وزیر اعظم کے مشیر بیرسٹر ظفراللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم معاشروں کی قدامت پسندانہ مذہبی سوچ غیر انسانی ہے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے .
بیرسٹر ظفراللہ خان صاحب کی کتاب A New Narratives کی پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں تقریب رونمائی ہوئی . تقریب رونمائی سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، اقبال اکیڈمی لاہور کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد جاوید ، اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد مسعود ،ادارہ تعلیم و تحقیق کے چئیرمین خورشید احمد ندیم ، ممتاز ماہر قانون سلمان اکرم راجا نے خطاب کیا .
سرتاج عزیز نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان اس وقت اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں ، انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے .مگر مغربی دنیا میں اسلام کا منفی تصور پھیل رہا ہے .
بیرسٹر ظفراللہ نے اپنی کتاب میں مسلمانوں کی حالت زار پر روشنی ڈالی . یہ ایک بر وقت کتاب ہے اور اس کی ضرورت اس وقت ماضی کے مقابلے میں بہت ذیادہ ہے .
اس وقت ہماری فکری سوچ عقائد میں بند ہو کر رہ گئی ہے لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام نے ہمیں انسانیت کا درس دیا ہے.
سرتاج عزیز نے کہا کہ ہمیں دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہے اسلام کو اس کی اصل حقیقت کی طرف لے کر جانا ہے . انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی کمزوریوں کا اعتراف کر لیں تو شاید اپنے مسائل کا حل نکال سکیں.
احمد جاوید نے کہا کہ اسلام صرف عقائد کا دین نہیں بلکہ اس میں ایک مکمل عمل کا پیکج موجود ہے جو پوری معاشرت کے ساتھ تنومند طریقے سے جڑا ہوا ہے .
بیرسٹر ظفر اللہ خان نے کہا کہ آج پوری دنیا میں اسلام کو ایک متشدد دین کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری فکری سوچ صرف عقیدے میں بند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ہن جمود کا شکار ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مسلم معاشرے انسانی حقوق، سوچ و فکر اور سائنس وٹیکنالوجی کے حوالے سے بہت پیچھے رہ گئے۔
ڈاکٹر خالد مسعود نے کہا کہ بیرسٹر ظفراللہ خان کی کتاب میں مسلم معاشروں کو در پیش جدید مسائل اور ان کا حل موجود ہے۔
خورشید ندیم نے کہا کہ انسانی حقوق اور ترقی کے بغیر مسلم سماج کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا .