کشمیریوں کاآزادی تک ‘موجودہ جدوجہد’ جاری رکھنے کااعلان

سری نگر: انجینئرنگ کے سابق طالب علم اور حزب المجاہدین کے نئے کمانڈر ذاکر راشد بھٹ نے جموں و کشمیر کے عوام کو موجودہ جدوجہد اس وقت تک جاری رکھنے کا کہا ہے جب تک وہ اپنا مقصد (آزادی) حاصل نہیں کرلیتے۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق 8 منٹ طویل ویڈیو میں برہان وانی کی ہلاکت کے بعد تنظیم کے بنائے جانے والے نئے کمانڈر ذاکر راشد بھٹ نے کہا کہ ‘ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارے تین بھائیوں کی شہادت نے اس جدوجہد کو ایک نیا مقصد فراہم کیا ہے، اب ہمیں چاہیے کہ ہم اس جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں اور اس کو منطقی انجام تک پہنچائیں’۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو اردو زبان میں ریکارڈ کرائی گئی ہے اور اسے میڈیا ہاؤسسز کو ای میل کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل تنظیم نے محمود غزنوی کو برہان وانی کی ہلاکت کے بعد نیا کمانڈر مقرر کیا تھا لیکن خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ ذاکر راشد بھٹ کی عرفیت محمود غزنوی ہے۔

22 سالہ ذاکر راشد بھٹ کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ 2013 میں جموں و کشمیر کے علاقے پلوامہ کے گاؤں نورپورہ میں واپس آنے سے قبل وہ چاندی گڑھ میں سول انجینئرنگ کے طالب علم تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘آپ کو احتجاج کی حمایت جاری رکھنی چاہیے، ہڑتالیں اور مظاہرے بھی جاری رکھیں’۔

کشمیریوں کو افواہوں پر کان نہ دھرنے کی تجویز دیتے ہوئے ذاکر راشد بھٹ نے کہا کہ جس گھر میں برہان وانی کی ہلاکت ہوئی اسے جلایا مت جائے۔

ہندوستان کی غاصب فوج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہم آپس میں لڑیں تاہم ہمارے ہر بھائی کو اس سے دور رہنا چاہیے اور جو اس حوالے سے باتیں کررہے ہیں وہ اس کے خود ذمہ دار ہیں’.

واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حزب المجاہدین کے 22 سالہ کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر کے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ ہے اور گھروں سے نکلنے پر پابندی کی وجہ سے مسلسل 39 دن سے معمولات زندگی تاحال مفلوج ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیر میں احتجای مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ اس دوران مظاہروں اور احتجاج پر ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 70 سے زائد کشمیری ہلاک جبکہ 5 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے