[pullquote]پاکستان[/pullquote]
[pullquote]آپریشن کے بعد وزیراعظم کیلئے مودی کے پھول[/pullquote]
اسلام آباد: ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے پھول بھجوائے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف کو پھولوں کا تحفہ بھیجا اور ان کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
[pullquote]اقتصادی سروے پیش، زرمبادلہ کے ذخائر 21.6 ارب ڈالر[/pullquote]
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مالی سال 16-2015 کا اقتصادی سروے پیش کردیا۔مالی سال 16-2015 کا اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے زرعی شعبے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے غیر ملکی زر مبادلہ کی ریکارڈ ترین بلند سطح کی نوید بھی سنائی۔وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو کسی نئے آئی ایم ایف پروگرام کی ضرورت نہیں ہے۔
[pullquote]’امریکا پر مقدمہ، ہر شہری کا قانونی حق‘[/pullquote]
اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا امریکی ڈرون حملے کے خلاف درج ایف آئی آر کے حوالے سے کہنا ہے کہ ملکی آئین کسی بھی شہری کو اس کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا حق دیتا ہے۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان ڈرون حملوں کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہا ہے اور اس پر پاکستان کی پوزیشن اس کے اصولوں پر مبنی ہے۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں 21 مئی کی رات کو امریکی ڈرون حملے کا مقدمہ اس میں مارے جانے والے ٹیکسی ڈرائیور محمد اعظم کے بھائی محمد قاسم کی مدعیت میں امریکی حکام کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
[pullquote]کوئٹہ کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال سے مریض دربدر[/pullquote]
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن کے ہڑتال کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کا سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے۔ہڑتال کی وجہ سے سرکاری ہسپتال مریضوں سے خالی ہوگئے ہیں۔
* ’نوٹ درختوں پر نہیں اگتے،‘ کوئٹہ میں ڈاکٹروں کا احتجاج
بلوچستان میں نوجوان ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن سے تعلق رکھنے والے پیرا میڈیکس گذشتہ دو ماہ سے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج پر ہیں۔اس احتجاج میں مزید شدت لاتے ہوئے گذشتہ ررز بدھ کو نئے مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں داخل نہیں کیا گیا۔ان میں ایسے مریض بھی شامل تھے جو بےہوش تھے انھیں ان کے رشتہ دار انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال لائے تھے۔
[pullquote]خلیجی ممالک میں چھانٹیوں کا اثر پاکستانی معیشت پر[/pullquote]
پاکستان کی موجودہ حکومت کا کہنا ہے کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ملکی ذخائر ساڑھے 21 ارب ڈالر کی سطح سے تجاوز کر چکے ہیں، لیکن خلیجی ممالک میں ملازمت کے مواقع میں حالیہ کمی سے ترسیلاتِ زر کی مد میں آنے والے رقوم میں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
[pullquote]کے پی: عوامی مقامات پرتمباکو نوشی پرپابندی کا فیصلہ[/pullquote]
پشاور: صوبہ خیبر پختو نخوا کی حکومت نے عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانونی مسودہ تیار کرلیا۔
قانونی مسودہ منظوری کے لیے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا پروہیبشن آف اسموکنگ/ ٹوبیکو پروکٹس اینڈ پروٹیکشن آف نان اسموکرز ہیلتھ بل 2016 کے تحت تمباکو نوشی کرنے والے شخص کو جرمانہ اور تین ماہ قید کی سزا سنائی جائی گی۔
بل کی منظوری کے بعد صوبے میں تمباکونوشی سے متعلق اشتہارات، اس کی تیاری اور خرید و فروخت پرسخت پابندی ہوگی۔
[pullquote]کمشنر کراچی صرف 5 ماہ بعد تبدیل[/pullquote]
