سراج الحق کا اسٹیٹس کوکے خلاف "جہاد”، فضل الرحمان ، فاروق ستار، عمران خان اور خورشید شاہ نےکیاکہا ؟ آئی بی سی اردو کا مکمل منظر نامہ

نوشہرہ: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مخصوص ٹولے نے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

خیبر پختونخوا جماعت اسلامی کے اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اسٹیٹس کوکے خلاف احتجاج نہ کرنےوالا ظلم کے اس نظام میں شریک ہے، ہم پر مسلط لوگ انگریزوں اور امریکا کے ایجنٹ ہیں‘۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ’لبرل اورسیکیولرپاکستان قائداعظم اور پاکستان کے لیے قربانی دینےوالوں کےمنافی ہے، وزیراعظم لبرل اور سیکولر پاکستان کی بات کرتے ہیں‘۔

سراج الحق نے کہا کہ ’عدالتی نظام ناکام ہوچکا ہے، مخصوص ٹولے کی وجہ سے غریبوں کو انصاف نہیں ملتا‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ملک میں بے شمار سیاحتی مقامات ہونے کے باوجود انہیں بہتر طریقے سے بروئے کار لانے کا کوئی منصوبہ ملک میں موجود نہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’سندھ کے عوام نے 1970 سے لے کر آج تک پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ دیا اور انہیں سر پر بٹھایا لیکن سب سے زیادہ غربت اس وقت صوبہ سندھ میں ہے‘۔

سراج الحق نے کہا کہ سندھ میں غریب کسان اپنی مرضی سے بیٹی کا رشتہ بھی طے نہیں کرسکتا اور لوگ اپنی مرضی سے ووٹ بھی نہیں دے سکتے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ’یہ شرم کی بات نہیں ہے کہ سندھ میں ایک سیکولر جماعت کی حکومت ہے لیکن وہاں ہندو اور اقلیتیں سندھ کو چھوڑ کر ہندوستان جارہے ہیں‘۔

پاناما لیکس کی تحقیقات اور آف شور کمپنیوں میں لگایا گیا سرمایہ واپس لانے کے لیے جماعت اسلامی نے بھی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ میں یہ بتادوں کہ’نظریہ پاکستان کے خلاف بات کرنےوالوں سے ہماری کھلی جنگ ہے، پاکستان کا مستقبل اسلام سے وابستہ ہے‘۔

بلوچستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وہاں کے ظالم سردار نے کس طرح بلوچ عوام کو تعلیم سے محروم رکھا، عزت اور صحت کی سہولتوں سے محروم رکھا‘۔

نوشہرہ میں منعقد ہونے والے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے اجتماع عام میں خواتین و بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے

سینیٹر سراج الحق نے بلوچستان کے بعد پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب میں جاگیرداروں نے قبضہ کیا، بینکوں سے قرضے لے کر صنعتکار بن گئے اور اب پٹواری اور تھانے ان کے قبضے میں ہیں‘۔

سراج الحق نے کہا کہ ان حکمرانوں نے عوام کو رشوت اور سفارش، ناقص طرز حکمرانی، ٹوٹی ہوئی سڑکوں، خراب ہسپتالوں،گندا پانی، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے تحفے دیے‘۔

واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں آف شور ٹیکس کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لاء فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقت ور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہوئے۔

ان دستاویزات میں روس کے ولادمیر پوٹن، سعودی عرب کے فرمانروا، آئس لینڈ کے وزیر اعظم، شامی صدر اور پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سمیت درجنوں حکمرانوں کے نام شامل ہیں،اس ڈیٹا میں وزیراعظم نواز شریف کے اہل خانہ کی آف شور ہولڈنگز کا ذکر بھی موجود تھا۔

امیر جماعت اسلامی ماضی میں بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپوزیشن کو خود کو احتساب کے لیے پیش کرنا چاہیے اور نواز شریف، آصف علی زرداری، عمران خان، سراج الحق سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

[pullquote]جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاناما کیس کی سماعت کے بعد مظاہرےکاکوئی جواز نہیں، اسلام آباد بند کرنےکا اعلان عوام اور ملک کے ساتھ دشمنی ہے ۔[/pullquote]

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات کے دوران کیا ۔دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کوغیر جمہوری اورغیر آئینی قراردیدیا ۔

فضل الرحمان نے کہا کہ مظاہرےمرضی کافیصلہ لینےکیلیےعدالت پردباؤڈالنےکےزمرےمیں آتےہیں۔

[pullquote]احتجاج سے روکنے والے اپوزیشن رہنما خود کرپٹ ہیں ،عمران خان[/pullquote]

