سفید ڈھیری پشاور میں چکن گونیا کی وبا، 16 کیسز کی تصدیق، محکمہ صحت نے کنٹرول روم قائم کر دیا

پشاور کے علاقے سفید ڈھیری میں چکن گونیا وائرس کے 16 کیسز کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے اس علاقے کو "آؤٹ بریک زون” قرار دے دیا ہے، اور فوری ردعمل کے طور پر متعدد ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا، شاہداللہ خان کے مطابق، چند روز قبل سفید ڈھیری میں بخار کی علامات کے حامل مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس پر محکمہ صحت کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر 21 افراد کے نمونے حاصل کیے، جنہیں تجزیے کے لیے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری خیبرپختونخوا بھجوایا گیا۔ تجزیے کے بعد 16 افراد میں چکن گونیا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

شاہداللہ خان کے مطابق، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) پشاور کو ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے تاکہ بروقت اقدامات کے ذریعے بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر آؤٹ بریک پر قابو پانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ ان اقدامات میں ڈی ایچ او آفس پشاور میں ایک کنٹرول روم کا قیام شامل ہے تاکہ صورتحال کی مؤثر نگرانی اور رابطہ کاری کی جا سکے۔

مزید برآں، وبا کے ذرائع اور پھیلاؤ کی وجوہات جاننے کے لیے ایپیڈیمیولوجیکل انویسٹی گیشن (وبائی تحقیق) کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکٹر کنٹرول کے اقدامات جیسے کہ فوگنگ (دھواں چھوڑنے کا عمل) اور لاروی سائیڈنگ شروع کر دی گئی ہے تاکہ مچھروں کی افزائش پر قابو پایا جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ سوشل موبلائزیشن اور عوامی آگاہی مہم بھی جاری ہے تاکہ لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جا سکے۔ متعلقہ مراکزِ صحت میں تشخیصی کٹس اور ضروری ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے ہدایت دی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کی رپورٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کو ارسال کی جائے گی۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مچھروں سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ ترجمان کے مطابق، وبا کو یونین کونسل کی سطح تک محدود رکھنے کے لیے متاثرہ افراد کی سخت مانیٹرنگ اور کانٹیکٹ ٹریسنگ (رابطوں کا سراغ لگانے) کا عمل جاری ہے۔

محکمہ صحت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا کر وبائی صورتحال پر قابو پایا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے