واشنگٹن: امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے تسلیم کیا ہے کہ افغان دارالحکومت کابل میں گزشتہ ہفتے ہونے والے کار بم حملے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے بعد پاکستان سے حقانی نیٹ ورک کے خلاف ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کابل میں افغان خفیہ ادارے کے مرکزی دفتر نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) پر حملے کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کی تھی، اس خود کش حملے میں 64 افراد ہلاک اور 320 زخمی ہوئےتھے۔
خود کش دھماکے کے چند گھنٹوں بعد ہی پاکستان نے اس حملے کی شدید مذمت کی تھی .پاکستان کے دفتر خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی رکھتے ہیں جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے پریس آفس کی ڈائریکٹر الزبتھ ٹروڈیو نے، افغان حکومت کے اس دعوے کہ حملہ کرنے والے گروہ کو پاکستان کی حمایت حاصل تھی، پر کہنا تھا کہ اسلام آباد دہشت گردوں کو اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت دے رہا ہے۔