آسٹریلیا کو ہوبارٹ میں اننگز اور 80 رنز سے شکست

جنوبی افریقی کھلاڑی دوسرے ٹیسٹ میں فتح کا جشن منا رہے ہیں جبکہ میدان میں لگی اسکرین سیریز میں پروٹیز کی فتح کا اعلان کر رہی ہے۔ فوٹو رائٹرز
جنوبی افریقی کھلاڑی دوسرے ٹیسٹ میں فتح کا جشن منا رہے ہیں جبکہ میدان میں لگی اسکرین سیریز میں پروٹیز کی فتح کا اعلان کر رہی ہے۔ فوٹو رائٹرز
ہوبارٹ: جنوبی افریقہ نے کگیسو ربادا اور کائل ایبٹ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 80 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

ہوبارٹ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے 121 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی بیٹنگ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کا چیلنج درپیش تھا۔

جنوبی افریقہ کو چوتھے دن کامیابی کیلئے زیدہ دیر انتظار نہ کرنا پڑا اور پانچویں ہی اوور میں 65 رنز بنانے والے عثمان خواجہ وکٹوں کے عقب میں کیچ ہوئے۔

عثمان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جو شروع ہوا تو پھر تھم نہ سکا۔

کائل ایبٹ نے جلد ہی ڈومینی کی مدد سے ایڈم ووجز کو پویلین چلتا کیا جبکہ کلم فرگیوسن کی ایک رن تک محدود رہی۔

پیٹر نیول اور اسمتھ نے اسکور کو بمشکل 150 تک پہنچایا ہی تھا کہ کگیسو ربادا نے وکٹ کیپر بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ جو مینی کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

دوسرے اینڈ سے کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا کھیل دیکھنے والے کپتان اسٹیون اسمتھ بھی مشکلات سے دوچار نظر آئے اور انہوں نے دن کی صبح 40 منٹ اور گیارہ اوورز کے کھیل کے بعد اپنا پہلا رن لیا لیکن وکٹیں گرنے کے سلسلے کے دوران ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور 31 رنز بنانے کے بعد وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔

کائل ایبٹ نے نیتھن لائن کو فلینڈر کے ہاتھوں کیچ کرا کر 161 رنز پر آسٹریلین ٹیم کی بساط لپیٹ کر اپنی ٹیم کو میچ میں اننگز اور 80 رنز کی یادگار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

زخمی ڈیل اسٹین کی جگہ ٹیم میں واپسی آنے والے کائل ایبٹ نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں سمیت مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ ربادا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز میں نو اور دوسری اننگز میں آٹھ آسٹریلین بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے

اس میچ میں فتح کی بدولت جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کر لی ہے جبکہ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا لگاتار ہانچویں شکست ہے جسے اس سے قبل سری لنکا کے ہاتھوں 3-0 کی وائٹ واش شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ ایڈیلیڈ میں 24 نومبر سے کھیلا جائے گا جو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے