ممبئی:بھارتی ٹی وی انڈسٹری کا سب سے مقبول اور متنا زعہ رئیلٹی شو بگ باس ایک بار پھر مداحوں کو اپنا دیوانہ بنانے آرہا ہے،لیکن اس بار شو ہے کچھ الگ اور بہت ہی خاص جسے بگ باس کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سیزن 10 کا بگ باس گزشتہ پیش کئے جانے والے پروگرامز سے مختلف ہوگا،شو کو مزید دلچسپ بنانے کیلئے اس بار کلرز انتظامیہ نے بگ باس کے گھر کے اندر عام افراد کو شو کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیاہے ، وہ تمام افراد جو اپنے اپنے گھروں میں بیٹھ کر بگ باس کو انجوائے کرتے ہیں انہیں موقع ملاہے کہ وہ بھی اب اس شو کا حصہ ہوں گے ،ٹی وی پر شو کا پہلا پرومو ریلیز کردیا گیاہے۔
پرومو میں ایک عام سے لڑکے کو دکھایا گیا ہے جو کر کٹ کھیلنے کے دوران غصے میں آجاتا ہے اور بلا وجہ لڑائی شروع کردیتا ہے،پھر ایک آواز آتی ہے جو اس لڑکے کی لڑائی جھگڑا کرنے کی عادت کو اس کی خوبی قرار دیتے ہوئے اسے بگ باس میں حصہ لینے کامشورہ دیتی ہے۔
واضح رہے کہ بگ باس کے اب تک نو سیزن آن ائیر ہوچکے ہیں اور اب سیزن 10نشر ہوگا ،بگ باس میں اس بار بھی شو کی جان سلمان خان میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