لفظ "ایران” کے معنی آریاؤں کی سرزمین ہیں جو اس کے تاریخی اور تہذیبی پس منظر کو اجاگر کرتے ہیں۔ جسے قدیم زمانے میں فارس کہا جاتا تھا، مغربی ایشیا کے قلب میں واقع ایک شاندار ملک ہے۔ اس کی سرحدیں شمال میں آرمینیا، آذربائیجان اور ترکمانستان، مشرق میں پاکستان اور افغانستان، اور مغرب میں ترکی و عراق تک پھیلی ہوئی ہیں۔ جنوب میں خلیج فارس اور خلیج عمان اسے جغرافیائی اہمیت بخشتے ہیں۔ ایران کی سرزمین وسیع تاریخی اور ثقافتی روایتوں کی حامل ہے، جو ہزاروں سالوں سے مختلف زبانوں، بولیوں اور رسم و رواج کی گوناگونی کو سہتی آئی ہے۔ یہاں کی پچاس زبانیں اور آٹھ سرکاری نسلی گروہ ملک کی ثقافتی زندگی کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہر نسلی گروہ اپنی منفرد ثقافتی علامات کے ساتھ، باقی گروہوں کے ساتھ بھی ہم آہنگی پیدا کرتا ہے۔ یزد کے صوبے کو چھوڑ کر، ملک کے تمام صوبے اس نسلی اور ثقافتی تنوع کا مظہر ہیں۔ فارس، آذربائیجانی، کورد، لور، گیلک، مازنی، بلوچ، عرب اور ترکمان گروہوں کی موجودگی نے ایران کو نسلی ہم آہنگی اور تنوع میں ایک منفرد مقام عطا کیا ہے۔
قدیم ایران کی تاریخ ہزاروں سالوں پر محیط ہے، جو مدائن سلطنت سے لے کر صفوی اور پہلوی دور تک پھیلی ہوئی ہے۔ اس کی جغرافیائی اہمیت، معدنیات، قدرتی گیس اور تیل کے ذخائر نے اسے عالمی سیاست میں کلیدی حیثیت دی ہے۔ اگر اس کی تہذیب کی بات کرے تو دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے اور رقبے کے اعتبار سے سات لاکھ چالیس ہزار مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ کل آبادی پچاسی ملین ہے، جو اسے دنیا میں سترہویں سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے طور پر پیش کرتی ہے۔ ایران کی دولت اور وسائل نے اسے اقوام متحدہ اسلامی تعاون تنظیم، اوپیک اور غیر وابستہ ممالک کی تحریک کا بانی رکن بنایا ہے۔
ایران میں خواتین نے مختلف ادوار میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ تاریخی روایت کے مطابق خواتین اکثر گھریلو ذمہ داریوں تک محدود رہیں، لیکن پہلوی دور میں انہیں حق رائے دہی، تعلیم، مساوی تنخواہیں اور عوامی عہدے رکھنے کے مواقع فراہم کیے گئے۔ انقلاب ایران میں خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور 1979ء کے اسلامی انقلاب کے بعد آئین کی شقیں خواتین کو قانونی فوائد فراہم کرتی ہیں۔ شریعت کے تحت مرد اور عورت کی بعض قانونی وراثتی حقوق مختلف ہیں، تاہم موجودہ قوانین خواتین کو تعلیم، روزگار اور عوامی زندگی میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ یہاں پر نقاب پہننے کی سختی سے پابندی بھی موجود ہے جس کے ذریعے خواتین کا چہرہ اور جسم مکمل طور پر ڈھانپنا ضروری سمجھا جاتا ہے۔
قدرتی وسائل کے حوالے سے ایران دنیا میں ایک اہم مقام رکھتا ہے مگر موجودہ ماحولیاتی تبدیلیاں اور شدید خشک سالی نے ملک کے لئے نئے چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔ صدر مسعود پزشکیان نے حال ہی میں ایک انتباہ جاری کیا کہ اگر آنے والے ہفتوں میں بارش نہ ہوئی تو دارالحکومت تہران کو خالی کرانا پڑ سکتا ہے۔ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پانی کی قلت محض شہری مسئلہ ہے بلکہ ایک قومی بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ ایران کے بیشتر شہر خشک سالی کے اثرات سے متاثر ہیں، مگر تہران سب سے زیادہ خطرے میں ہے کیونکہ یہ پانچ بڑے بندوں پر پانی کی فراہمی کے لیے انحصار کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق تہران میں موجود پانی کا ذخیرہ پچھلے سال کے مقابلے میں نصف رہ گیا ہے اور موجودہ مقدار صرف دو ہفتے کی کھپت کے لیے کافی ہے۔ ایرانی ادارہ برائے تحقیقاتِ آب نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں میں 50 سے 80 فیصد کمی نے پانی کی قلت کو سنگین بنا دیا ہے۔ یہ صورتحال شہری اور اقتصادی زندگی دونوں پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے، اور اگر پانی کی کمی برقرار رہی تو دارالحکومت کی نقل مکانی سمیت بڑے سماجی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ حکومتی اقدامات، جیسے پانی کے استعمال میں 20 فیصد کمی کی اپیل وقتی حل فراہم کر سکتے ہیں، مگر دیرپا استحکام کے لیے عملی منصوبہ بندی ضروری ہے۔