کراچی: حکومت سندھ نے 5 ماہ بعد ہی کراچی کے کمشنر آصف حیدر شاہ کو عہدے سے ہٹا کر اعجاز علی خان کو نیا کمشنر کراچی مقرر کردیا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق اعجاز علی خان کو کراچی کا کمشنر مقرر کردیا گیا جبکہ سید آصف حیدر کا تبادلہ کرکے جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کور آرڈینشن ڈپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔سید آصف حیدر شاہ نے 4 جنوری 2016 کو عہدہ سبنھالا تھا اور جمعرات کو 5 ماہ بعد ان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]
[pullquote]گجرات فسادات: 24 انتہا پسند مجرم قرار[/pullquote]
احمد آباد: ہندوستان کی ریاست گجرات میں خصوصی عدالت نے گلبرگ سوسائٹی قتل عام کیس میں 69 مسلمانوں کے قتل میں ملوث 24 ہندو انتہا پسندوں کو مجرم قرار دے دیا۔
خصوصی عدالت کے جج پی بی دیسائی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مقامی رہنما وی پن پاٹیل، کانگریس کے سابق رہنما میگھ سنگھ چوہدری اور سابق پولیس انسپکٹر سمیت 36 افراد کو بری کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ سوسائٹی پر حملہ باقاعدہ منصوبہ بندے کے تحت نہیں، بلکہ اچانک کیا گیا۔
مجرم قرار دیئے جانے والوں میں 11 کو قتل جبکہ 13 کو دیگر الزامات میں مجرم ٹھہرایا گیا، جبکہ تمام مجرمان کو 6 جون کو سزا سنائی جائے گی۔
کئی سالوں تک زیر ٹرائل رہنے والے اس کیس میں 300 سے زائد شاہدین نے قتل عام کے ثبوت دیئے لیکن مختلف درخواستوں کی سماعت کے باعث کیس زیر التوا رہا۔
[pullquote]ایران کا شہریوں کو حج کیلئے نہ بھیجنے کا اعلان[/pullquote]
تہران: ایران نے اپنے شہریوں کو رواں برس حج کے لیے نہ بھیجنے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے اس فیصلے کا الزام سعودی عرب پر عائد کیا ہے۔
ساتھ ہی ایران کا دعویٰ ہے کہ سعودی عرب عازمین حج کو مناسب سیکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق گذشتہ برس حج کے موقع پر سانحہ منیٰ کے دوران کم ازکم 2،426 حجاج جان کی بازی ہار گئے تھے، جن میں ایران کے 464 حجاج بھی شامل تھے۔ اس واقعے کے بعد سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔
[pullquote]یورپ میں بارشیں، کئی ممالک میں سیلاب کا خدشہ[/pullquote]
یورپ میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کے نتیجے میں سیلاب کی صورتِ حال خراب ہونے کے اندیشے ظاہر کیے جا رہے ہیں جس میں پانچ افراد پہلے ہی ہلاک ہو چکے ہیں۔
جنوبی جرمنی میں چار افراد کے ڈوبنے کی خبر ہے جبکہ دو لاپتہ ہیں اس کے علاوہ ہزاروں گھروں میں بجلی نہیں ہے۔
وسطی فرانس کے کچھ علاقے بدترین سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔سیلاب سے متاثرہ ایک گھر سے ایک عمر رسیدہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
فرانس میں ہزاروں لوگوں کو سیلاب سے نکالا گیا ہے۔
[pullquote]یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں فائرنگ، دو ہلاک[/pullquote]
امریکہ میں پولیس کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا لاس اینجلس (یو سی ایل اے) میں فائرنگ کے واقعے میں کم سے کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔پولیس کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں اور یونیورسٹی کیمپس کو بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کے صورتحال قابو میں ہے اور ابتدائی شواہد کے مطابق بظاہر واقعے کو ایک قتل اور پھر خود کشی قرار دیا گیا ہے۔مرنے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔اس سے پہلے لاس اینجلس میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق، کچھ خبروں میں کہا گیا ہے کہ ایک مسلح شخص یو سی ایل اے کے احاطے میں ہی موجود ہے۔
یو سی ایل اے کے حکام نے آن لائن جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ میں ہونے والی فائرنگ کےواقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔یو سی ایل اے میں تقریبا 43،000 طالب علم زیرے تعلیم ہیں۔
[pullquote]جرمن پارلیمان میں قرارداد منظور، آرمینیائی باشندوں کا قتلِ عام ’نسل کُشی‘ قرار[/pullquote]
آج وفاقی جرمن پارلیمان میں اُس علامتی قرارداد کو اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا گیا، جس میں پہلی عالمی جنگ کے دوران 1915ء میں سلطنتِ عثمانیہ کی افواج کے ہاتھوں 1.5 ملین آرمینیائی باشندوں کے قتلِ عام کو ’نسل کُشی‘ قرار دیا گیا ہے۔ آج ایک گھنٹے کی بحث کے بعد ہونے والی رائے شماری میں قرارداد کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے اسپیکر نوربرٹ لامرٹ نے کہا کہ صرف ایک رکن نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا جبکہ ایک نے اپنی رائے محفوظ رکھی۔ اس قرارداد کی منظوری کے بعد برلن اور انقرہ حکومتوں کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ اپنے ابتدائی رد عمل میں انقرہ حکومت کے ایک ترجمان نے اس قراردا د کی منظوری کو ایک ’تاریخی غلطی‘ قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ اب تک ترکی میں برسرِاقتدار آنے والی تمام حکومتیں اس قتلِ عام کے لیے ’نسل کُشی‘ کی اصطلاح کے استعمال کو سختی کے ساتھ رَد کرتی رہی ہیں۔
[pullquote] بھارتی عدالت نے احمد آباد میں مذہبی فسادات کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا[/pullquote]
آج ایک بھارتی عدالت نے سن 2002ء میں مغربی ریاست گجرات کے خونریز مذہبی فسادات کے ایک مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے چوبیس ملزمان کو قصور وار قرار دے دیا۔ ان میں سے گیارہ کو قتل کے الزام میں قصور وار قرار دیا گیا ہے۔ خصوصی عدالت کے جج پی بی ڈیسائی نے کہا کہ ان ملزمان کے لیے سزاؤں کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔ جج نے چھتیس ملزمان کو بری کر دیا۔ اس مقدمے کا تعلق ریاست گجرات کے بڑے شہر احمد آباد کی گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی میں اُن فسادات سے تھا، جن میں ایک مشتعل ہندو ہجوم نے کانگریس پارٹی کے رکنِ پارلیمان احسان جعفری سمیت انہتر مسلمانوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ 2002ء کے فسادات میں مجموعی طور پر ایک ہزار سے زیادہ انسان مارے گئے تھے، جن میں سے زیادہ تر مسلمان تھے۔
[pullquote] جرمنی: تین شامی شہری دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار[/pullquote]
تین شامی شہریوں کو، جن پر دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ساتھ روابط رکھنے کا شبہ ہے، جرمنی میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وفاقی جرمن دفترِ اشتغاثہ کے مطابق ستائیس سالہ حمزہ، پچیس سالہ محود اور اکتیس سالہ عبدالرحمان کو نارتھ رائن ویسٹ فیلیا، برانڈن برگ اور باڈن ورٹمبرگ سے گرفتار کیا گیا۔ ایک چوتھے شامی شہری صالح کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ صالح اور حمزہ نے 2014ء میں شام جا کر آئی ایس میں شمولیت اختیار کی تھی اور اُنہیں جرمن شہر ڈسلڈورف میں دہشت گردانہ حملہ کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ بعد ازاں ان دونوں نے دیگر دو ملزمان کو بھی اس منصوبے میں شامل ہونے کا قائل کر لیا تھا۔
[pullquote] صومالی دارالحکومت میں دہشت گردانہ حملہ، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]
آج صومالی دارالحکومت میں کیے جانے والے ایک دہشت گردانہ حملے میں صومالی پارلیمان کے دو ارکان سمیت متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔ مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں میں مرنے والوں کی تعداد دَس سے لے کر بیس تک بتائی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک کار پر سوار ایک خود کُش حملہ آور نے ایمبیسیڈر نامی ہوٹل کے داخلی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ دھماکے کے فوراً بعد تین مسلح افراد عمارت کے اندر گھُس گئے۔ مرنے والوں میں دو دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ اس حملے کی ذمے داری انتہا پسند الشباب ملیشیا نے قبول کر لی ہے۔ سنّی انتہا پسندوں پر مشتمل یہ تنظیم اس مشرقی افریقی ملک کو ایک مذہبی ریاست میں بدل دینا چاہتی ہے۔