عمران خان نے کہا ہے کہ احتجاج سے روکنے والے اپوزیشن رہنما خود کرپٹ ہیں۔ تشدد اور زور زبردستی کی گئی تو نقصان حکومت کا ہوگا۔ تیسری طاقت آئی تو ذمے دار نواز شریف ہوں گے ۔

عمران خان نےایک بار پھر نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کردیا، انہوں نے ایف بی آر اور نیب بند کرکے نئے ادارے بنانےکا مطالبہ بھی کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جب ادارے انصاف نہیں دے رہے تو احتجاج کرنا ہمارا حق ہے،اسلام آباد میں عوام کا سمندر آرہاہے۔ہمارے پُرامن احتجاج کو روکا گیا تو حکومت کو نقصان ہوگا۔

ڈیرہ اسماعیل خان روانگی سے قبل بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پُرامن احتجاج کرنا ہمارا حق ہے، گر ہم سڑکوں پر نہ نکلیں تو سب کرپشن بھول جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ ان کا کرپشن سے بنایا جانے والا پیسا بچ جائے، سڑکوں پرنکلنے سے منع کرنے والے خود کرپٹ ہیں، اپوزیشن سڑکوں پرنکلنے سے منع کررہی ہے، ایک صحافی کے سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھاسپریم کورٹ میں کیس چلتا رہے گااور ہمارا پر امن احتجاج بھی جاری رہے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام ایک طرف اور دوسری طرف کرپٹ مافیا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں ، پی ٹی آئی چیئرمین نے کہاکہ ہمارا احتجاج اداروں کی کارکردگی کیخلاف بھی ہے، ایف بی آر ، نیب ، الیکشن کمیشن اور نیب نے پارلیمنٹ میں جاکر کہا کہ ہم پانامالیکس کی تحقیقات کے حوالے سے کچھ بھی نہیں کرسکتے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر تیسری قوت آئی تو ذمے دار نواز شریف ہوں گے،ہم احتجاج تیسری طاقت کو لانے کے لیے نہیں کررہے ۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا احتجاج کرپٹ حکمرانوں سے کرپشن کا پیسہ واپس لانے اور اقتدار عوام کے اصل نمائندوں کو منتقل کرنے کے لیے ہے ۔ ہمیں احتجاج کے آئینی اور قانونی حق سے کوئی بھی نہیں روک سکتا ۔

[pullquote]ملک کے حالات دیکھ کر خوف آرہاہے،خورشید شاہ[/pullquote]

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وفاقی حکومت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے حالات دیکھ کر خوف آرہاہے، مشکل وقت گزارنے کےلیے کندھا نہیں دیں گے۔

اپوزیشن رہنما نے عمران خان کی احتجاجی سیاست پر بھی تنقید کی اور پی ٹی آئی چیئرمین کو نواز شریف کا بڑا خیرخواہ قرار دےدیا۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہعمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے نوازشریف مزید مضبوط ہورہےہیں۔

سید خورشید شاہ نے ملکی حالات پرخطرے کی گھنٹی بجادی ،کہتےہیں پیپلزپارٹی تصادم نہیں چاہتی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو 4مطالبات پیش کردیےہیں اگرحکومت ان پربات کرناچاہے توضرور کریں گے۔

خورشید شاہ نے حکومت کی جانب سے رابطہ کرنے کی خواہش سے بھی پردہ اٹھایا۔ خواجہ سعد نے رابطہ کیاتومیں نے کہا کہ پیر کوفیصل آبادمیں ہوں، انہوں نے کہا ملنا چاہتے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے ایک بارپھر نوازشریف کے سب سے بڑے سپورٹرکا نام بتادیا۔ خورشید شاہ نے کہاکہ پھر کہتاہوں عمران خان سب سے بڑا سپورٹرہے نوازشریف کا ۔

[pullquote]ایم کیو ایم پاکستان کا عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان[/pullquote]

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم پوری طاقت کے ساتھ ایک دو دن میں عوامی رابطہ مہم شروع کررہے ہیں، رابطہ مہم میں منتخب نمائندے اپنے علاقوں میں عوام کے دروازے پر موجود ہوں گے۔

فاروق ستار کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان ایک جماعت ہے اور وہ ہم ہیں، بائیس اگست سے خود کوجوڑنے والے کارکنوں کو کھائی میں دھکیل رہے ہیں، ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے، پاکستان مخالف سوچ پر مکمل طور پر عدم برداشت کی پالیسی ہے۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ بائیس اگست سے خود کو جوڑکررکھنے والے افراد ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، ہمارے اراکین اسمبلی اورمنتخب نمائندوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، کارکن ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، ان دھمکیوں کا حل ہمارے کارکنوں کے پاس ہے لیکن ہم اب تک خاموش ہیں، ہم نے آئین اورقانون کا راستہ اختیار کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے