کراچی: سندہ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر شرمیلا فاروقی کے بیگ نے کھلبلی مچا دی.
بیگ نہایت قیمتی یا اسٹائلش ہونے کی وجہ سے توجہ کا مرکز نہیں بنا بلکہ اس نے اُس وقت اسمبلی ہال میں خوف و ہراس پھیلایا، جب ایک رکن اسمبلی نے ‘مشکوک’ بیگ کی نشاندہی کی.
اراکین اسمبلی سمجھنے لگے کہ شاید اس مشکوک بیگ میں کوئی بم ہے، لیکن صورتحال اُس وقت اور زیادہ عجیب ہوئی جب اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی نے بیگ کو پانی میں ڈالنے کا مشورہ دے ڈالا، شاید ان کا خیال تھا کہ اس طرح بیگ کے اندر موجود بم پھٹنے سے بچ جائے.
خیر صورتحال اُس وقت واضح ہوئی جب شرمیلا اسمبلی ہال میں واپس آئیں اوردعویٰ کیا کہ یہ بیگ ان کا ہے اور اس طرح ارکان اسمبلی کی جان میں جان آئی اور یہ معمہ حل ہوا.
ویسے ایک بات تو ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ اگر بیگ کو پانی میں ڈال دیا جاتا تو شرمیلا اپنے برانڈڈ بیگ کے ساتھ اس سلوک پر نامعلوم دوسروں کے ساتھ کیا سلوک کرتیں.