[pullquote] فلسطینی خاتون ایک اسرائیلی فوجی کو چاقو گھونپنے کی کوشش میں ہلاک[/pullquote]
آج مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے قریب ایک فلسطینی خاتون نے ایک اسرائیلی فوجی کو چاقو گھونپنے کی کوشش کی، جس پر اُسے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ واقعہ عنبتا (Anbata) نامی گاؤں کے قریب ایک فوجی چوکی پر پیش آیا۔ اس خاتون کی عمر اور شناخت کے حوالے سے ابھی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ گزشتہ سال اکتوبر سے اس طرح کے پُر تشدد واقعات میں اب تک دو سو چھ فلسطینی، اٹھائیس اسرائیلی اور دو امریکی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہلاک ہونے والے دو مزید افراد کا تعلق اریٹریا اور سوڈان سے تھا
[pullquote] افغانستان: عسکریت پسندوں نے شیعہ ہزارہ کمیونٹی کے سترہ ارکان کو اغوا کر لیا[/pullquote]
افغانستان میں مسلح عسکریت پسندوں نے شیعہ ہزارہ کمیونٹی کے سترہ ارکان کو اغوا کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق بدھ کی سہ پہر کو سرے پُل کے مقام پر پیش آنے والے اس واقعے کے پیچھے طالبان کا ہاتھ ہے، جو غالباً ان افراد کی رہائی کے بدلے میں طالبان کے اُس کمانڈر کو رہا کروانا چاہتے ہیں، جو ایک روز قبل افغان فورسز کے ساتھ ایک تصادم کے بعد پکڑا گیا تھا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان ذبیح اللہ امانی نے کہا کہ یہ سترہ افراد ایک وین میں شہر کے مرکز کی جانب سفر کر رہے تھے، جب طالبان نے ان کی گاڑی کو روکا اور انہیں اغوا کر لیا۔ امانی نے بتایا کہ اغوا شُدگان کی تلاش کا آپریشن ناکام ہو جانے کے بعد اب ان کی رہائی کے لیے قبائلی عمائدین کی مدد لی جا رہی ہے۔
[pullquote] دہشت گردانہ حملے کی تیاریوں کے الزام میں سویڈن میں نوجوان کو پانچ سال کی سزا[/pullquote]
سویڈن کی ایک عدالت نے ایک بیس سالہ سویڈش نوجوان کو دہشت گردانہ حملے کی تیاریوں کا الزام ثابت ہونے پر پانچ سال کی سزائے قید کا حکم سنایا ہے۔ سویڈش دارالحکومت سے شمالی کی جانب اٹونڈا کی ضلعی عدالت کے مطابق عائدین سیویجین نامی یہ نوجوان فولادی گولیاں اور ایک پریشر کُکر استعمال کرتے ہوئے ایک بم بنانا چاہتا تھا۔ عدالت کے مطابق اس نوجوان کو گیارہ فروری کو اُس کی والدہ کی مخبری پر گرفتارکیا گیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ اس نوجوان نے مبینہ طور پر گزشتہ سال ترکی کے راستے شام جا کر دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ میں شامل ہونے کی کوششیں کی تھیں۔
[pullquote] اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا کے میزائل تجربات کی مذمت[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات کی مذمت کی ہے۔ کونسل کی جانب سے پیونگ یانگ حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے اس اعلیٰ ترین ادارے کی متعلقہ قراردادوں کی مزید خلاف ورزیوں سے باز رہے۔ کونسل کے ارکان کی جانب سے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ شمالی کوریا اپنے وسائل ان میزائل تجربات پر خرچ کر رہا ہے جبکہ اُس کے شہریوں کی اہم ضروریات پوری نہیں ہو رہیں۔ جنوبی کوریائی ذرائع کے مطابق ابھی منگل کو ہی شمالی کوریا کا ایک نیا میزائل تجربہ ناکامی سے دوچار ہوا تھا۔
[pullquote] شام میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کا سپلائی روٹ کاٹنے کے لیے آپریشن شروع[/pullquote]
شام میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف امریکی قیادت میں سرگرم بین الاقوامی اتحاد نے اس تنظیم کے ترکی سے آنے والے ایک سپلائی روٹ کو کاٹنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کُرد جنگجوؤں کی قیادت میں برسرِپیکار سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے اتحادی فضائی حملوں کی مدد سے دفاعی لحاظ سے اہم شہر منبج کو اپنے کنٹرول میں لانے کے لیے ایک بڑے آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایسے اٹھارہ فضائی حملے کیے گئے ہیں۔ منبج اُس شمالی جنوبی راستے پر واقع ہے، جو ترکی کی سرحد کے قریب آئی ایس کے زیر قبضہ شہر جرابلوس اور شام میں آئی ایس کی خود ساختہ خلافت کے مرکز الرقہ کو آپس میں ملاتا ہے۔
[pullquote] ریو میں اولمپک کھیلوں سے پہلے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی پولیس کے بڑھتے تشدد پر تنقید[/pullquote]
ریو میں اولمپک کھیل شروع ہونے سے دو مہینے پہلے انسانی حقوق کی علمبردار تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برازیل کی سکیورٹی فورسز پر ایسی بڑھتی ہوئی پُر تشدد کارروائیوں کا الزام عائد کیا ہے، جن میں سے کئی ایک کا نتیجہ متاثرین کی ہلاکت کی صورت میں برآمد ہو رہا ہے۔ ایمنسٹی نے کہا ہے کہ اگرچہ سلامتی کی پالیسیوں کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا تاہم 2009ء میں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی آئی او سی کی جانب سے ریو میں اولمپک کھیلوں کے انعقاد کے اعلان کے بعد سے اب تک پولیس کے تشدد کے نتیجے میں تقریباً ڈھائی ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote] متنازعہ ٹیکسی سروس اُوبر میں سعودی عرب کی بھاری سرمایہ کاری[/pullquote]
سعودی عرب نے متنازعہ ٹیکسی سروس اُوبر میں 3.5 ارب ڈالر کی بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح اس ٹیکسی سروس کمپنی کی قدر و قیمت بڑھ کر 62.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کمپنی سعودی عرب کے ساتھ اس ڈیل کے ذریعے مشرقِ وُسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم بنانا چاہتی ہے۔ سعودی عرب کے لیے یہ اقدام اُس کے ’وژن 2030ء‘ نامی اُس طویل المدتی منصوبے کا نقطہٴ آغاز ہے، جس کے تحت یہ ملک معدنی تیل کے کاروبار پر اپنا انحصار کم سے کم کرنا چاہتا ہے۔
[pullquote] گزشتہ برس کے دوران افغان فورسز کی کارکردگی بہتر ہوئی، امریکی جنرل[/pullquote]
ایک امریکی جنرل نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کے دوران افغان فورسز کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ افغانستان میں امریکی فورسز کے ترجمان چارلس کلیولینڈ کا کابل سے ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے دیا جانے والا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب افغان فورسز کو طالبان کے مقابلے میں پَے در پَے کئی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ برس امریکا نے افعانستان سے اپنے دستوں کا انخلاء ان خدشات کی بناء پر غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا تھا کہ افغان فورسز طالبان کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ آج کل افغانستان میں ساڑھے پانچ ہزار امریکی فوجی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
[pullquote] جنگ ویت نام میں مرنے والے آسٹریلوی فوجیوں کی جسمانی باقیات کی واپسی[/pullquote]
جنگ ویت نام میں مرنے والے آسٹریلوی فوجیوں اور اُن کے کنبوں کی باقیات آج رائل آسٹریلین ایئر فورس کے دو سی سترہ طیاروں کے ذریعے واپس آسٹریلیا پہنچ گئیں۔ ملائیشیا اور سنگا پور میں تدفین کے پچاس برسوں بعد تینتیس آسٹریلوی شہریوں کی باقیات کی وطن واپسی پر سڈنی میں ایک باقاعدہ فوجی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریباً ساٹھ ہزار آسٹریلوی فوجیوں نے بھی امریکیوں کے شانہ بشانہ جنگِ ویت نام میں حصہ لیا تھا، جن میں سے 521 اس جنگ میں مارے گئے تھے۔ ان آسٹریلوی شہریوں کی جسمانی باقیات کو واپس آسٹریلیا لانے کی پیشکش گزشتہ برس سابق وزیر اعظم ٹونی ایبٹ نے کی تھی۔
[pullquote] محصور شامی شہریوں کے لیے فضائی رسد رسانی کا انتظام کیا جائے، فرانس اور برطانیہ[/pullquote]
فرانس اور برطانیہ نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ شام کے محصور شہروں کے باسیوں کے لیے فوری طور پر فضائی رسد رسانی کا انتظام کیا جائے۔ اقوام متحدہ میں فرانسیسی سفیر فرانسوا دیلاتر نے کہا، یہ بات واضح ہے کہ ان شہروں تک آزادانہ رسائی نہیں دی جا رہی۔ سفیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے عالمی خوراک پروگرام ڈبلیو ایف پی کو خاص طور پر داريا، معضمية اور مضايا نامی شہروں تک فضا کے ذریعے اَشیائے خوراک پہنچانے کا انتظام کرنا چاہیے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جمعے کے روز فضائی رسد رسانی کے موضوع پر ایک ہنگامی اجلاس منعقد کرے گی۔ اگرچہ بدھ کے روز چار برسوں کے بعد پہلا امدادی قافلہ داریا پہنچ گیا تھا تاہم یہ قافلہ صرف ادویات ساتھ لے کر گیا تھا۔
[pullquote]کھیلوں کی خبریں[/pullquote]
[pullquote]’پاکستان انگلینڈ کے لیے مشکل حریف‘[/pullquote]
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے دورہ انگلینڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم میزبان کے لیے سری لنکا سے زیادہ مشکل حریف ثابت ہوگی۔
اسد شفیق نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری اسکل کیمپ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کے لیے انگلینڈ کی صورت حال مشکل ہے لیکن اگر پاکستان کا سری لنکا سے موازنہ کیا جائے تو ہم بہتر ٹیم ہیں کیونکہ ہمارے پاس یونس خان اور مصباح الحق کی صورت میں مضبوط بلے باز موجود ہیں’۔
قومی ٹیم کی باؤلنگ کو انگلینڈ کی پچوں کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘ ہمارے فاسٹ باؤلر انگلینڈ کی کنڈیشنز کو بہتر طریقے سے استعمال کرتےہوئے ان کے بلےبازوں کے لیے مشکلات کھڑی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں’۔
[pullquote]گالف ٹورنامنٹ کی میکسیکو منتقلی پر ٹرمپ برہم[/pullquote]
امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے گالف کا ایک ٹورنامنٹ ان کے گالف کورس سے میکسیکو منتقل کیے جانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
گالف کے معروف پی جی اے ٹور کا کہنا ہے کہ انھیں سنہ 2017 ورلڈ گالف چیمپیئن شپ کے لیے میامی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈورل کورس میں سپانسرز نہیں مل سکے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پی جی اے نے ’منافعے کو ہزاروں امریکیوں کی نوکریوں سے زیادہ اہمیت دی ہے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں یہ ظاہر کیا ہے امریکی معیشت میں تنزلی کا ذمہ دار میکسیکو ہے۔
پی جی اے ٹور کمشنر ٹموتھی فنچم کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ پروفائل کی وجہ سے انھیں سپانسرز کے حصول میں ’مشکل‘ کا سامنا تھا۔
فنچم کا کہنا تھا ’بنیادی طور پر یہ سپانسرز کا معاملہ ہے۔‘
اطلاعات کے مطابق لگژری کار بنانے والی کمپنی کاڈیلیک نے اپنے سپانسرشپ کے معاہدے کی تجدید نہیں کی ہے۔
فنچم نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ٹورنامنٹ کو فلوریڈا سے میکسیکو سٹی منتقل کرنے کا معاملہ سیاسی نہیں ہے۔
[pullquote]شوبز[/pullquote]
[pullquote]فواد خان آئیفا کی میزبانی کے لیے تیار[/pullquote]
پاکستانی اداکار فواد خان ایک کے بعد ایک فلمیں کرکے بولی وڈ میں بڑا نام حاصل کر چکے ہیں اور اب وہ ہندوستان کے نامور ایوارڈ شو آئیفا کی میزبانی بھی کریں گے۔
بولی وڈ لائف کی ایک خبر کے مطابق فواد خان اس شو میں بولی وڈ پروڈیوسر اور ہدایتکار کرن جوہر کے ہمراہ میزبانی کریں گے۔
فواد خان اس سے قبل کرن جوہر کی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ میں کام کر چکے ہیں اور کرن جوہر نے ان کے دلکش انداز اور بہترین اداکاری سے متاثر ہو کر اپنی اگلی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی اہم کردار کی آفر کی تھی جسے فواد نے قبول کرلیا تھا۔