ایران میں پانی کی قلت کی بنیادی وجوہات میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات درجہ حرارت میں اضافہ اور بارش میں کمی شامل ہیں۔ گذشتہ 57 برسوں میں اوسطاً بارش میں 40 فیصد کمی اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ نے خشک سالی کو شدت دی ہے۔ تاہم ماہرین ماحولیات کے مطابق ناقص انتظامی فیصلے غیر پائیدار زرعی منصوبے اور وسائل کا غلط استعمال بحران کو بڑھا دیتے ہیں۔ خشک علاقوں میں زیادہ پانی استعمال کرنے والی فصلوں کی کاشت اور پرانی شہری پائپ لائنوں سے پانی کے ضیاع نے موجودہ صورتحال کو اور پیچیدہ بنا دیا ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق ایران نہ صرف قدرتی خشک سالی کا شکار ہے یہ انتظامی خشک سالی کا بھی شکار ہے، جہاں پانی کو سائنسی اور پائیدار انداز میں استعمال کرنے کے بجائے سیاسی اور غیر مستحکم طریقے سے سنبھالا جا رہا ہے۔ اس مسئلے کے اثرات اب شہری زندگی تک محدود رہے ہیں یہ پورے ملک کی معیشت اور بنیادی ڈھانچے پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں۔ تہران میں پانی کی قلت نے شہری سہولیات، توانائی کی فراہمی اور نقل و حمل کے نظام کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ حکومت کو فوری اقدامات کرنا ضروری ہیں تاکہ بحران کو مزید پیچیدہ ہونے سے روکا جا سکے۔
ایران کے شہری پہلے ہی آلودہ فضا، ایندھن کی بڑھتی قیمتیں اور دیگر بنیادی مسائل سے دوچار ہیں اور پانی کی کمی اس عدم استحکام کو اور بڑھا رہی ہے۔ اس قلت نے معاشرتی دباؤ پیدا کیا ہے اور ماہرین معیشت کے مطابق اگر دارالحکومت سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع ہوئی تو یہ تہران بلکہ ملحقہ شہروں توانائی کے نظام اور بنیادی ڈھانچے پر تباہ کن اثر ڈال سکتی ہے۔ یہ صورتحال ملک کی داخلی سلامتی اور اقتصادی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ قدرتی وسائل کی اہمیت اور تاریخی عظمت کے باوجود موجودہ ماحولیاتی چیلنجز اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔ بحرِ قزوین اور خلیج عرب سے پانی لانے کے منصوبے زیر غور ہیں مگر بھاری لاگت اور عملی مشکلات ان کو پیچیدہ بنا رہی ہیں۔
تہران کی صورتحال اندرونی پالیسیوں، شہری منصوبہ بندی اور قدرتی وسائل کے انتظام پر نئی روشنی ڈالی ہے۔ یہ بحران ایک سبق بھی ہے کہ تاریخی عظمت اور ثقافتی ورثہ کے باوجود قدرتی وسائل کی حفاظت اور پائیدار استعمال کے بغیر ملک کے مستقبل کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ ایران کو اب فوری اقدامات کے ساتھ مستقبل کی منصوبہ بندی بھی کرنی ہوگی تاکہ انسانی اور ماحولیاتی نقصان سے بچا جا سکے۔
اس وقت عوام اور حکومت کے سامنے سب سے بڑا چیلنج پانی کی قلت سے نمٹنا اور اسے معیشت، شہری زندگی اور استحکام کے تناظر میں مستحکم کرنا ہے۔ تاریخی عظمت، ثقافتی تنوع اور جغرافیائی اہمیت کے باوجود پانی کے بحران نے ملک کے لیے داخلی چیلنج کو سب سے اہم مسئلہ بنا دیا ہے۔ آنے والی سردیوں کی بارشیں اور حکومتی اقدامات ہی اس بحران کے مستقبل کو متعین کریں گے۔
ایران تہذیب، ثقافت اور قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال تو ہے، مگر آج یہ ایک وجودی چیلنج کے ساتھ بھی جڑا ہوا ہے۔ تاریخی اور ثقافتی عظمت کے ساتھ اس ملک کو جدید مسائل جیسے خشک سالی، پانی کی قلت اور شہری منصوبہ بندی کے بحران سے نبردآزما ہونا ہوگا۔ یہ چیلنج اس کے لیے ایک ماحولیاتی سب سے بڑا مسئلہ تو ہے ہی بلکہ قومی بقا کا معاملہ بھی ہے جو آئندہ برسوں میں ملک کی معیشت، روزمرہ زندگی اور استحکام کو متاثر کرے گا۔