متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 202 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اننگز کے آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔
آخری اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیتنے کے لیے 15 رنز درکار تھے۔ لاہور کی جانب سے آخری اوور ذوہیب خان کو دیا گیا جس میں محمد نبی نے دو چوکے اور ایک چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی۔
محمد نبی نے 12 گیندوں میں 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
کوئٹہ کی جانب سے نوجوان بلے باز بسم اللہ خان 55، کیون پیٹرسن 34 اور سنگاکارا 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے احسان عادل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اووروں میں دو وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے تھے۔
[pullquote]پاکستان سپر لیگ میں یہ کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا سکور ہے۔
[/pullquote]
منگل کو کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اظہر علی اور کرس گیل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 108 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے اظہر علی نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 61، کرس گیل نے تین چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 60 اور عمر اکمل نے تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
اظہر علی اور کرس گیل نے اس ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری بنائی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ذوالفقار بابر اور گرانٹ ایلیٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹزز کے بالروں نے ناقص بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹزز کی جانب سے انور علی نے چار اووروں میں 57 اور ذوالفقار بابر نے چار اووروں میں 49 رنز دیے۔