جنوبی وزیرستان آپر کے علاقے بروند میں منعقدہ بروند پریمئر سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 44 ٹیموں نے حصہ لیا، فائنل میچ شاندار مقابلے کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔ ضلعی سپورٹس آفس کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ عارفین کرکٹ کلب ڈیرہ اسماعیل خان اور پاشتین کرکٹ کلب بروند کے درمیان کھیلا گیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاشتین کرکٹ کلب نے میدان مار لیا اور ٹائٹل اپنے نام کیا، ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں مختلف سماجی، سیاسی اور سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔
سپورٹس آفیسر جنوبی وزیرستان اپر تاج وزیر نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مشہور کہاوت ہے کہ جب کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہوں گے، انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کے لیے مثبت سرگرمیوں کا ذریعہ ہیں، جو انہیں صحت مند زندگی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک جیسے اوصاف سکھاتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ کھیل کی اولین ترجیح ہے کہ تحصیل کی سطح پر گراؤنڈ بنائے تاکہ کھیلوں کو فروغ مل سکے.
سب ڈویژن لدھا کے میئر حاجی تاج ملوک نے نوجوانوں کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں، تاکہ مقامی سطح پر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
ٹورنامنٹ کے منتظم اور صدر فضل خان نے تمام معاون اداروں اور افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم میئر لدھا حاجی تاج ملوک، میئر سرویکئی شاہ فیصل غازی، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، کاروباری حضرات اور بیرون ملک مقیم قبائلی بھائیوں کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود بھرپور تعاون کیا اور نوجوانوں کے لیے تفریح کا بہترین موقع فراہم کیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان سے آئے کھلاڑیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیرستان میں کھیلنا خوش آئند تجربہ رہا، یہ ٹورنامنٹ امن، بھائی چارے اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کا واضح ثبوت ہے۔
مقامی عوام نے بروند میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم محکمہ کھیل سے مزید ایسے ٹورنامنٹس کی امید رکھتے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند تفریح کے مواقع ملتے رہیں اور علاقائی سطح پر کھلاڑیوں کو ابھرنے کا موقع ملے، انھوں نے کہا کہ بروند پریمئر سپر لیگ نہ صرف ایک کھیلوں کا ایونٹ تھا بلکہ یہ علاقے میں امن، خوشی، اتحاد اور مثبت تبدیلی کی علامت بن کر سامنے آیا ہے۔