام شرائط پر عمل درآمد ہوگیا ہے، فیٹف اکتوبر میں باضابطہ اعلان کرے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں پاکستان گرے لسٹ میں شامل ہوا تھا، تمام شرائط پرعمل ہوگیا، اب گرے لسٹ میں رہنے کا کوئی جواز نہیں تھا، بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کرانے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔

خیال رہے کہ فیٹف کی جانب سے آج گرے لسٹ میں شامل ممالک کے اسٹیٹس کا اعلان کیا جانا تھا تاہم پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے حوالے سے باضابطہ اعلان نہ ہوسکا۔

فیٹف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے تمام شرائط مکمل کرلی ہیں۔ پاکستان نے 34 آئٹمز پر مبنی اپنے دو ایکشن پلان مکمل کر لیے ہیں، پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کی تصدیق کی جائے گی۔

فیٹف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کیلئے اصلاحات مکمل کیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے