پاکستان: 2016 میں یومیہ 11 بچوں کا جنسی استحصال ہوا

اسلام آباد: گزشتہ برس جنسی استحصال یا تشدد کے شکار ہونے والے بچوں سے متعلق ایک رپورٹ میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ پاکستان میں یومیہ 11 بچے جنسی تشدد کا شکار ہوئے، جب کہ اس صورتحال میں مسلسل اضافہ ہوا۔

یہ بات غیر سرکاری سماجی تنظیم ’ساحل‘ کی جانب سے جاری کردہ ’2016 کے بے رحمانہ اعداد و شمار‘ نامی رپورٹ میں سامنے آئی۔

اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں رپورٹ کو پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کینیڈین ڈپٹی ہائی کمشنر اینڈریو ٹرنر نے غیر سرکاری سماجی تنظیم کی جانب سے جنسی استحصال اور تشدد کے شکار افراد کو مفت قانونی مدد فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہتے کہا کہ ہمیں اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔

ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ خصوصی طور پر میڈیا کو اس مسئلے کی طرف توجہ دینی چاہئیے اور اس معاملے کی درست رپورٹنگ کرکے متعلقہ حکام کی مدد کو یقینی بنانے میں اپنا کردا ادا کرے۔

تقریب سے خطاب کے دوران اعزازی مہمان اور ناروے کے سفارتکار ٹام مارٹیشن نے غیر سرکاری تنظیم کے کام کی تعریف کی اور کہا کہ بچوں کا جنسی استحصال ایک عالمی مسئلہ ہے اور دنیا کے تقریبا تمام ممالک اس چیلنج سے نبرد آزما ہیں، اور ہم اس حوالے سے کینیڈا کی مثال لے سکتے ہیں کہ کس طرح اس نے اس سنگین معاملے پر کنٹرول کیا۔

ٹام مارٹیشن کا کہنا تھا کہ ساحل نے اپنے قیام 1997 سے لے کر پاکستانیوں کی جانب سے بچوں کے جنسی استحصال کو اہمیت نہ دینے یا اسے کوئی مسئلہ ہی نہ سمجھنے کے خلاف جدوجہد کی، ساحل نے نچلی سطح سے کام کا آغاز کیا اور وسط مدتی منصوبے بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ناروے کے سفارتخانہ سمجھتا ہے کہ ’ساحل‘ کی جانب سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تربیت کا پروگرام ان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے سب سے تسلی بخش کام ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے