شمالی امریکہ میں کشمیری تارکین وطن کی حال ہی میں تشکیل پانے والی تنظیم کشمیر گلوبل کونسل کے بورڈ ممبران کے لاس اینجلیس میں اجلاس کے بعد جاری کیے گے بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری تارکین وطن نے جموں کشمیر کی زمینی صورتحال ، وہاں ہورہی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، اور عوام کی ایک متحدہ آزاد جمہوری جموں کشمیر کے قیام کی سیاسی و سفارتی جدوجہد کو غیر مبہم انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلیے بین الاقوامی سطح پر ایک فعال ادارے کے قیام کی جو ضرورت محسوس ہو رہی تھی اور جس کے لیے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے طویل مدت سے صلاح مشورہ ہو رہا تھا وہ نیو یارک امریکہ میں کشمیر گلوبل کونسل کے نام سے رجسٹر ہونے والے ایڈوکیسی گروپ کی شکل میں سامنے آیا ہے۔
اس تنظیم کی ترجمان پروڈ یونیورسٹی امریکہ میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حمیرہ گوہر نے تنظیم کے قیام اور لاس اینجلیس اجلاس میں فیصلوں کی بابت اخبارات کے لیے جاری کیے گے اپنے تفصیلی بیان میں کہا ہے کہ اس ایڈووکیسی گروپ کا قیام کشمیری تارکین وطن کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے دانشوروں ، علمی درسگاہوں سے وابستہ سکالروں ، سینیر سیاسی رہنماوں ، سابق کشمیری نژاد سفارتکاروں ، تنازعہ کشمیر کو تمام پہلووں سے سمجھنے والے غیر کشمیری ماہرین کی گذشتہ آٹھ ماہ کی طویل صلاح و مشاورت کے بعد سب کی متفقہ رائے سے عمل میں لایا گیا ہے۔
ڈاکٹر حمیرہ گوہر کا کہنا ہے کہ بہ حیثیت ادارہ کشمیر گلوبل کونسل ریاست جموں کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق منقسم ریاست جموں کشمیر کی سیاسی و جغرافیائی وحدت اور آزادانہ حیثیت جو ۱۵ اگست ۱۹۴۷ کے وقت تھی اور جو برٹش انڈیا کی دو مملکتوں میں تقسیم کے بعد متاثر ہوئی کی بحالی کی جدوجہد کو عالمی سطح پر بالکل واضح اور یک زبان مانگ کے طور پیش کرے گا۔ اس مقصد کے لیے کونسل کشمیر کے اندر اور کشمیر سے باہر سب ہی مکتبہ ہاے فکر سے بات چیت اور مذاکرات کر رہا ہے ۔
ڈاکٹر حمیرہ گوہر کے مطابق اس ادارے کے قیام کے لیے ۱۳ اگست ۲۰۱۶ 2016 کو نیاگرا فال میں کشمیری تارکین وطن کے سیاسی رہنماوں جن میں کنیڈا سے فاروق صدیقی اور ، واشنگٹن سے ڈاکٹر غلام نبی فائی , ڈاکٹر خورشید گورو ، سفیر داخلی ، ڈاکٹر فاروق خان شامل ہیں، نے بھی شرکت کی اور طویل بحث مباحثہ کے بعد ایک ایسے مشترکہ ادارے کے قیام کا اصولی فیصلہ ہوا ، جس کے مقاصد میں ایک متحدہ آزاد جمہوری خوشحال جموں کشمیر کے قیام کی سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھانا شامل ہے ۔
۲۵ ستمبر کو نیو یارک میں منعقدہ میٹنگ میں تنظیم کے نام، تنظیمی ڈھانچے ، اغراض و مقاصد، اور تنظیم کو نیو یارک میں رجسٹر کرنے کا فیصلہ ہوا۔ ڈاکٹر حمیرہ نے مزید بتایا کہ تنظیم کی بابت مکمل معلومات کے لیے ویب سایٹ WWW.Kashmirglobalcouncil.com لانچ کی گی ہے اور بورڈ کے فیصلہ کی رو سے فاروق صدیقی صدر ، مفتی شوکت فاروقی نایب صدر اور الطاف قادری سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے مابین بڑھتی کشیدگی عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے اور کونسل اس ضمن میں ایک تفصیلی رپورٹ اور کونسل کی مرتب کردہ تجاویز نیویارک میں اقوام متحدہ کے سفیروں کو ارسال کرے گا۔