والٹر کیونگ نامی 72 سالہ امریکی شہری کو ’’پلاسٹک صاحب‘‘ کہا جاتا ہے کیونکہ ان کے پاس 1500 کریڈٹ کارڈ ہیں جو سب کے سب قابلِ استعمال ہیں۔
سب سے زیادہ کریڈٹ کارڈ رکھنے والے اس امریکی شہری کے لباس میں سب بڑا بٹوا بھی سلا ہوا ہے جس میں وہ اپنےتمام کارڈ سنبھال کر رکھتے ہیں اور انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے ’’پلاسٹک فینٹاسٹک‘‘ کا خطاب بھی دیا ہے۔ ان کے پاس موجود بٹوا 250 فٹ طویل ہیں جن میں 800 کارڈ سماسکتے ہیں جن کا مجموعی وزن 17 کلوگرام ہے جب کہ بقیہ کارڈ وہ بینک کے محفوظ لاکر میں رکھتے ہیں۔
والٹر نے 1960 کے عشرے سے کریڈٹ کارڈ جمع کرنا شروع کیے جس کے لیے انہوں نے اپنے ایک دوست سے شرط لگائی تھی اور ان کے پاس سال کے آخر تک 138 جب کہ والٹر کے پاس 143 کارڈ جمع تھے۔ شرط جیتنے کے بعد انہوں نے اپنا مشغلہ جاری رکھا اور انہوں نے پیٹرول پمپ، ایئرلائنز اور یہاں تک کہ آئسکریم کی دکانوں سے بھی کریڈٹ کارڈ حاصل کیے جن میں خرچ کی حد بھی مختلف ہے۔ ان کے پاس قدیم اور نایاب کریڈٹ کارڈ بھی ہیں جو کاغذ اور المونیم پر مشتمل ہے۔
والٹر کے پاس 1971 سے اب تک سب سے زیادہ کریڈٹ کارڈ رکھنے کا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز ہے جو اب تک کوئی نہیں چھین سکا ہے۔ سارے کے سارے کارڈ ان کے نام پر ہے جن کی مالیت 17 لاکھ ڈالر ہے۔