جھنگ میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78 شہری نشست کے یکم دسمبر بروز جمعرات کو منعقد ہونیوالے ضمنی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والے آزاد ممبر صوبائی اسمبلی مولانا مسرور نواز جھنگوی نے پیر کی شام چنبہ ہاؤس لاہور میں جمعیت علمائے اسلام (ف) پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد با ضابطہ طور پر جمعیت علمائے اسلام (ف ) میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد اب وہ اپنے عہدہ کا حلف اٹھانے کے بعد پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جے یو آئی کےپارلیمانی لیڈر ہوں گے ۔
چنبہ ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات میں مولانا فضل ا لرحمن کے علاوہ مولانا محمد احمد لدھیانوی، محمدسلیم بٹ ایڈووکیٹ،جے یو ۱ٓئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور پنجاب کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری شہباز احمد گجر ایڈووکیٹ سمیت کئی دیگر مرکزی و صوبائی رہنما بھی موجود تھے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے مولانا مسرور نواز جھنگوی کو ضمنی انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی جبکہ مولانا مسرور نواز جھنگوی نے انکی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جے یو ۱ٓئی (ف ) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔یاد رہے کہ یکم دسمبر کو منعقد ہونیوالے ضمنی الیکشن میں جے یو ۱ٓئی (ف ) اور جماعت اسلامی کے حمایت یافتہ ۱ٓزاد امیدوار مولانا مسرور نواز جھنگوی نے کل کاسٹ شدہ95000 وو ٹوں میں سے 48563ووٹ حاصل کئے جبکہ مسلم لیگ (ن ) کے امیدوار آزاد ناصر انصاری کو 35471 ووٹ، پی پی پی کے امیدوار سرفراز احمد ربانی کو 3924 ووٹ، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری و پاکستان عوامی تحریک کے نامزد امیدوار رانا محمد نسیم قادری کو 846 ووٹ اور پی ٹی ۱ٓئی کے نامزد امیدوار میاں ارفع مجید کو 2845 ووٹ ملے تھے