جنوبی وزیرستان؛ جنوبی وزیرستان کے کمسن بچوں کا شاندار کارنامہ، گینیز ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا
جنوبی وزیرستان کے کم عمر مارشل آرٹسٹ سفیان محسود اور عدنان نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے فراگ جمپس میں گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے 20 فراگ جمپس کا چیلنج دیا گیا تھا، جسے دونوں بچوں نے نہ صرف پورا کیا بلکہ حیرت انگیز طور پر 47 فراگ جمپس مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
سفیان محسود اس سے قبل بھی 2 بھارتی گینیز ریکارڈز توڑ چکے ہیں اور اب پاکستان کے سب سے کم عمر گینیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گئے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ذاتی سطح پر ایک سنگ میل ہے بلکہ قبائلی علاقہ جات کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ایک قابلِ فخر مثال بھی ہے۔
سفیان اور عدنان کی اس تاریخی کامیابی پر مقامی سطح پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور لوگوں نے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