میرپور: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے بڑے میچ میں آج روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان مدمقابل ہوں گے جہاں ماہرین نے مستقل مزاج ہندوستانی ٹیم کو فیورٹ کا درجہ دیا ہے۔
ڈھاکا میں کھیلے جانے والے اس میچ کیلئے ہندوستانی ٹیم کو اپنے روایتی حریف پر بیٹنگ اور ٹیم کی مستقل مزاج کارکردگی کی بدولت واضح برتری حاصل ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہندوستان نے آسٹریلیا اور سری لنکا جیسے سخت جان حریفوں کو زیر کرتے ہوئے گزشتہ سات میں سے چھ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں فتح اپنے نام کی۔
ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں بھی ہندوستان نے اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو شکست سے دوچار کیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کا معاملہ بالکل ہی الٹ ہے جسے گزشتہ چھ میں سے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی بھی اس صورتحال پر مطمئن نہیں جس کی سب سے بڑی وجہ ان کی اپنی کارکردگی ہے جہاں وہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ دونوں کے خلاف سیریز میں باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں ہی شعبوں میں خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے۔
شاہد آفریدی نے خود اس صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے روایتی حریف کے خلاف ذمے داری سے کھیلنے اور فتح گر کھیل پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی کارکردگی کو اہمیت دی کیونکہ میری ٹیم کو اس کی ضرورت ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سپر لیگ سے حاصل ہونے والے فائدے کی بدولت پاکستانی ٹیم ہندوستان کے خلاف اچھا مسابقتی کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی فتح کا انحصار باؤلرز کی کارکردگی پر ہو گا جن پر ہندوستانی ٹیم کے بلے بازوں کو رنز بنانے سے روکنے کی ذمے داری ہو گی۔
ہیڈ کوچ وقار یونس نے بھی ہندوستان کے خلاف فتح کا عزم ظاہر کرتے کہا کہ اگر کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ جیسی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو پاکستانی ٹیم ضرور کامیاب ہو گی۔
[pullquote]پاکستان کی ممکنہ فائنل الیون[pullquote][/pullquote]
باوثوق ذرائع کے مطابق پاکستان نے میچ کیلئے شرجیل خان اور خرم منظور سے اوپننگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عمر اکمل کو بیٹنگ آرڈر میں تیسرے نمبر پر بھیجا جا سکتا ہے۔
پاکستان باؤلنگ لائن میں تینوں بائیں ہاتھ کے باؤلرز پر انحصار کرے گا اور محمد عامر، محمد عرفان اور وہاب ریاض کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیے جانے کے قوی امکانات ہیں جبکہ اسپن باؤلنگ کمان شاہد آفریدی، عماد وسیم اور شعیب ملک کے ہاتھوں میں ہو گی۔
میچ کیلئے پاکستانی ٹیم شرجیل خان، خرم منظور، عمر اکمل، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد، شاہد آفریدی، عماد وسیم/محمد نواز، محمد عرفان، وہاب ریاض، محمد عامر.۔
[pullquote]ہندوستان کی کامیابی کی وجہ مستقل مزاجی[/pullquote]
ادھر بنگلہ دیش کے خلاف ایونٹ کے افتتاحی میچ میں فتح گر اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے والے روہت شرما نے اپنی ٹیم کی کامیابی کی وجہ ٹیم کے انتخاب میں مستقل مزاجی کو قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں مستقل مزاجی کا ہندوستان کو فائدہ ہو رہا ہے، اگر کسی کھلاڑی کو معلوم ہو کہ اسے ٹیم کی حمایت حاصل ہے توپھر وہ کھل کر اپنے کھیل کا مظاہرہ کرتا ہے اور اس کارکردگی کو برقرار رکھتا ہے۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہو گا