اسلام آباد ؛ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد (IIUI) کے صدر کے عہدے پر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی چار سال کے لیے عمل میں آئی ہے۔
یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی تعیناتی بورڈ آف ٹرسٹیز کی 17 ویں خصوصی میٹنگ کے فیصلے کی روشنی میں کی گئی، جو 25 مارچ 2025 کو ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت صدر پاکستان نے بطور چانسلر IIUI کی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، تعیناتی کا اطلاق 29 اپریل 2025 سے ہو گا اور اس کی مدت چار برس ہو گی، جو IIUI آرڈیننس 1985 کی دفعہ 13(1) کے تحت مقرر کی گئی ہے۔
یہ نوٹیفکیشن عتیق الرحمان چغتائی، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس مینجمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کی کاپیاں صدر پاکستان، وزیراعظم، وفاقی وزرائے تعلیم، ایچ ای سی چیئرمین، تمام پبلک یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، بورڈ آف ٹرسٹیز و گورنرز کے ارکان سمیت اہم حکام کو ارسال کی گئی ہیں۔