بیٹی کی خواہش، ماں نے نومولود بیٹا قتل کردیا:

حیدر آباد: جہالت اور فرسودہ سوچ کے باعث نومولود بیٹوں کو مارنے کے واقعات تو سامنے آتے رہے ہیں لیکن کسی ماں نے تندرست بیٹا پیدا ہونے پر اس کا بے دردی سے قتل کر دیا ہو ایسا شاید پہلی بار ہوا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں سنگدل ماں نے تیسری بار لڑکا پیدا ہونے پر اسے بے دردی سے گلہ کاٹ کر قتل کردیا۔

رپورٹ کے مطابق حیدر آباد کے علاقے نیریدمت کے رہائشی سری دھر کے اہلیہ پُرنیما لڑکی کی خواہش مند تھی، لیکن جب تیسری بار بھی لڑکا پیدا ہوا تو اس نے ناخوش ہوکر اپنے شوہر کو یہ بچہ کسی رشتہ دار یا بے اولاد جوڑے کو دینے کا کہا۔

سری دھر اور اس کے گھر والوں نے جب پرنیما کی بات نہ مانی تو اس نے نومولود بچے کو خود سے دور کر دیا جبکہ ذہنی دباؤ کا شکار رہنے لگی اور ایک رات اس نے گھر سے قریب کاسمیٹکس کی دکان چلانے والے اپنے شوہر کو فون کرکے بتایا کہ کچھ چوروں نے اس کا سونے کا منگل سوترا چھیننے کے دوران اس کے بچے پر حملہ کر دیا۔

سری دھر جب جائے وقوع پر پہنچا تو اس نے دیکھا کہ پرنیما بے جان بچے کے ہمراہ روڈ کنارے اس کا انتظار کر رہی تھی، سری دھر بچے کا گلا کٹا ہوا دیکھ کر اسے قریب واقع گاندھی ہسپتال لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔

پولیس کو جب واقعے کا علم ہوا تو وہ جائے وقوع پہنچی اور شواہد اکٹھے کرنے کے علاوہ پرنیما کا بیان بھی ریکارڈ کیا، جس میں اس کا کہنا تھا کہ دو موٹر سائیکل سوار چوروں نے اس کے چہرے پر کوئی چیز اسپرے کردی جس سے وہ بے ہوش ہوگئی اور جب اسے ہوش آیا تو اس کا منگل سوترا غائب تھا اور بچہ سڑک پر بے سود پڑا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ہمیں پرنیما کے بیان اور اس کے برتاؤ پر شک ہوا، کیونکہ بچے کی موت کے باوجود اس کے چہرے پر غم کے آثار نہیں تھے اور نہ ہی اس جائے وقوع پر کوئی خون تھا، جبکہ ہمارا شک اس وقت یقین میں بدلا جب پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں بچے کی موت کی وجہ تیز دھار بلیڈ سے اس کے گلہ کاٹنے کو قرار دیا گیا۔

پولیس نے کہا کہ ہم نے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد جب پرنیما پر سختی کی تو اس نے اعتراف کرلیا کہ نومولود بچے کو اسی نے شیونگ بلیڈ سے گلہ کاٹ کر قتل کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے