پاکستان اور دنیا بھر سے آج کی اہم ترین خبروں پر مشتمل پہلا آن لائن بلیٹن

[pullquote]پاکستان
[/pullquote]

[pullquote]فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کے ایجنٹ کی کیا ضرورت ہے . عمران خان [/pullquote]

Imran Khan PTI

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کا لیڈر کرپٹ ہو تو وہ قوم کو تباہ کردیتا ہے کیوں کہ جب لیڈر خود چور ہو تو ملکی اداروں کو کیسے آزاد ہونے دے گا لیکن میاں صاحب اب اپنے امپائر بھی کھڑے کردو لیکن شکست آپ ہی کی ہوگی۔

پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بنوں کے جلسے میں اکرم خان درانی نے بہت فنکاریاں دکھائیں، میاں صاحب جب حکم کریں میں بنی گالہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا اور خیبرپختونخوا کی حکومت بھی گرا سکتا ہوں لیکن مجھے یہ تو بتائیں کہ آپ یہ حکومت کیسے گرائیں گے، کیا رشوت کے ذریعے ہمارے اسمبلی ارکان کو خریدا جائے گا، یہ کیسے اسلام کے عالم ہیں جو لوگوں کے ضمیروں کا سودا کرکے حکومت گرانے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر سیاست کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، اور میں چاہتا ہوں کہ میرے ارکان اسمبلی کی قیمت لگاؤ تاکہ ہمیں بھی کچرا صاف کرنے کا موقع ملے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے کسی کو یہودی کا ایجنٹ بننے کی کوئی ضرورت نہیں، جو ظلم آپ پاکستان کے ساتھ کررہے ہیں اتنا تو کوئی یہودی بھی نہیں کرے گا جب کہ فضل الرحمان نے پرویز مشرف، آصف زرداری اور نوازشریف سمیت سب کی حکومتوں کا ساتھ دیا اور خدانخواستہ پاکستان کا وزیراعظم یہودی بن جائے تو مولانا اس کا بھی ساتھ دیں گے اور فتویٰ دیں گے کہ یہودی کے نیچے حکومت کرنا جائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب غلط جگہ نیا خیبرپختونخوا ڈھونڈ رہے ہیں، کیوں کہ سڑکیں اور پل بنانے سے قومیں نہیں بنتی بلکہ لوگوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں روزگار اور تعلیم دیں اور ان کی خدمت کریں کیوں کہ یہی آگے جاکر قوم بنائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ 20 سال سے پورے پاکستان میں جا کر کہتا تھا کہ میاں صاحب نے کرپشن سے پیسہ بنایا اور نشاندہی کی کہ ان کے بچوں کے نام جائیدادیں ہیں جس پر لوگ کہتے تھے کہ میاں صاحب تو معصوم ہیں لیکن اب جب پاناما لیکس میں نام آیا تو بجائے جواب دینے کے خود کو معصوم پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پی ٹی آئی کے علاوہ پوری اپوزیشن اور حکومتی اداروں کو اپنے قابو میں کرلیا تھا لیکن اللہ نے ان کے خلاف سوموٹو ایکشن لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا لیڈر کرپٹ ہو تو وہ قوم کو تباہ کردیتا ہے کیوں کہ جب لیڈر خود چور ہو تو ملکی اداروں کو کیسے آزاد ہونے دے گا، اسے انصاف سے ڈر لگتا ہے، وہ عدلیہ، پولیس، نیب کو کبھی چلنے نہیں دے گا جب کہ ہم نے خیبرپختونخوا پولیس سے سیاست ختم کردی اور وہ اب پورے ملک میں مثالی پولیس بن چکی ہے۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان تقسیم ہوچکا ہے، ایک طرف عوام جو کرپشن سے آزادی چاہتی ہے اور دوسری طرف مولانا فضل الرحمان جیسے لوگ ہیں جو کرپشن بچانا چاہتے ہیں لیکن میاں صاحب آپ اپنے امپائر بھی کھڑے کردو لیکن شکست آپ کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف 4 حلقے کھلوانے کا کہا تھا اور 3 وکٹیں ہم گراچکے ہیں جب کہ چوتھی وکٹ بھی جلد گرنے والی ہے کیوں کہ خواجہ آصف کے حلقے سے 30 ہزار جعلی ووٹ نکلیں۔

