کراچی: ٹڈاپ میگا سکینڈل میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی گئی جبکہ عدالت نے 23 مقدمات میں فرد جرم عائد کرنے کے لئے تاریخ مقرر کر دی۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان کی آمد سے قبل پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد پہلے سے ہی عدالتی احاطے میں موجود تھی۔
دوران سماعت یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے 5 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے پرانے الزامات پر نئے مقدمات قائم کئے گئے ہیں اس لئے ان کے موکل کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ٹڈاپ میگا سکینڈل کے تمام 23 مقدمات میں فرد جرم عائد کرنے کے لئے 23 جون کی تاریخ مقرر کر دی۔
اس موقع پر وکیل فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی کہ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد نہ کی جائے کیوں کہ انہیں ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی نقول فراہم نہیں کیا جس پر عدالت نے ایف آئی اے حکام کو حکم دیا کہ انہیں تمام مقدمات کی نقول فراہم کی جائے اور آئندہ سماعت پر ہر صورت فرد جرم عائد کی جائے گی۔