کراچی: سندھ بورڈ آف فلم سینسرز (ایس بی ایف سی) کے بعد وفاقی حکومت نے بھی فلم ‘مالک’ پر پابندی عائد کردی۔
تین ہفتہ قبل فلم کو صوبے میں دکھانے کی اجازت ملی تھی اور اسے پاکستان میں ریلیز کیا گیا تھا ۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے کلاسیک ڈرامے دھواں کے خالق عاشر عظیم کی پہلی لولی وڈ فلم ‘ مالک ‘ کی نمائش پر ملک بھر میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اس پابندی کا اطلاق وفاقی حکومت کی جانب سے کیا گیا ہے۔
وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فلم مالک جسے قبل ازیں سنسر سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا، اب ختم کردیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
تاہم نوٹیفکیشن میں فلم پر پابندی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
پابندی کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ فلم میں جمہوری نظریے کے خلاف بات کی گئی اور لوگوں کی شکایت پر وفاقی وزارت کی جانب سے یہ اقدام اٹھایا گیا ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ سنسر بورڈ نے بھی فلم مالک پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جسے چند گھنٹوں بعد ہی واپس لے لیا گیا تھا۔