[pullquote]پاناما پیپر : چار سو پاکستانیوں کے نام سامنے آ گئے
[/pullquote]

pamana

پاناما: دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے خفیہ اکاؤنٹس اور کمپنیوں سے متعلق دستاویزات شائع کر کے تہلکہ مچانے والی پاناما لیکس کا دوسرا ایڈیشن بھی منظر عام پر آ گیا ہے جس میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے فنانسر اور علیم خان سمیت سیکڑوں پاکستانیوں کے نام شامل ہیں۔
پاناما لیکس کی جانب سے جو نئی دستاویزات شائع کی گئی ہیں ان میں مزید 400 پاکستانیوں کے نام شامل ہیں، آئی سی آئی جے کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق آف شور کمپنیوں کے ذریعے 12 کھرب ڈالر سے زائد سرمایہ بیرون ممالک منتقل کیا گیا جس میں سے زیادہ ترسرمایہ ابھرتی ہوئی معیشت والے ممالک میں منتقل کیا گیا۔ بیرون ملک سرمایہ بھیجنے والے ممالک میں چین، روس، ملائشیا، تھائی لینڈ، انگولا اور نائیجیریا بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے فنانسر اور قریبی دوست ذوالفقار عباس بخاری عرف زلفی 6 آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں جب کہ پی ٹی آئی رہنماعلیم خان کا نام بھی آف شور کمپنیاں بنانے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔

[pullquote]پوزیشن کا پاناما لیکس پر وزیراعظم کے دونوں ایوانوں میں نہ آنے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان[/pullquote]

507592-oppositionmeeting-1462793050-886-640x480

اسلام آباد: پارلیمنٹ میں موجوداپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم سے مطالبہ كیا ہے كہ وہ اپنے اور اپنے خاندان كے اثاثوں كے حوالے سے ایوان كو اعتماد میں لیں جب کہ وزیراعظم کے دونوں ایوانوں میں نہ آنے تک احتجاج جاری رہے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن جماعتوں كی پارلیمانی پارٹی كا اجلاس قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ كی زیر صدارت ہوا جس میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن، تحریك انصاف کے شاہ محمود قریشی، جماعت اسلامی كے امیر سراج الحق، مسلم لیگ(ق) کے طارق چیمہ، كامل علی آغا، ایم كیوایم کے ڈاكٹر فاروق ستار ، عوامی نیشنل پارٹی کے غلام احمد بلور، قومی وطن پارٹی کے آفتا ب خان شیرپاؤ اور عوامی مسلم لیگ كے شیخ رشید احمد و دیگر نے شركت كی۔

اپوزیشن کے اجلاس میں فیصلہ كیا گیا كہ اپوزیشن وزیراعظم سے مطالبہ كرے گی كہ وہ سینیٹ اور قومی اسمبلی كے اجلاس میں آکر اپنے اثاثوں ، ٹیكس كی تفصیلات كے حوالے سے دونوں ایوانوں كو اعتما د میں لیں، جب تك وزیراعظم سینیٹ اور اسمبلی میں نہیں آتے اپوزیشن اپنا احتجاج جاری ركھے گی۔
[pullquote]بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین اشرف مگسی گرفتار
[/pullquote]

ashraf magsi PSC

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اختیارات کے ناجائز استعمال پر بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین اشرف مگسی کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے گھر سے کروڑوں روپے برآمد کئے جانے کے بعد نیب نے صوبے بھر میں کارروائیاں تیز کردیں اور آج بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور کروڑوں روپے بٹورنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔
نیب ذرائع کے مطابق اشرف مگسی کو مختلف تعیناتیوں میں بے قاعدگیوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا جب کہ انہوں نے من پسند افراد کو محکمے میں بھرتی کیا۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے غیرقانونی بھرتیوں کے جرم میں اشرف مگسی کو عہدے سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جس پر گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی نے انہیں 13 نومبر 2014 کو عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

[pullquote]راولپنڈی میں خواجہ سراوں پر فائرنگ ، ایک قتل
[/pullquote]

Khawaja Sara

راولپنڈی کے علاقے امام باڑہ چوک میں خواجہ سراوں کے ڈیرے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک خواجہ سرا قتل جبکہ ایک زخمی ہوگیا . موقع پر موجود لوگوں نے خواجہ سراوں کو اسپتال پہنچایا . حادثے کی خبر سنتے ہی خواجہ سراوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی اور واقعے کے خلاف احتجاج کیا .
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ خواجہ سراوں کے ڈیروں پر سیکورٹی دی جائے اور واقعے میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے . کہا جا رہا ہے کہ واقعے کی ویڈیو بھی موجود ہے اور فائرنگ کرنے والے شخص کو پہچان لیا گیا ہے . پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی جارہی ہے .
عینی شاہدین کے مطابق پولیس واقعے کے ڈیڑھ گھنٹے بعد پہنچی .راولپنڈی میں گذشتہ دو ماہ کے دوران خواجہ سراوں پر یہ تیسرا حملہ ہے .

[pullquote]خرم ذکی کو ہم نے قتل کیا. تحریک طالبان حکیم اللہ گروپ
[/pullquote]

khurram Zaki

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے حکیم اللہ گروپ کے ترجمان قاری سیف اللہ نے خرم ذکی کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
کراچی میں سماجی کارکن اور سابق صحافی خرم ذکی کی نماز جنازہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر سخت سکیورٹی میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں وادی حسین قبرستان میں دفن کر دیا گیا ۔
آئی بی سی اردو سے گفت گو کر تے ہوئے مقتول کی اہلیہ نے بتایا کہ خرم ذکی کو کالعدم انتہا پسند تنظیموں کی جانب سےدھمکیاں مل رہی تھیں اور خفیہ اداروں نے ان کے شوہر کو ان خطرات سے آگاہ کر دیا تھا. انھوں نے کہا کہ خاندان کو اب بھی خطرہ ہے اور تحفظات ظاہر کرنے کے باوجود سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔
خرم ذکی کو گذشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے نارتھ کراچی سیکٹر 11 بی میں ایک ہوٹل کے باہر نشانہ بنایا . واقعے میں خرم ذکی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے دوست خالد راو شدید زخمی ہو گئے تھے. خرم ذکی کے قتل کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت سرسید تھانے میں درج کیا گیا ہے۔قتل کے مقدمے میں لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز اور اہل سنت والجماعت پاکستان کے صدر علامہ اورنگ زیب فاروقی کو نامزد کیا گیا ہے. مقدمے کے متن میں درج ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار افراد نے ان پر فائرنگ کی۔

[pullquote]پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی کا رجحان
[/pullquote]

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں رواں کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور ہنڈریڈ انڈیکس 258.04 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 36،200 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا یہ رجحان گذشتہ ہفتے سے جاری ہے، جب گذشتہ جمعرات کو انڈیکس 36 ہزار پوائنٹس پر جاپہنچا تھا، جو سرمایہ کاروں کا معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نظرآنے والی حالیہ تیزی میں بڑا حصہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا ہے اور تجزیہ کاروں کے مطابق بجٹ میں اچھے اعلانات بازار حصص کو مزید اوپر لے جانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل کے مطابق تیزی کا یہ رجحان ایک ایسے وقت میں دیکھا جارہا ہے جب اگلے ماہ 14 جون کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی درجہ بندی کا جائزہ لینے کے حوالے سے مارگن اسٹینلی کیپٹل انٹرنیشنل (ایم ایس سی آئی) کا ایک سالانہ مارکیٹ کلاسیفکیشن ریویو ہونے جا رہا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ مارکیٹ سرمایہ کار اس اجلاس کے حوالے سے مثبت نتائج کی امید کر رہے ہیں۔

[pullquote]عالمی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]اسلام کے رواداری کے پہلو کو اجاگر کریں، انڈونیشیائی نائب صدر
[/pullquote]

انڈونیشیا کے نائب صدر یوسف کلا نے ملک کے اسلامی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام کے رواداری کے پیغام کو اجاگر کریں تاکہ مذہب کا غلط استعمال نہ ہو سکے۔ اسلامی اسکالرز کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی کو روکنے کے لیے مذہبی رہنماؤں کا کردار کلیدی ہے۔ اجلاس میں دنیا بھر سے اسلامی مبلغین شرکت کر ہے ہیں۔ انڈونیشیا کو اسلامی انتہا پسندی کے مسئلے کا سامنا ہے۔

[pullquote]تیونس کی ممکنہ ’دہشت گردوں‘ کے خلاف کارروائی
[/pullquote]

تیونس کے حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے قریب دو ہزار افراد کو بیرون ملک جہادی تربیت حاصل کرنے کی غرض سے جانے کے لیے روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ حکام کا یہ بھی کہنا کہ اِمسال جنوری سے لے کر اب تک انہوں نے ’دہشت گردوں‘ کے تینتیس دفاتر کو بند کیا ہے اور اس وقت چودہ سو افراد پر دہشت گردانہ تنظیموں میں شمولیت کے الزام پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سن دو ہزار گیارہ کے انقلاب کے بعد پیدا ہونے والے خلفشار کے باعث تیونس میں جہادی تنظیموں کا عمل دخل بڑھ گیا ہے۔

[pullquote]روس اور امریکا کا شام میں جنگ بندی کی پاس داری پر زور
[/pullquote]

امریکا اور روس شامی حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ وہ چند ہفتے قبل طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کی پاس داری کرے۔ ان دونوں ممالک کے زور پر ہی شامی حکومت اور صدر بشار الاسد کے خلاف برسر پیکار باغیوں کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا، تاہم اب بھی اس کی فریقین کی جانب سے خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ واضح رہے کہ اس معاہدے میں شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ شامل نہیں ہے۔

[pullquote]افغانستان میں دو بسوں کی ایک ٹینکر سے ٹکر، کم از کم 73 ہلاکتیں
[/pullquote]

وسطی افغان صوبے غزنی میں دو بسوں اور تیل سے بھرے ایک ٹینکر کی آپس میں ٹکر کے نتیجے میں کم از کم 73 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے افغان وزارتِ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ کئی لاشیں شناخت کے قابل بھی نہیں ہیں۔ اِس حادثے کے بعد دونوں بسوں اور ٹینکر کو بھی آگ لگ گئی۔ یہ بسیں ملکی دارالحکومت کابل سے جنوبی شہر قندھار جا رہی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کے بعد ان بسوں میں سوار افراد میں سے 70 سے زائد اپنی جانیں بچانے میں کامیاب رہے لیکن ان میں بھی کئی شدید جھلسے ہوئے بھی ہیں۔ ہلاک شدگان میں کئی عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو قندھار اور غزنی کے ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔

[pullquote]کینیڈا، جنگلاتی آگ مزید پھیلتی ہوئی
[/pullquote]

کینیڈا میں جنگلاتی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ گزشتہ سات دنوں سے لگی اس آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں کوئی خاص پیشرفت نہیں ہو سکی ہے جبکہ حکام نے آج بتایا کہ محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے تقریبا ایک لاکھ افراد کو اپنے گھروں کو لوٹنے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ شمالی البرٹا کے علاقے فورٹ میکمری میں گزشتہ اتوار کو بھڑکنے والی آگ ایک بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ پانچ سو سے زائد فائر فائٹرز پندرہ ہیلی کاپٹروں اور چودہ ایئر ٹینکرز کے ساتھ اس آگ پر قابو پانے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]عراق میں متعدد حملے، بارہ افراد ہلاک
[/pullquote]

عراق میں آج رونما ہونے والے متعدد پرتشدد واقعات کے نتیجے میں کم ازکم بارہ افراد مارے گئے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ خونریز ترین حملہ ابو غریب میں کیا گیا، جہاں خود کش حملہ آور سمیت تین پولیس اہلکار اور دو شہری مارے گئے۔ میدان میں ہوئے ایک بم حملے میں تین شہری ہلاک ہوئے جبکہ بغداد میں ہونے والے بم حملے میں چار شہری لقمہ اجل بنے۔ کسی نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]ایتھنز میں بچتی اصلاحات کے خلاف مظاہرہ
[/pullquote]

یونانی دارالحکومت ایتھنز میں آج پندہ ہزار مظاہرین نے پارلیمان کی عمارت کے باہر حکومتی بچتی اقدامات کے خلاف مظاہرہ کیا۔ یونانی پارلیمان میں آج ٹیکس اور پینشن کے ایک متنازعہ قانون پر بحث ہو رہی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ بچتی اقدامات میں عوام کا خیال رکھا جائے۔ ایتھنز کو مالی امداد کے لیے ان اصلاحات پرعملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

[pullquote]داعش کے ٹھکانوں پر تازہ پچیس حملے
[/pullquote]

امریکی عسکری اتحاد نے انتہا پسند گروہ داعش کے ٹھکانوں پر پچیس تازہ حملے کیے ہیں۔ امریکی حکام نے آج بتایا ہے کہ عسکری اتحاد نے ہفتے کے دن عراق میں جہادیوں کے ٹھکانوں پر سترہ حملے کیے، جن میں مطلوبہ اہداف کو حاصل کر لیا گیا۔ اسی طرح شام میں ان جنگجوؤں کے چھ اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ اتحاد شام اور عراق میں داعش کے خلاف فضائی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]فوج کے ڈپٹی چیف کا بیان اور اسرائیلی وزیر اعظم غصے میں
[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے فوج کے ڈپٹی چیف آف سٹاف میجرل جنرل یائر گولان کی طرف سے دیے گئے ایک حالیہ بیان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس اعلیٰ فوجی اہلکار نے اسرائیل اور نازی جرمنی کے حالات میں بظاہر مماثلت کا تاثر دیا تھا۔ نیتن یاہو نے آج کہا کہ گولان کا بیان غلط ہے۔ دریں اثناء اسرائیلی وزیراعظم کی کابینہ کی وزیر مِیری ریگیو نے جنرل گولان کی برطرفی کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

[pullquote]ریاض اپنی پیٹرولیم پالیسیاں برقرار رکھے گا، نئے وزیر توانائی
[/pullquote]

سعودی عرب کے نئے وزیر برائے توانائی نے کہا ہے کہ یہ خلیجی ملک اپنی سابقہ پیٹرولیم پالیسیوں پر عمل پیرا رہے گا۔ اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد اتوار کے دن خالد الفالح نے کہا کہ ریاض حکومت عالمی سطح پر کیے گئے اپنے وعدوں پر عمل کرتی رہے گی۔ گزشتہ روز ہی سعودی شاہ سلمان نے اپنی کابینہ میں وسیع تر تبدیلیاں کی تھیں، جس کے نتیجے میں سابق وزیر صحت الفالح کو اس اہم وزارت کا قلمدان سونپا گیا تھا۔

[pullquote]سزا معاف کر دی جائے، سابق اسرائیلی صدر کی درخواست
[/pullquote]

جنسی زیادتی کے جرم میں سزا کاٹنے والے سابق اسرائیلی صدر موشے کاتساف نے موجودہ صدر سے درخواست کی ہے کہ ان کی سزا معاف کر دی جائے۔ کاتساف کو جنسی زیادتی کے دو اور جنسی طور پر ہراساں کرنے کے ایک الزامات کے تحت سن 2011 میں سات برس کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔ ستر سالہ کاتساف اسرائیل کے آٹھویں صدرکے طور پر 2000ء سے2007ء تک اس عہدے پر فائز رہے تھے۔

[pullquote]زیگمار گابرئیل مستعفی نہیں ہوں گے، پارٹی
[/pullquote]

جرمن حکمران اتحاد میں شامل سوشل ڈیموکریٹ پارٹی نے ایسی خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ پارٹی سربراہ زیگمار گابرئیل اپنے عہدے سے الگ ہو رہے ہیں۔ گابرئیل جرمنی کے نائب چانسلر کے علاوہ اکنامی منسٹر بھی ہیں۔ قبل ازیں فوکس میگزئن کے ایڈیٹر ہیلموٹ مارکوَرٹ نے اپنے ایک نشریاتی انٹرویو میں کہا تھا کہ گابرئیل مستعفی ہونے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

[pullquote]جین میں لینڈ سلائیڈنگ، چالیس سے زائد ورکرز لاپتہ
[/pullquote]

جنوبی چین کے فوجیان صوبے میں ایک ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے مقام پر ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اکتالیس تعمیراتی ورکرز دب کر رہ گئے ہیں۔ لاپتہ ورکرز کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ افراد گیلی مٹی اور پتھروں کے انتہائی بڑے حجم کے نیچے دب کر رہ گئے ہیں۔ کیچڑ اور پتھروں میں سے اب تک جو سات ورکرز نکال گئے ہیں، وہ شدید زخمی ہیں اور اُن کے بدن کی کئی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ لاپتہ افراد کو ڈیٹیکٹرز کی مدد سے ڈھونڈا جا رہا ہے۔ آج اتوار کی صبح شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ فوجیان صوبے کی تائننگ کاؤنٹی میں ہوئی۔

[pullquote]صرف حملے کی صورت میں جوہری ہتھیار استعمال کریں گے: شمالی کوریائی لیڈر
[/pullquote]

کمیونسٹ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن نے حکمران ورکرز پارٹی کی کانگریس میں شریک مندوبین پر واضح کیا ہے کہ شمالی کوریا ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے اور وہ کسی حملے میں پہل نہ کرنے کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے۔ ورکرز پارٹی کی کانگریس میں اُن نے اگلے پانچ برسوں کی ملکی ترجیحات اور منصوبوں کی تفصیلات بھی بتائیں۔ اِن میں ملکی اقتصادیات کی بحالی کے ساتھ ساتھ لوگوں کے رہن سہن میں تبدیلیاں لانے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔ کم جونگ اُن نے کانگریس میں یہ بھی کہا کہ اُن کا ملک جوہری عدم پھیلاؤ کی ذمے داری پوری کرتے ہوئے دنیا بھر سے جوہری ہتھیاروں کو ختم کرنے کے عمل کو تقویت دے گا۔

[pullquote]صدارتی الیکشن پر فلپائن میں سکیورٹی انتہائی چوکس
[/pullquote]

کل نو مئی کو فلپائن میں صدارتی الیکشن ہو رہے ہیں۔ عوام اِس انتخابی عمل میں سولہویں صدر کا انتخاب کریں گے۔ منیلا میں پولیس کی الیکشن مانیٹرنگ ٹاسک فورس کے ترجمان کے مطابق ایک لاکھ پینتیس ہزار پولیس اہلکار نو مئی کی الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کر دیے گئے ہیں۔ اب تک الیکشن سے جڑے پرتشدد واقعات میں پندرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امیدواروں نے ابھی سے ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزام لگانا شروع کر دیے ہیں۔ انتخابی عمل کا جائزہ لینے والی غیرسرکاری تنظیم کمیشن آن الیکشنز کے مطابق امیدوار ووٹ خریدنے کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں۔

[pullquote]یمن امن مذاکرات پھر تعطل کا شکار
[/pullquote]

خلیجی ریاست کویت میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں یمنی امن مذاکرات سے منصور ہادی حکومت کے وفد نے حوثی شیعہ ملیشیا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات مزید جاری رکھنے سے معذوری ظاہر کر دی ہے۔ اِس تعطل کے بعد اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی مندوب اسماعیل ولد شیخ احمد کو دوبارہ سے بالواسطہ مذاکراتی عمل شروع کرنا پڑے گا۔ یمن میں امن قائم کرنے کے لیے مذاکرات اکیس اپریل کو شروع ہوئے تھے لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی ہے۔ اقوام متحدہ کے مندوب کے مطابق متحارب گروپوں کے درمیان ہفتے کے روز سیاسی اور سکیورٹی معاملات پر دو نامکمل مذاکراتی ادوار ہوئے۔ ان کے بعد حکومتی وفد نے براہِ راست مذاکراتی عمل میں مزید شرکت سے انکار کر دیا۔

[pullquote]یورو زون کے وزرائے خزانہ کا اجلاس کل پیر کو ہو گا
[/pullquote]

یونان میں سپراس حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اقتصادی اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے یورو زون کے وزرائے خزانہ کا ایک ہنگامی اجلاس کل پیر کے روز برسلز میں ہو گا۔ انیس رکنی یورو زون کے وزرائے خزانہ اس اجلاس میں یونان کو قرضوں میں رعایت دینے پر بھی غور کر سکتے ہیں۔ یونانی وزیر خزانہ یُوکلید ساکالوٹوس (Euclid Tsakalotos) نے یورو زون سے درخواست کی ہے کہ وہ یونان کے لیے اقتصادی پروگرام کی منظوری دے تا کہ حکومت کے لیے اقتصادی آسانیاں پیدا ہو سکیں۔ دوسری جانب یونان میں حکومت اور عوام کو مالیاتی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔ اِس ویک اینڈ پر یونان میں پینشنوں میں کٹوتی اور انکم ٹیکس میں اضافے کے نئے حکومتی فیصلوں کے خلاف عام ہڑتال بھی جاری ہے۔

[pullquote]سابقہ مشرقی جرمنی کے لیڈر کی بیوہ کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں
[/pullquote]

چلی کے دارالحکومت سانتیاگو میں سابقہ مشرقی جرمنی کے لیڈر ایرش ہونیکر کی بیوہ کا تابوت ماضی کا حصہ بن جانے والے ملک کے پرچم میں لپٹا ہوا تھا۔ تابوت پر چلی کی کمیونسٹ پارٹی کا پرچم بھی پھیلایا گیا تھا۔ سانتیاگو کے پارک ڈیل ریکارڈو قبرستان میں صرف پچاس سوگوار موجود تھے۔ ان میں اُن کی بیٹی اور کمیونسٹ پارٹی کے اراکین شامل تھے۔ یہ سب لوگ قبرستان کے احاطے میں واقع ایک کمرے میں جمع ہوئے، جہاں قریب پینتالیس منٹ کے لیے سابقہ مشرقی جرمن ریاست کی یادیں پھر تازہ ہو گئیں۔ اس تقریب میں شرکاء نے ایرش ہونیکر کی بیوہ مارگوٹ ہونیکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کمیونسٹ جرمنی کی ’خاتون آہن‘ مارگوٹ ہونیکر کا انتقال جمعے کے روز ہوا تھا۔

[pullquote]سعودی عرب میں انتہا پسندوں کی فائرنگ، ایک فوجی مارا گیا
[/pullquote]

سعودی پریس ایجنسی نے بتایا ہے کہ وسطی صوبے طائف میں انتہا پسندوں کی فائرنگ سے ایک سعودی فوجی مارا گیا ہے۔ رپورٹوں کے بعد حکومتی سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ اِس حملے کے دوران ایک حفاظتی چیک پوسٹ پر دو حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک سعودی فوجی کی ہلاکت ہوئی۔ علاقے میں سکیورٹی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور اس عمل کے دوران بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

[pullquote]’اسلامک اسٹیٹ‘ کے پچاس سے زائد جہادی ترک فوج کی گولہ باری میں ہلاک
[/pullquote]

شمالی شام میں ترک ملٹری کی جوابی کارروائی میں عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے پچپن جہادیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ترک فوج کے مطابق سرحدی قصبے کِلِیس پر مسلسل راکٹ داغے جانے کے جواب میں یہ کارروائی کی گئی۔ شیلنگ شامی شہر حلب کے شمال میں کی گئی۔ ترک توپوں نے سوران، تَل الہسن، برغداد اور کوساکجک کے شامی علاقوں میں جہادیوں کو نشانہ بنایا۔ کل ہفتے کے روز امریکی عسکری اتحاد نے بھی اپنے فضائی حملوں میں اڑتالیس جہادیوں کو ہلاک کر دینے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس طرح اِن دونوں کارروائیوں میں مارے گئے جہادیوں کی تعداد 103 بنتی ہے۔

[pullquote]بھارت میں مسافر بس کے حادثے نے چودہ افراد کی جان لے لی
[/pullquote]

بھارت کے شمالی ہمالیائی علاقے میں مسافروں سے بھری ایک بس کے ایک گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں کم از کم چودہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اِس حادثے میں اکتالیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ یہ بس پہاڑی مقام دھرم شالا سے واپس آ رہی تھی کہ کھائی میں گر گئی۔ یہ واقعہ بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع منڈی میں پیش آیا۔

[pullquote]عامر خان ناک آؤٹ، الواریز نئے مڈل ویٹ چیمپئن
[/pullquote]

امریکی شہر لاس ویگاس میں ورلڈ باکسنگ کونسل کی مڈل ویٹ چیمپئن شپ میں برطانوی باکسر عامر خان چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہو گئے۔ ان کو ساؤل الواریز نے چھٹے راؤنڈ میں دائیں ہاتھ سے خان کے جبڑے پر اتنے زور سے مکا مارا کہ وہ حواس باختہ ہونے کے بعد رنگ میں گر گئے۔ اِس طرح وہ ورلڈ چیمپئن شپ سے باہر ہو گئے۔ عامر خان کو مقابلے کے فوری بعد ہسپتال لے جانا پڑا، جہاں طبی معائنے کے بعد انہیں بخیریت قرار دے دیا گیا۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان لاس ویگاس میں ہونے والے مقابلے میں فیورٹ خیال کیے جا رہے تھے۔ الواریز کا اگلا مقابلہ ممکنہ طور پر گینادی ٹرپل جی کے ساتھ ہو گا۔

[pullquote]کھیلوں کی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]کیمرون: خاتون فٹ بالر حرکت قلب بند ہونےسے ہلاک
[/pullquote]

یاؤنڈے: کیمرون ویمن فٹ بال ٹیم کی نوجوان گول کیپرجینن کرسٹل جومنانگ پریکٹس کے دوران حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئیں۔
رپورٹ کے مطابق 26 سالہ جینن کرسٹل جومنانگ جنوبی کیمرون میں جاری ٹورنامنٹ فیمینا اسٹارز ایبولا کے میچ سے قبل پریکٹس کے دوران بیماری کے باعث انتقال کرگئیں جبکہ فیڈریشن کی رپورٹ کے مطابق انھیں دل کا دورہ پڑا تھا تاہم میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات تاحال موصول نہیں ہوئیں۔
ایک دن قبل کیمرون کے کھلاڑی پیٹرک ایکنگ رومانیہ میں میچ کے دوران حرکت قلب بندے ہونے سے انتقال کرگئے تھے۔
کیمرون کی سب سے بڑی لیگ کے دوران جومانگ نے چھاتی میں درد کی شکایت کی تھی جس کے باعث انھیں اسپتال منتقل کیا گیا تھاتاہم وہ راستے میں ہی دم توڈ گئیں۔
کیمرون سے تعلق رکھنے والی افریقن فٹ بالر آف دی ائر گائیلی اینگاناماؤٹ نے سماجی ذرائع ابلاغ میں اپنے ردعمل میں کہا کہ ‘یہ دکھ کی خبر ہے اور خدا ان کی روح کو تسکین دے”۔
اس سے قبل جمعے کو کیمرون کے 26 سالہ فٹ بالر پیٹرک ایکنگ کی دل کے دورے کے باعث ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی جو رومانیہ لیگ کےمیچ میں شریک تھے جس کو براہ راست نشر کیا جارہاتھا۔
کیمرون فٹ بال فیڈریش کے مرکز پر دونوں کھلاڑیوں کی تعزیت کے اظہار کے لیے خصوصی کتاب رکھی گئی ہے۔

[pullquote]کوہلی کی ویٹوری کو انڈین ٹیم کا کوچ بنانے کی تجویز
[/pullquote]

573066027f5c9

انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور اور بگ بیش کی فرنچائز برسبین ہیٹ کے ہیڈ کوچ ڈینیئل ویٹوری ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔
مہندرا سنگھ دھونی کی جگہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان کی ذمے داریاں سنبھالنے والے ویرات کوہلی نے ہیڈ کوچ کیلئے ویٹوری کا نام تجویز کیا ہے۔ اس سے قبل بھی ماضی میں ہندوستانی ٹیم کے کوچ کی تقرری کپتان کی تجویز پر کی جاتی رہی ہے اور گریگ چیپل اور گیری کرسٹن کی صورت میں ایسی دو مثالیں موجود ہیں۔
ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ کوہلی نے ویٹوری کو کوچ بنانے کی تجویز پیش کی ہے لیکن ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا بی سی سی آئی سابق کیوی اسپنر کو کوچ بنانے کا سوچ رہا ہے یا نہیں۔
ہندوستان کو جون 2016 سے مارچ 2017 کے درمیان 18 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں لہٰذاکوچ کی تقرری کسی بھی وقت کی جا سکتی ہے۔
ڈینیئل ویٹوری نے گزشتہ سال ورلڈ کپ فائنل میں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا لیکن فوراً بعد انہوں نے بحیثیت کوچ برسبین ہیٹ کی کوچنگ کی ذمے داریاں سنبھال لیں جبکہ اس سے قبل ہی وہ 2014 سے رائل چیلنجر بنگلور کے کوچنگ پینل کا حصہ ہیں۔

[pullquote]جوکووچ نے ریکارڈ 29واں ماسٹرز ٹائٹل جیت لیا
[/pullquote]

573055012e996

میڈرڈ: عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے اینڈی مرے کو شکست دے کر میڈرڈ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ ریکارڈ 29ویں مرتبہ ماسٹرز ٹائٹل بھی اپنے نام کر لیا۔
میڈرڈ میں ہونے والے مقابلے میں دونوں روایتی حریفوں نے دس سال پرانی اپنی مخاصمت کو ایک بار پھر زندہ کیا جہاں دس سال قابل اس ایونٹ کے راؤنڈ آف 16 میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلوں کا آغاز ہوا تھا۔
جوکووچ نے روایتی انداز میں جارحانہ طریقے سے میچ کا آغاز کیا اور پہلا سیٹ 6-2 کے کطرفہ مقابلے کے بعد اپنے نام کر لیا۔
لیکن دفاعی چیمپیئن اینی مرے نے شاندار انداز میں میچ میں واپسی کی اور دوسرے سیٹ میں 6-3 سے کامیابی حاصل کر کے مقابلہ 1-1 سیٹ سے برابر کردیا۔
تیسرے میچ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن جوکووچ ے اپنے بہترین کھیل کی بدولت مرے پر سبقت برقرار رکھتے ہوئے 6-3 سے سیٹ جیت کر میڈرڈ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
جوکووچ کے شاندار کھیل کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ میچ کے آخری گیم میں انہوں نے سات بریک پوائنٹس بچائے اور فتح کا تاج سر پر سجا لیا۔
اس ٹائٹل کے ساتھ ہی عالمی نمبر ایک سربین اسٹار نے ریکارڈ سب سے زیادہ 29 مرتبہ ماسٹرز ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا جہاں اس سے قبل یہ اعزاز 28 ایونٹ جیتنے والے اسپین رافیل نڈال کے پاس تھا۔

[pullquote]شوبز[/pullquote]

[pullquote]ایشوریا نے15 منٹ میں ’سربجیت‘ کیلئےحامی بھری
[/pullquote]

573032d67e323

بولی وڈ ہدایت کار امنگ کمار کے مطابق دلکش اداکارہ ایشوریا رائے بچن ان کی آنے والی فلم ’سربجیت‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے صرف 15 منٹ میں رضامند ہوگئیں تھیں۔
امنگ کمار کی ہدایات میں بننے والی فلم ‘سربجیت’ ایک ہندوستانی جاسوس ‘سربجیت سنگھ’ کی زندگی پر بنائی جارہی ہے، جو پاکستان کی ایک جیل میں دوران قید ہلاک ہوگیا تھا۔
’سربجیت‘ میں ایشوریا رائے، ہندوستانی جاسوس سربجیت سنگھ کی بہن ’دلبیر‘ کا کردار کرتی نظر آئیں گی جنہوں نے پاکستانی جیل سے اپنے بھائی کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کی تھی۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران ہدایت کار امنگ کمار کا کہنا تھا کہ وہ فلم میں ایک ایسی اداکارہ کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے جو 22 سالہ اور 60 سالہ عورت کا کردار ایک ساتھ ایک ہی وقت میں بخوبی انجام دے سکے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے