چارسدہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے، امن وامان برقرار رکھنے کے لیے فورس مکمل تیار ہے اور بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پرامن احتجاج ہر شہری کاحق ہے، قانون نے احتجاج کا طریقہ کار متعین کر رکھا ہے، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی، قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، امن و امان کی موجودہ صورتحال میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار پورے ملک میں انتہائی اہم ہے، آپ کو ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہونا ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ عالمی معیار کا سوئمنگ پول بھی بنایا جائے گا۔