متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کہتے ہیں کہ کون بہکی بہکی باتیں کرتا ہے سب جانتے ہیں،پیپلزپارٹی عوام کو بہکانے کی ناکام کوشش کرتی ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ یا دیگر وزراء بادشاہ نہیں ہیں، انہیں جواب دینا پڑے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران میئر کراچی وسیم اختر نے کہا تھا کہ ان کے ابتدائی 100 روز میں 10 لاکھ ٹن کچرا ٹھکانے لگایا گیا۔
جس کے جواب میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی نے صرف ایک دن کام کیا وہ بھی فوٹو سیشن کے لیے باقی 99 دن صرف اختیارات کا رونا رویاجبکہ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ وسیم اختر صفائی مہم کے سارے الزامات سندھ حکومت پر ڈال رہے ہیں، وسیم اختر جب سے جیل سے آئے ہیں، تب سے ذہنی طور پر تھوڑے پریشان رہتے ہیں۔