بلوچستان کے سیلاب متاثرین کو فوری طور پر معاوضہ دیا جائے : وزیراعظم

کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سیلاب متاثرین کو کیمپوں میں کھانا فراہم نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کیا، واقعے پر متعلقہ افسران کو معطل کردیا گیا، وزیراعظم نے متاثرین کو فوری طور پر معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔

بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے کیمپ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ امدادی کیمپوں میں کھانا فراہم نہ کیا جانا افسوس ناک ہے، میڈیکل کیمپوں میں کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امدادی کیمپوں میں کھانا فراہم نہ کرنے پر انتظامیہ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں ںے چیف سیکریٹری بلوچستان کو کھانا فراہم نہ کرنے والے عملے کو فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت کی جس پر عملے کو معطل کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کو فوری طور پر زرتلافی ادا کرنے کا حکم جاری کردیا اور کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے دئیے جائیں گے، سیلاب متاثرین کے کیمپوں میں آج سے صبح اور رات کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے بلوچستان کی حالت ناقابل بیان ہے، بارشی سیلاب سے 142 افراد جاں بحق اور ہزاروں مکانات مکمل تباہ ہوئے، کھڑی فصلیں اور بے شمار پلوں اور سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا، مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی اور تمام وفاقی ادارے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

[pullquote]وزیراعظم کی لیفٹینٹ کرنل لئیق بیگ شہید کے اہلخانہ سے تعزیت [/pullquote]

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف دورہ بلوچستان کے دوران کوئٹہ میں لیفٹینٹ کرنل لئیق بیگ مرزا شہید کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مادر وطن کے تحفظ و سلامتی اور دفاع کے لئے شہدا کی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارے ہیروز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا اور ان کے بہادر اہل خانہ کی مقروض ہے۔ لیفٹینٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو زیارت کے قریب دہشت گردوں نے شہید کردیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے