چھاتی کے سرطان کی وجہ معلوم کرنے میں اہم کامیابی

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے تقریباً معلوم کر لیا ہے کہ وہ کون سے جنیاتی تبدیلیاں ہیں جن کے باعث چھاتی کا سرطان ہوتا ہے۔

نیچر سائنسی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کو ایک بہت اہم لمحہ قرار دیا گیا ہے جس سے اس مرض کے علاج اور بچاؤ میں مدد مل سکتی ہے۔
چھاتی کے سرطان کے حوالے سے یہ سب سے بڑی تحقیق ہے۔ اس تحقیق میں وہ سب معلومات مل گئی ہیں جن کے باعث صحت مند چھاتی کے خلیے خراب ہوتے ہیں۔

برطانیہ میں کینسر پر تحقیق کرنے والے خیراتی ادارے کینسر ریسرچ نے اس تحقیق کو کینسر کے لیے ادویات کی تیاری میں اہم قدم قرار دیا ہے۔
تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اگر کینسر کیوں ہوتا ہے کو سمجھنا ہے تو یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ ہمارے ڈی این اے میں ایسا کیا غلط ہوتا ہے جس کے باعث خلیوں میں کینسر پھیلتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے سائنسدانوں نے 560 چھاتی کے کینسر کے مریضوں کے جنیاتی کوڈ کو جانچا۔

تحقیق میں 93 ایسے جینز کی نشاندہی ہوئی جو اگر خراب ہو جائیں تو رسولی بن جاتی ہے۔ اس سے قبل بھی چند جنوم کی نشاندہی ہو چکی ہے لیکن سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک حتمی فہرست ہے۔

کیمبرج میں سینجر انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر اور اس تحقیق کے سربراہ پروفیسر سر مائیک سٹریٹن نے بی بی سی کو بتایا ’پچھلی صدی کے آخر میں کچھ جنوم کی نشاندہی ہو گئی تھی جن کے خراب ہونے کے باعث سرطان ہوتا ہے۔ لیکن حاصل ہونے والی مکمل معلومات کینسر ریسرچ کے لیے بہت اہم ہے۔‘

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے