ایپوہ: ملائیشیا میں جاری اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ہندوستان نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا.
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی انتہائی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے بعد ہندوستان نے بھی پاکستان کو عبرتناک شکست دے کر تائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا۔
روایتی حریف ہندوستان کےخلاف میچ میں پاکستانی کھلاڑی مکمل بے بسی کی تصویر بنے رہے۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے میچ کی ابتدا ہی میں منپریت کے گول کی بدولت ہندوستان نے برتری حاصل کی لیکن چند منٹ بعد پاکستان کے کپتان محمد عرفان نے گول کرکے مقابلہ برابر کیا۔
ہندوستان نے جوابی وار کرتے ہوئے رمندیپ کے گول کی بدولت دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔
اس کے بعد ہندوستانی ٹیم میچ پر چھاگئی اور تیسرے اور چوتھے کوارٹرز میں پاکستانی کھلاڑی بے بسی کی تصویر بنے رہے۔
تیسرے کورٹر میں سنیل نے گول کر کے 3-1 کیا تو چوتھے اور آخری کوارٹر میں بھی ہندوستان نے اپنی بالادستی برقرار رکھتے ہوئے مزید دو گول کر کے جہاں میچ پانچ ایک سے اپنے نام کیا وہیں پاکستان کو فائنل کی دوڑ سے بھی باہر کردیا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اختتامی لمحات میں ہندوستان کو ایک پینالٹی اسٹروک ملا جسے انڈین ٹیم گول میں نہ بدل سکی جبکہ ایک اور گول بھی کیا لیکن امپائر نے اسے فاؤل قرار دے کر ماننے سے انکار کردیا۔
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے شکستوں کے بعد یہ پاکستان کی ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست ہے۔