کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پی ایس ایل میں فاتحانہ آغاز

روسونے 60 رنز بنا کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 136 رنز تک پہنچادیا—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
روسونے 60 رنز بنا کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 136 رنز تک پہنچادیا—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو8 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔

دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 137 رنز کے تعاقب میں جیسن روئے اور کپتان مک کولم کے جارحانہ آغاز کے باعث چھٹے اوور میں ہی نصف سنچری مکمل کی تاہم ذوالفقار بابر نے دونوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا۔

برینڈن مک کولم اور جیسن روئے کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ابتدائی 3 اوورز میں ہی 36 رنز بنے تھے جس میں روئے کا حصہ 27 رنز کا تھا۔

جیسن روئے کے آؤٹ ہوتے ہی مک کولم نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو پانچویں اوور میں 49 رنز تک پہنچا دیا تاہم وہ ذوالفقار بابر کی ایک اچھی گیند پر 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے فوری بعد نئے آنے والے بلے باز عمر اکمل صفر پر انور علی کو وکٹ دے بیٹھے۔

دورہ آسٹریلیا میں ناکام رہنے والے بلےباز محمد رضوان، پی ایس ایل کے پہلے میچ میں بھی ناکام رہے اور 5 رنز بنا کر نوجوان آل راؤنڈرحسان خان کی پہلی وکٹ بن گئے، فخر زمان اور نیوزی لینڈ کےسابق آل راؤنڈر گرانٹ ایلیٹ، قلندرز کی اننگز کو 68 رنز تک طول دے سکے۔

قلندرز کے پانچویں آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو 11 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کوئٹہ کے کھلاڑی احمد شہزاد نے گرانٹ ایلیٹ کا ایک آسان کیچ گرادیا تاہم سہیل تنویر جلد ہی محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ انھوں نے 5 رنز بنائے تھے۔

سنیل نرائن نے آتے ہی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتےہوئے قلندرز کو جیت کی امید دلائی اور دوسری طرف کھڑے ایلیٹ کے ساتھ مل کر اسکور کو 117 رنز تک پہنچادیا۔

ایلیٹ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد بلاول بھٹی بیٹنگ کے لیے جو وکٹوں کے درمیان تیز دوڑنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے تو قلندرز کی آٹھویں وکٹ گرگئی۔

ٹیمل ملز نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنیل نرائن کو بھی آؤٹ کردیا جس کے بعد قلندرز کی ہار یقینی ہوگئی تھی اور آخری اوورمیں حسان خان نے یاسر شاہ کو آؤٹ کرکے کوئٹہ کو پی ایس ایل 2017 میں اپنے پہلے میچ میں کامیابی دلا دی۔

لاہور قلندرز کی پوری ٹیم میچ کے آخری اوورز میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور میچ 8 رنز سے ہار گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ذوالفقار بابر، محمد نواز اور حسان خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اپنے ڈیبیو میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حسان خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جنوبی افریقی بلےباز رالی روسو کی نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا لیے تھے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کے خلاف پہلے اپنے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو باؤلرز کی جانب سے اچھی کارکردگی دکھانے کے باوجود بلےبازوں نے غلط ثابت کردیا۔

لاہور قلندرز کو پہلی کامیابی سہیل تنویز نے دلائی جنھوں نے احمد شہزاد کو وکٹوں کے عقب میں کیچ کرایا۔

تیزی سے رنز اسکور کرنے کی کوشش میں مایہ ناز انگلش بلے باز بھی نوجوان باؤلر محمد عرفان جونیئر کو وکٹ دے بیٹھے۔

اسد شفیق اور رلی روسو نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی لیکن پوری اننگز میں مزاحمت کرتے نظر آنے والے اسد شفیق 29 رنز بنانے کے بعد سنیل نرائن کی وکٹ بن گئے۔

ابھی گلیڈی ایٹرز اس نقصان سے سنبھلنے بھی نہ پائے تھے کہ کپتان سرفراز بھی ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ گزشتہ سال لیگ میں بہترین کارکردگی کے ذریعے قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے آل راؤنڈر محمد نواز ایک رن بنا سکے، انھیں یاسر شاہ نے رن آؤٹ کیا۔

سری لنکن بلے باز تھیسارا پریرا اور روسو کے درمیان 27 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن تھیسارا 12 رنز بنا کر یاسر شاہ کی وکٹ بن گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 6 بلےباز 89 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے تاہم نوجوان بلے باز حسان خان نے روسو کا بھر پور ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اور اس دوران روسو نے اپنی نصف سنچری مکمل کی جبکہ ٹیم کے 100 رنز بھی ہو مکمل ہوگئے۔

اسکور جب 128 رنز تک پہنچا تو حسان خان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جیسن روئے نے سہیل تنویر کی گیند پر ایک شاندار کیچ لیتے ہوئے نوجوان کھلاڑی کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

روسو 60 رنز بنا کر اننگز کے آخری اوور میں محمد عرفان جونیئر کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے گئے جبکہ عرفان اسی اوور کی آخری گیند پر ٹیمل ملز کی صورت میں کوئٹہ کی نوویں وکٹ بھی گرادی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنالیے تھے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے محمد عرفان جونیئر نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں،سہیل تنویر اور سنیل نرائن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز نے سابق کپتان اظہر علی کو میچ کیلئے میدان میں نہ اتارنے کا فیصلہ کیا۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، انور علی، محمد نواز، کیون پیٹرسن، تھسارا پریرا، تائمل ملز، حسن خان، رلی روسو اور ذوالفقار بابر۔

لاہور قلندرز: برینڈن میک کولم(کپتان)، جیسن رائے، فخر زمان، محمد رضوان، گرانٹ ایلیٹ، عمر اکمل، سنیل نارائن، یاسر شاہ، سہیل تنویر، بلاول بھٹی، محمد عرفان جونیئر۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاحی میچ کل پشاور زلمی اور دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو گیندوں قبل سات وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے