کراچی: مہنگی بجلی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں جبکہ جماعت اسلامی ہفتہ 2 ستمبر کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔
جماعت اسلامی نے بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ ریلیف کے معاملے پر آئی ایم ایف نے دو ٹوک جواب دیا ہے کہ بجلی کے بل جتنے بھی آئیں ادائیگی کرنا پڑے گی۔

پنجاب
لاہور میں ہربنس پورہ پل جانب جلوموڑ کی طرف 200 سے زائد مرد و خواتین نے بجلی بلز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کینال روڈ کو بلاک کر دیا۔
سی ٹی او لاہور نے سرکل آفیسر کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔
گوجر خان
گوجر خان میں بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف جی ٹی روڈ پر مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں کیا گیا اضافہ فوری واپس لیا جائے اور بجلی کے بلوں میں لگائے گئے بے تحاشا ٹیکسسز بھی واپس لینے کا اعلان کیا جائے۔
مظاہرین نے جی ٹی روڈ پر ٹریفک بلاک کر دی اور آئیسکو کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ جی ٹی روڈ بند ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
گوجر خان مظاہرے میں تحصیل بار نمائندے، تاجر اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔
اوکاڑہ
اوکاڑہ میں بھی احتجاج جاری ہے۔ صدر انجمن تاجران اوکاڑہ شیخ ریاض انور کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے۔
مری
بجلی بلوں کے خلاف مری میں بھی مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہے۔
مرکزی انجمن تاجران مری کی کال پر بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے اور طوفانی مہنگائی کے خلاف مری میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔
مری کے ٹرانسپوٹرز نے بھی مرکزی انجمن تاجران مری کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔
وہاڑی، چشتیاں اور ملتان
وہاڑی میں انجمن تاجران کی کال پر پورا وہاڑی بند ہے جبکہ چشتیاں میں بجلی بلوں میں اضافے پر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔
ملتان میں انجمن تاجران کی کال پر مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہے۔ چوک کچہری پر بڑھتی مہنگائی کے خلاف وکلا اور جماعت اسلامی کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔
حویلی لکھا اور ڈی جی خان
مرکزی انجمن تاجران کی ہدایت پر حویلی لکھا میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان یں آل پاکستان انجمن تاجران کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر شہر کی مارکیٹیں بند ہیں۔
بہاولنگر
شہر میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف اسکول کے بچے بھی روڈ پر آگئے۔ چک مدرسہ میں بچوں نے مظاہرہ کیا۔ ننھے طلبہ نے کہا کہ ہمارے والدین فیس دے یا اتنے بڑے بڑے بل ادا کریں۔
بجلی بلوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی جاری ہے۔ شہر بھر میں بازار، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔
بورے والا
بورے والا میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور ظالمانہ ٹیکسسز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ مظاہرین نے بجلی کے بل بھی نذر آتش کیے۔
فورٹ عباس
فورٹ عباس میں آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر تحصیل بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ شہر کے تمام تجارتی مراکز مکمل طور پر بند ہیں۔
خیبر پختونخوا
پشاور میں مہنگائی کے خلاف خیبر پختونخوا بار کونسل نے ہڑتال کی ہے۔ بار کونسل نے آج عدالتی کارروائی سے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے، صوبے بھر کی عدالتوں میں آج وکلاء پیش نہیں ہوئے۔
صوابی
صوابی میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور ناجائز ٹیکسز کے خلاف واپڈا افس کے سامنے عوامی احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نگراں حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
جھانگیرہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
مقررین کا کہنا ہے کہ بجلی بلوں کی ادائیگی کے لیے لوگ زیورات بیچنے اور خودکشیوں پر مجبور ہیں، بجلی بل جمع کروانا عوام کے بس میں نہیں لہٰذا آئی ایم ایف کا ایجنڈہ نامنظور۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور لاگو ناجائز ٹیکسز واپس لیا جائے۔
مردان
مہنگائی اور بجلی بلوں کے خلاف مرکزی تنظیم تاجر اتحاد کی اپیل پر شہر میں شٹر ڈوان ہڑتال کی جا رہی ہے۔ شہر کے بازار اور چھوٹے بڑے مراکز تاحال بند ہیں۔
آزاد کشمیر
ضلع کوٹلی میں سہنسہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی طالبات نے روڈ بند کر کے مہنگی بجلی و ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ کالجز روڈ میراہ ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت ریاست بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جا رہی ہے۔
مہنگی بجلی کیخلاف بچے اور طالبات بھی سڑکوں پر نکل آئیں
بہاول نگر: بجلی کے بلز میں بھاری بھرکم ٹیکسز کیخلاف ننھے بچے بھی میدان میں آگئے۔
بہاولنگر کے علاقے چک مدرسہ میں اسکول کے بچوں نے بجلی کے بلوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔
ننھے طلبہ کا کہنا تھا کہ ہمارے والدین فیس دیں یا اتنے بڑے بڑے بل بھریں خدارا ہمیں پڑھنے دیں ، اگر اتنے بل آئے تو والدین ہمیں اسکول سے اٹھالیں گے۔

ادھر کوٹلی میں سہنسہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی طالبات بھی سڑکوں پر نکل آئیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
طالبات نے روڈ بند کر کے مہنگی بجلی و ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے محکمہ برقیات ہائے ہائے ، نہیں چلے گی نہیں چلے گی غنڈہ گردی نہیں چلے گی کے نعرے لگائے۔
روڈ بند ہونے سے مسافروں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کے الیکٹرک ، مہنگی بجلی اور مہنگائی کیخلاف وکلا کا احتجاج، بلز جلادیے
کراچی: کے الیکٹرک ، اوور بلنگ، خفیہ چارجز اور مہنگائی کیخلاف وکلا سڑکوں پر نکل آئے۔
وکلا نے سندھ ہائیکورٹ سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور کے الیکٹرک بل بھی نذر آتش کیئے۔
بجلی کے بلوں اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف وکلا نے احتجاج کیا اور سندھ ہائیکورٹ سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی۔

ریلی سے قبل سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا جنرل باڈی اجلاس ہوا۔
سابق وائس چیئرمین سندھ بار کونسل بیرسٹر حیدر امام ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح ملک کو لوٹا جارہا ہے، جو آواز اٹھائے گا اس کو اٹھا لیا جائے گا۔ ایمان مزاری کی طرح کئی خواتین کو لاپتا کیا گیا ہے۔ کے الیکٹرک کے بڑھتے ہوئے بجلی کے بلوں کیخلاف ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وکلا نے کے الیکٹرک ، اوور بلنگ، خفیہ چارجز اور مہنگائی کیخلاف پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے۔ انہوں نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کے الیکٹرک کے بلز بھی نذر آتش کردیئے۔
وکلا نے بجلی کے بلوں میں فوری رلیف دینے اور اضافی ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
بجلی کے 400 یونٹس تک استعمال کرنے والوں کو ریلیف دینے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کے بارے میں جامع پلان آئی ایم ایف سے شیئر کر دیا، 400 یونٹس تک استعمال کرنے والوں کو ریلیف دینے کا پلان زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق پلان کے تحت بجلی کے بنیادی یونٹ کو مرحلہ وار بڑھانے جبکہ بجلی کے بلوں کی ادائیگیوں میں سہولت دینے کی تجویز بھی آئی ایم ایف کو فراہم کر دی گئی ہے۔ مجوزہ پلان کے تحت ہر صارف کو بجلی کے بل قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت دینے کی تجویز ہے، آئی ایم ایف نے رضامندی ظاہر کی تو دو ماہ کے لیے معاہدہ ہو سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی چوری روک کر 250 ارب روپے کے ریلیف کے لیے رقم جمع کرنے کا پلان تیار کرلیا گیا ہے، اگست اور ستمبر کے بلوں کو اقساط میں لینے کے لیے وزارت خزانہ تحریری گارنٹی دے گی۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ہنگامی طور پر بجلی کی چوری کی روک تھام کے لیے ایکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے، بجلی کے 400 یونٹس تک استعمال کرنے والوں کو ریلیف دینے کا پلان زیر غور ہے۔