‘مذہبی سکالر’ عامر لیاقت فلم نگری میں قسمت آزمائیں گے

فوجی آمر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے دور میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور اورنجی شعبے میں سب سے پہلے سیٹلائیٹ چینل کے مذہبی پروگرام ‘عالم آن لائن’ سے شہرت حاصل کرنے والے ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے فلم میں بطور اداکار کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عامر لیاقت حسین کو فلم ڈائریکٹر سید نور نے اپنی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی جس کو انہوں نے قبول کر لیا۔

نجی ٹی وی چینل جیو کہانی پر مارننگ شو کرنے والے عامر لیاقت حسین فلم کی پیشکش کرتے ہوئے سید نور کا کہنا تھا کہ آپ کی شخصیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مبلغ اور روحانی شخصیت کا کردار سوچا ہے جو آپ کے سوا کوئی ادا نہیں کرسکتا۔

معاصر عزیز روزنامہ "جنگ” میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق سید نور کی پیشکش پر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ آپ ملک کے سب سے بڑے اور معتبرفلمی ہدایتکار ہیں، اگر مجھے ذہن میں رکھ کر آپ نے کوئی کردار سوچا ہے تو میں ضرور ادا کروں گا کیونکہ فلم بھی اصلاح کا ایک ذریعہ ہے۔

عامر لیاقت حسین نے یہ بھی کہا کہ سید نور کا سلسلہ نسب برگزیدہ ہستی حضرت شاہ ابوالمعالی ؒ سے جاملتا ہے اور وہ اُن کے دربار کے گدی نشین بھی رہے ہیں جس کی وجہ سے سید نور سے ملنا ان کی زندگی کی بڑی خواہش تھی۔
خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین جیو پر ‘عالم آن لائن’ کے نام سے پروگرام سے مشہور ہوئے، اس پروگرام میں وہ علماء اکرام کے ساتھ مختلف معاملات پر گفتگو کرتے ہیں. بعد ازاں انہوں نے انعام گھر کے نام سے تفریحی کوئز شو اور رمضان میں خصوصی شوز کے ذریعے بھی شہرت حاصل کی.

عامر لیاقت حسین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ٹکٹ پر کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں جبکہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں اس وقت کے وزیر اعظم شوکت عزیز کی کابینہ میں وزیر برائے مذہبی امور بھی رہ چکے ہیں۔

بشکریہ:العربیہ اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے