[pullquote] پی ٹی آئی نے عمران خان کو نااہل قرار دینے پر الیکشن کمیشن کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال ، سڑکیں بند [/pullquote]
اسلام آباد: پی ٹی آئی نے عمران خان کو نااہل قرار دینے پر الیکشن کمیشن کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی جس کے بعد مختلف شہروں میں کارکنان باہر نکل آئے اور انہوں نے سڑکیں بند کرنا شروع کردیں۔
آج الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا ہے جس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔
مختلف شہروں میں موٹروے اور اہم سڑکیں بند ہونے سے عوام میں خوف اور غیریقینی کی کیفیت پیدا ہوگئی جبکہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کردیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے داخلی راستوں پر گشت بڑھا دیا گیا ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ایمبولینسز اور قیدی وینز کو مختلف مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے، بچوں اور خواتین سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
احتجاج کی ہدایت ملنے پر پی ٹی آئی ضلع پشاور کی قیادت نے موٹروے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ قیادت نے کارکنان کو فوری طور پر موٹروے ٹول پلازہ پہنچنے کی ہدایت کردی۔
ہدایت ملنے پر کارکنان پہنچ گئے اور انہوں نے پشاور موٹر وے انٹر چینج ایم ون بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے فیض آباد سے زیرو پوائنٹ ہائی وے بلاک کردی ہے۔ کارکنوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال جانے والا راستہ بھی بند کر دیا۔
لاہور میں چنگی امرسدھو پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے احتجاج شروع کردیا۔ پی ٹی آئی ورکرز نے کلمہ چوک میں بھی احتجاج شروع کردیا۔ کارکنوں نے میٹرو بس سروس بھی بند کردی اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔
[pullquote]فیض آباد پر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ، آنسو گیس شیلنگ، پتھراؤ[/pullquote]
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان فیض آباد پہنچ گئے اور انہوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ سڑک بلاک کرنے والوں میں ایم این اے راشد شفیق، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم، ایم پی اے عمر تنویر بٹ اور دیگر شامل ہیں۔ ڈیپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے فیصلےکو قوم سے زیادتی قرار دے کر کارکنوں کو فیض آباد پہنچے کی کال دے دی۔ مظاہرین نے مریض کو لینے جانے والی ایمبولینس کو بھی واپس موڑ دیا۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس پہنچ گئی جہاں اسے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی۔
کارکنان نے اسلام آباد پولیس پر پتھراو شروع کر دیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس اہلکار پر تشدد کیا اور وفاقی پولیس کے ڈیوٹی پر تعینات ایک اہلکار کا سر پھاڑ دیا۔
صوبائی وزیر راجہ بشارت کے حلقے بکرا منڈی چوک میں بھی کارکنان بے قابو ہوگئے اور کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف نعرے بازی کی۔
اسلام آباد مار گلہ روڑ پراین اے 63 میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے رہنما غلام سرور خان کی قیادت میں بھرپور احتجاج کیا اور سڑک بند کردی۔
[pullquote]اسلام آباد میں پولیس کی بھاری نفری تعینات[/pullquote]
پی ٹی آئی کے احتجاج پر اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ اسلام آباد ایکسپریس وے اور سرنگر ہائی سمیت شہر بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشن، اسلام آباد انتظامہ اور پولیس کے اعلی افسران فیلڈ گشت پر نکل آئے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد نے ریڈ زون کا دورہ کیا اور احتجاج کے مقامات پر بریفنگ لی۔
بہارہ کہو میں لوگوں نے سڑک پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک ہوئی اور عمران خان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ عوام کی جانب سے جانب داری نامنظور کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔ بھارہ کہو سے ایک ریلی شاہراہ دستور کی طرف روانہ ہوگئی۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا اور کارکنوں نے نعرے بازی کی، پولیس نے الیکشن کمیشن کی عمارت کو حصار میں لے لیا۔
[pullquote]ایکسپریس وے سوہان کے قریب کارکنان کی جانب سے روڈ بلاک کردیا گیا۔[/pullquote]
اسپیشل برانچ نے آئی جی کو رپورٹ دی ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد راولپنڈی کی سڑکیں بلاک کی جارہی ہیں جس پر پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کردی۔
پولیس کے مطابق شہر میں مختلف مقامات پر ایف سی کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی۔ اسلام آباد پولیس اور رینجرز کی مشترکہ پٹرولنگ شروع کردی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے سری نگر ہائی وے بلاک کردی اور وہاں پر ٹائر جلائے جس سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔
[pullquote]پنڈی لیتڑاڑ نیلور روڈ پر احتجاج [/pullquote]
پی ٹی آئی کارکنوں نے پنڈی میں لیتڑاڑ نیلور روڈ پر شدید احتجاج کیا، شاہراہ پر ٹائروں کو آگ لگا کر آمد و رفت کے لیے بند کردیا جس پر پولیس اور فوج کے جوانوں نے شاہراہ کو کلیئر کروا کر ٹریفک بحال کردی۔
رحیم یار خان میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے باہر نکل آئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔
گوجرانوالہ کے چندا قلعہ چوک میں پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج شروع کردیا، ضلعی صدر میاں ارقم خان کی قیادت میں احتجاج جاری ہے جس کارکنان کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھ کر انتظامیہ نے پولیس طلب کرلی۔
فیروز پور میں مرکزی سڑک پر لوگوں نے ٹائر جلاکر اسے بند کردیا، فیروز پور روز پر چاروں طرف سے ٹریفک جام ہونے کے سبب سیکڑوں گاڑیاں اور موٹر سائیکل پھنس گئیں۔
[pullquote]سڑکیں بند ہونے پر پولیس کی عوام کو متبادل راستوں سے جانے کی ہدایت[/pullquote]
اسلام آباد کی ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ احتجاج کے سبب ترامڑی چوک بند کردیا گیا ہے، مری روڈ متبادل استعمال کیا جائے، ترنول کے قریب چونگی نمبر 26 بھی بند ہے، جس کا متبادل پشاور موڑ استعمال کیا جائے، اسلام آباد ہائی وے پر اقبال ٹاؤن کے مقام پر ٹریفک بند ہے متبادل لہتراڑ روڈ استعمال کیاجائے، بھارہ کہو میں اٹھال چوک بھی دونوں اطراف سے بند ہے، ریڈ زون میں ایکسپریس چوک اور نادرا چوک پر بھی ڈائیورشن لگادی گئی، متبادل راستے مارگلہ روڈ، سرینا چوک اور ایوب چوک استعمال کریں۔
[pullquote]لوگ اس فیصلے کے خلاف باہر نکلیں، فواد چوہدری[/pullquote]
فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ فیصلہ 22 کروڑ لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے، لوگ اس کے خلاف اپنے حق کے لیے باہر نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہو چکی ہے، پوری قوم اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے، انشاءاللہ اب ان طاقت کے ایوانوں کو الٹا کر ہی آئین کو بچایا جا سکتا ہے۔
فیصلے کے بعد ملک کے تمام شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے الیکشن کمیشن اور حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ کارکنوں نے ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج شروع کردیا، کئی دفاتر کے باہر جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا اور سڑکیں بند کردی گئیں۔
[pullquote]آئی جی اسلام آباد کا سڑکیں بند کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم[/pullquote]
اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے احتجاج پر آپریشنل شعبے کی تمام نفری کو سڑکوں پر آنے اور سڑکیں بند کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
آئی جی نے حکم دیا ہے کہ نہ صرف ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز بلکہ زونل ایس پیز، ایس ایس پی آپریشن اور ڈی آئی جی خود پٹرولنگ کی مانیٹرنگ کریں، ڈائریکٹر سیف سٹی شہر بھر کی موثر مانیٹرنگ کرکے آپریشنل پولیس افسران سے لمحہ بہ لمحہ رابطے میں رہیں۔
ذرائع کے مطابق آنسو گیس کے شیل فیض آباد، ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ، بے نظیر چوک، گولڑہ موڑ، سترہ میل کے اہم داخلی و خارجی راستوں پر تعینات پولیس نفری کو فراہم کردئیے گئے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی نے حکم دیا ہے کہ جس علاقے میں امن عامہ میں خلل پڑا یا شاہراہیں بلاک ہوئیں متعلقہ افسران سے باز پرس ہوگی، کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کرکے امن تباہ کرنے والوں کو فوری حراست میں لیا جائے، قانون کو ہاتھ میں لینے اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے زیرو ٹالیرنس کے تحت نمٹا جائے۔
ذرائع کے مطابق اسپیشل برانچ نے آئی جی کو رپورٹ دی ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد راولپنڈی کی سڑکیں بلاک کی جارہی ہیں جس پر پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کردی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی جی نے حکم دیا ہے کہ جو مظاہرین سڑک بلاک نہ کریں اور پُرامن رہیں انہیں نہ روکا جائے لیکن جو سڑک بلاک کرے اس سے ہرگز نرمی نہ برتی جائے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج پر اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ، ڈی آئی جی آپریشن، اسلام آباد انتظامہ اور پولیس کے اعلی افسران فیلڈ گشت پر نکل آئے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے اور سرنگر ہائی سمیت شہر بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد نے ریڈ زون کا دورہ کیا اور احتجاج کے مقامات پر بریفنگ لی۔
[pullquote]پُرامن احتجاج کریں! عمران خان کی مظاہرین کو ہدایت[/pullquote]
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی نااہلی کے خلاف مظاہرین کو پرامن احتجاج کی ہدایت کردی۔
بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو ہوا نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا، عمران خان نے مظاہرین کو ہدایت دی ہے کہ پُرامن احتجاج کیا کریں۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بھی بریفنگ دی گئی، پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر قیادت کے مشاورتی اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل الیکشن کمیشن پاکستان نے عمران خان نیازی کو توشہ خانہ کیس میں 5 سال کیلئے نا اہل قرار دیتے ہوئے ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دے دی ہے اور ساتھ ہی عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔
[pullquote]کے پی پولیس اہلکار کی الیکشن کمیشن کے باہر فائرنگ، عمران خان زندہ باد کے نعرے[/pullquote]
اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد کے پی پولیس کے اہلکار نے الیکشن کمیشن کے باہر فائرنگ کی جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
خیبر پختونخوا پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے عمران خان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے، اسلام آباد پولیس نے اہلکار کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
الیکشن کمیشن کے باہر فائرنگ کرنے والا کے پی پولیس کا اہلکار گرفتار pic.twitter.com/vbEs3w26b4
— Ghazanfar Abbas (@ghazanfarabbass) October 21, 2022
فائرنگ کرنے والا کے پی پولیس کا اہلکار ایم این اے صالح محمد کا گن مین تھا، اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی ایم این اے کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
کے پی پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
پی ٹی آئی پارٹی کارکنوں نے ایم این اے صالح محمد کو چھڑا لیا تھا تاہم اسلام آباد پولیس صالح محمد کو دوبارہ گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
گرفتاری سے قبل ایم این اے صالح محمد کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے کے پی پولیس کے اہلکار نہیں تھے بلکہ اسلام آباد پولیس نے خود فائرنگ کی، میرے دو گن مینز کو تشدد کا نشانہ بنایا۔